پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ای 20 ایک صاف ستھرا اور اعلیٰ کارکردگی والا ایندھن ہے، پرانی گاڑیوں پر سخت اور جامع آزمائش کے بعد ہی اس کے استعمال کی اجازت دی گئی: صنعتی ماہرین


ماروتی سوزوکی کا ای 20 پر مکمل اعتماد کا اظہار، سروس کی جانے والی ڈیڑھ کروڑ سے زائد پرانی گاڑیوں میں کسی بھی قسم کی خرابی یا مسئلہ سامنے نہیں آیا

प्रविष्टि तिथि: 04 JUL 2026 8:16PM by PIB Delhi

وزارتِ پیٹرولیم و قدرتی گیس نے وزارتِ بھاری صنعت اور وزارتِ سڑک نقل و حمل و شاہراہوں کے اشتراک سے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں توانائی اور آٹوموبائل شعبوں کے ممتاز ماہرین نے ای 20 ایتھنول آمیز پیٹرول پروگرام کے بارے میں ذرائع ابلاغ کو تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ پیٹرول میں ایتھنول کی آمیزش کا عمل انتہائی محتاط، سائنسی بنیادوں پر اور مرحلہ وار طریقے سے نافذ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی گاڑیوں کے مالکان کو یقین دلایا گیا کہ ای 20 ایندھن کے استعمال سے انہیں کسی بھی قسم کی تشویش لاحق ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

پریس کانفرنس سے محترمہ ورتیکا شکلا، سابق چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر، انجینئرز انڈیا لمیٹڈ (ای آئی ایل)؛ جناب وکرم گلاٹی، کنٹری ہیڈ اور ایگزیکٹو نائب صدر، ٹویوٹا کرلوسکر موٹر؛ جناب راہل بھارتی، سینئر ایگزیکٹو افسر (کارپوریٹ امور)، ماروتی سوزوکی؛ جناب آشوتوش ورما، چیف بزنس آفیسر، ہیرو موٹو کارپوریشن؛ جناب پرساد کرشنن، سینئر نائب صدر، ٹی وی ایس موٹر کمپنی؛ جناب پونیت آنند، ایسوسی ایٹ نائب صدر، ہنڈائی موٹر انڈیا؛ اور جناب منپریت سنگھ بندرا، سرکل ہیڈ (فروخت، شمال و مشرق)، اربنائٹ بزنس، بجاج آٹو لمیٹڈ نے خطاب کیا۔

ٹویوٹا کرلوسکر موٹر کے کنٹری ہیڈ اور ایگزیکٹو نائب صدر جناب وکرم گلاٹی نے کہا کہ آٹوموبائل صنعت دنیا کے اُن شعبوں میں شامل ہے جہاں ضابطہ بندی نہایت سخت ہے۔ کسی بھی گاڑی کو بازار میں متعارف کرانے سے پہلے اور بعد میں آزاد، عالمی سطح پر تسلیم شدہ اداروں کے ذریعے اس کی سخت جانچ اور تصدیق کی جاتی ہے۔ انہوں نے ایتھنول کو ایک اعلیٰ کارکردگی کا حامل، ماحول دوست اور صاف ستھرا ایندھن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا استعمال بیسویں صدی کے آغاز سے جاری ہے اور فارمولا ریسنگ میں بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ای 20 ایندھن کے نفاذ کا فیصلہ پرانی گاڑیوں پر جامع اور سخت آزمائش کے بعد ہی کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حال ہی میں قائم کیے گئے ای 85 ایندھن فراہم کرنے والے مراکز صرف فلیکس فیول گاڑیوں کے لیے ہیں، جو مستقبل کی پالیسی کی سمت کی نشاندہی کرتے ہیں۔

جانچ کرنے والے اداروں کی خودمختاری سے متعلق سوالات کے جواب میں جناب گلاٹی نے کہا کہ جانچ کے ضابطے صرف بھارت میں طے نہیں کیے جاتے، بلکہ بھارت یو این ای سی ای کا رکن ہے اور جانچ کے طریقۂ کار بین الاقوامی سطح پر معیاری اصولوں کے مطابق مقرر کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جانچ کرنے والے ادارے عالمی معیار کے مطابق تسلیم شدہ ہیں اور برآمد کی جانے والی گاڑیوں کی جانچ بھی انجام دیتے ہیں۔ ان کے مطابق ان ضابطوں اور معیارات پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔

