وزیراعظم کا دفتر
ہندوستان-نیوزی لینڈ وفد کی سطح کے بات چیت کے دوران وزیر اعظم کے افتتاحی کلمات کا متن
प्रविष्टि तिथि:
11 JUL 2026 9:01AM by PIB Delhi
عالی جناب،
آپ کے پُرخلوص اور دوستانہ کلمات پر میں دل کی گہرائیوں سے آپ کا بے حد شکر گزار ہوں ۔
گزشتہ شب آپ کا خود ہوائی اڈے پر میری آمد کے لیے تشریف لانا میرے لیے نہایت اعزاز اور خلوص کا مظہر تھا۔ میں اس محبت بھرے جذبے پر خصوصی طور پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اسی طرح آپ کے وزیرِ محترم بھی پوری رات میرے ساتھ رہے۔ میرے لیے یہ باعثِ مسرت ہے کہ تقریباً چالیس برس بعد کسی بھارتی وزیرِ اعظم کا نیوزی لینڈ کا دورہ ہو رہا ہے، اور آپ نے اپنےاقتصادی دارالحکومت میں اس پروگرام کا اہتمام کرکے بھارت اور نیوزی لینڈ کے تعلقات کو نئی قوت اور نئی جہت دینے کا ایک اہم موقع فراہم کیا ہے۔ اس کے لیے میں آپ کا تہہِ دل سے ممنون ہوں۔
نیوزی لینڈ کے عوام کے درمیان آکر، بھارت کے لیے ان کی محبت اور خیرسگالی کو دیکھ کر ہر شخص جذباتی ہو جاتا ہے۔ ان کی اپنائیت نے میرے دل کو بھی گہرائی سے متاثر کیا ہے، اور اس پر بھی میں آپ کا بے حد شکر گزار ہوں۔
یہ لمحہ ہمارے باہمی تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جو ہمارے روابط میں نئی توانائی اور ہماری دوستی کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔ جب آپ بھارت تشریف لائے تھے تو آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کی بنیاد رکھی گئی تھی، اور اتنے مختصر عرصے میں پورے نیوزی لینڈ نے متحد ہو کر اس معاہدے کو عملی شکل دے دی۔ شاید دنیا میں پہلی مرتبہ اتنی کم مدت میں ایسی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس کامیابی پر میں آپ کی قیادت، آپ کی حکومت اور آپ کی پوری ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد اور شکریہ پیش کرتا ہوں۔
گزشتہ برس آپ ہولی کے موقع پر بھارت آئے تھے۔ آپ کے اس دورے نے ہمارے تعلقات میں بھی نئے رنگ بھر دیے تھے، کیونکہ ہولی کے رنگ اپنی ایک منفرد اہمیت رکھتے ہیں، اور ہم نے اس کا عملی احساس بھی کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ آج ہم اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے مضبوط رشتے میں باندھنے جا رہے ہیں۔ یہ اہم پیش رفت ہمیں مزید اعتماد، عزم اور توانائی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔
عالی جناب،
جمہوری اقدار پر ہمارا پختہ یقین ہمیں فطری شراکت دار بناتا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ہم ایک دوسرے کے لیے ہی بنے ہوں۔ اسی طرح دو سمندری ممالک ہونے کے ناطے ہمارا قریبی تعاون ہند-بحرالکاہل خطے کو نئی طاقت فراہم کرتا ہے، اور امن کے مشترکہ مقاصد کے حصول میں ہمارے تعلقات ایک نئی روح پھونک سکتے ہیں۔
مجھے یقین ہے کہ میرے اس دورے سے ہمارے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، اور عالمی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں ہم مل کر اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کریں گے۔ ہم ایک ایسے محرک کے طور پر کام کر سکتے ہیں جو امن کے حق میں ہو، امن کے لیے ہو، اور امن ہی کے ذریعے دنیا کی بھلائی اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے۔
آخر میں، ایک بار پھر آپ کی پرتپاک میزبانی، خلوص بھرے استقبال اور عزت و احترام پر میں دل کی گہرائیوں سے آپ کا بے حد شکریہ ادا کرتا ہوں۔
******
ش ح۔ ف ا۔ م ر
U-NO. 9821
(रिलीज़ आईडी: 2283558)
आगंतुक पटल : 8