ماروتی سوزوکی کے سینئر ایگزیکٹو افسر (کارپوریٹ امور) جناب راہل بھارتی نے صارفین کو ’’اعتماد کا پیغام‘‘ دیتے ہوئے کہا کہ ای 10 ایندھن کے لیے تیار کی گئی گاڑیوں کا ای 20 ایندھن کے ساتھ ہر پہلو سے مکمل اور سخت جانچ کیا گیا ہے، جس میں تشویش کا کوئی سبب سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران ماروتی سوزوکی نے 2.84 کروڑ گاڑیوں کی سروسنگ کی، جن میں سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد گاڑیاں تین سال سے زیادہ پرانی تھیں اور اس لیے ای 20 کے لیے باقاعدہ طور پر تصدیق شدہ (سرٹیفائیڈ) نہیں تھیں۔ اس کے باوجود عملی استعمال کے دوران ای 20 سے متعلق زنگ لگنے، گھساؤ یا پرزوں کی عمر میں کمی جیسے کسی بھی مسئلے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

مائلیج کے بارے میں جناب بھارتی نے کہا کہ ای 20 ایندھن کی حراری قدر، ای 10 کے مقابلے میں تقریباً 3 سے 3.5 فیصد کم ہے، اس لیے مائلیج پر بھی اسی حد تک معمولی اثر پڑتا ہے۔ مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی گاڑی ایک لیٹر میں 20 کلومیٹر چلتی ہے تو ای 20 کے استعمال سے اس میں تقریباً 0.6 کلومیٹر فی لیٹر کی کمی آ سکتی ہے، جبکہ ٹائروں میں ہوا کا دباؤ، گاڑی چلانے کا انداز، درست گیئر کا استعمال، رفتار بڑھانے اور کم کرنے کا طریقہ، بریک لگانے کا انداز اور بروقت دیکھ بھال جیسے عوامل مائلیج پر اس سے کہیں زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خالص پیٹرول کے مقابلے میں ایتھنول کے استعمال سے بہتر رفتار پکڑنے کی صلاحیت، اینٹی ناکنگ کارکردگی میں بہتری اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی، مائلیج میں ہونے والی اس معمولی کمی کی بھرپور تلافی کر دیتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ گاڑیوں کو ای 20 کے تقاضوں سے بھی زیادہ حفاظتی معیارات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جاتا ہے، اور اس وقت بازار میں کسی قسم کی ریٹروفٹمنٹ کِٹ دستیاب نہیں ہے، کیونکہ اس نوعیت کے تمام حل فی الحال تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) کے مرحلے تک محدود ہیں۔

انجینئرز انڈیا لمیٹڈ (ای آئی ایل) کی سابق چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ ورتیکا شکلا نے کہا کہ ایتھنول آمیزش پروگرام تمام متعلقہ فریقوں سے تفصیلی مشاورت کے بعد ترتیب دیا گیا ہے اور یہ سائنسی شواہد، آٹوموبائل صنعت کی جانب سے کی گئی وسیع پیمانے پر آزمائشوں اور عالمی بہترین طریقۂ کار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای 20 ایندھن بی آئی ایس کے معیار اور بی ایس۔VI اخراجی ضابطوں پر پورا اترتا ہے اور ملک بھر کے تمام ریٹیل فیول اسٹیشنوں پر یکساں طور پر دستیاب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے کئی ممالک گزشتہ کئی برسوں سے ایتھنول آمیز ایندھن استعمال کر رہے ہیں۔

ہیرو موٹو کارپوریشن کے چیف بزنس آفیسر جناب آشوتوش ورما نے کہا کہ دنیا کے بڑے دو پہیہ گاڑی ساز اداروں میں شامل ان کی کمپنی نے اپنی سروس سے متعلق وسیع اعداد و شمار کا تجزیہ کیا ہے، جس سے معلوم ہوا کہ ای 20 ایندھن استعمال کرنے والی گاڑیوں میں سابقہ ایندھن کے مقابلے میں نقصان یا خرابی کی شرح میں کوئی اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر ماہرین کے پینل نے ای 20 پروگرام پر صنعت کے مشترکہ اور مکمل اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صارفین کے تمام سوالات اور خدشات کا شفاف اور حقائق پر مبنی جواب دیا جاتا رہے گا۔

***

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-9559­


(रिलीज़ आईडी: 2281214) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Odia , English , Gujarati , हिन्दी , Assamese , Tamil , Telugu , Malayalam