امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 حکومت نےلیگل میٹرولوجی ایکٹ کے تحت‘ امپروومنٹ نوٹس’  کا نظام متعارف کرایا


کاروبار میں آسانی اور اعتماد پر مبنی طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے اہم اصلاح

اب ضابطہ جاتی اور طریقۂ کار سے متعلق پہلی بار ہونے والی غلطیوں پر جرمانے کی کارروائی سے قبل انہیں درست کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا

یہ اصلاح صارفین کے تحفظ کو برقرار رکھتے ہوئے ضابطہ جاتی تعمیل کے بوجھ میں کمی لائے گی

प्रविष्टि तिथि: 29 JUN 2026 10:39AM by PIB Delhi

صارفین کے امور کے محکمے نے جن وشواس (مختلف دفعات میں ترمیم) ایکٹ، 2026 کے ذریعے ِ لیگل میٹرولوجی ایکٹ 2009 کے تحت ‘امپروومنٹ نوٹس’  کا نظام متعارف کرایا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت، وہ کاروباری ادارے جو پہلی بار مخصوص ضابطہ جاتی یا طریقۂ کار سے متعلق خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوں گے، انہیں تعزیری کارروائی شروع کرنے سے قبل اپنی خامیوں کی اصلاح کا موقع دیا جائے گا۔

اس اصلاح کا مقصد رضاکارانہ تعمیل کی حوصلہ افزائی، غیر ضروری قانونی تنازعات میں کمی اور اعتماد پر مبنی ضابطہ جاتی نظام کو فروغ دے کر کاروبار میں آسانی (ایز آف ڈوئنگ بزنس) کو تقویت دینا ہے، جبکہ صارفین کے تحفظ کو بھی پوری مضبوطی کے ساتھ یقینی بنایا جائے گا۔

اہم نکات

  • لیگل میٹرولوجی ایکٹ کے تحت متعارف کرایا گیا ‘امپروومنٹ نوٹس’ کا نظام ضابطہ کار کے دائرے میں آنے والے اداروں کو مخصوص نوعیت کی پہلی بار ہونے والی ضابطہ جاتی یا طریقۂ کار کی خلاف ورزیوں کو تعزیری کارروائی سے قبل درست کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
  • اس اصلاح کا مقصد کاروبار میں آسانی (ایز آف ڈوئنگ بزنس)  کوفروغ دینا، رضاکارانہ تعمیل کی حوصلہ افزائی کرنا اور غیر ضروری قانونی تنازعات میں کمی لانا ہے۔
  • اس کا اطلاق مینوفیکچررز، درآمد کنندگان، پیکرز، ڈیلرز، مرمت کاروں، تاجروں، ایم ایس ایم ایز  اور دیگر ضابطہ کار کے تحت آنے والے اداروں پر ہوگا۔
  • دھوکہ دہی، بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں، چھیڑ چھاڑ اور صارفین کے مفادات کو نقصان پہنچانے والے دیگر اقدامات کے خلاف سخت کارروائی بدستور جاری رہے گی۔
  • اس اصلاح کا مجموعی مقصد صارفین کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے اعتماد پر مبنی طرزِ حکمرانی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

امپروومنٹ نوٹس کیا ہے؟

اگر کوئی شخص لیگل میٹرولوجی  ایکٹ کے تحت آنے والی مخصوص نوعیت کی ضابطہ جاتی یا طریقۂ کار سے متعلق پہلی بار خلاف ورزی کرتا ہے، تو لیگل میٹرولوجی کا افسر ایک ‘‘امپروومنٹ نوٹس’’ جاری کر سکتا ہے، جس میں خامیوں کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں دور کرنے کے لیے مناسب مہلت دی جائے گی۔

اگر متعلقہ ادارہ مقررہ مدت کے اندر ان خامیوں کو دور کر دے تو غیر ضروری تعزیری کارروائی اور قانونی تنازعات سے بچا جا سکتا ہے۔ تاہم، اگر امپروومنٹ نوٹس پر عمل نہ کیا جائے یا اسی نوعیت کی خلاف ورزی دوبارہ کی جائے، تو لیگل میٹرولوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

یہ نظام رضاکارانہ تعمیل کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے، قانون کے مؤثر نفاذ پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر، زیادہ سہولت فراہم کرنے والے اور اعتماد پر مبنی ضابطہ جاتی فریم ورک کی جانب ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے۔

یہ اصلاح کیوں اہم ہے؟

  • ‘امپروومنٹ نوٹس’ کا نظام زیادہ قابلِ پیش گوئی، شفاف اور کاروبار دوست ضابطہ جاتی ماحول قائم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے اہم مقاصد درج ذیل ہیں:
  • رضاکارانہ تعمیل اور بروقت خود اصلاح کی حوصلہ افزائی کرنا۔
  • کاروباری اداروں کو پہلی بار ہونے والی حقیقی ضابطہ جاتی یا طریقۂ کار کی خامیوں کو تعزیری کارروائی سے قبل درست کرنے کا موقع فراہم کرنا۔
  • ضابطہ جاتی تقاضوں سے متعلق غیر ارادی غلطیوں کے باعث پیدا ہونے والے غیر ضروری قانونی تنازعات میں کمی لانا۔
  • تعمیل پر آنے والی لاگت کم کرنا اور ضابطہ جاتی نظام میں یقین اور استحکام کو فروغ دینا۔
  • نفاذ کرنے والے حکام کو صارفین کے مفادات کو متاثر کرنے والی دانستہ اور بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں پر زیادہ مؤثر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرنا۔

امپروومنٹ نوٹس کے نظام کے تحت شامل دفعات

‘امپروومنٹ نوٹس’ کا نظام پہلی بار ہونے والی مخصوص ضابطہ جاتی اور طریقۂ کار سے متعلق خلاف ورزیوں پر لاگو ہوگا، جن کا تعلق درج ذیل امور سے ہے:

  • رجسٹریشن سے متعلق تقاضے
  • دستاویزات اور ریکارڈ کی دیکھ بھال
  • ماڈل کی منظوری
  • اوزان و پیمائش کے آلات کی تیاری، فروخت اور مرمت
  • اوزان و پیمائش کے آلات کی درآمد
  • تجارتی لین دین اور پیک شدہ اشیا
  • قانونی طور پر مطلوب معلومات اور مقررہ رپورٹس/ریٹرنز کی فراہمی

امپروومنٹ نوٹس کا نظام ِ لیگل میٹرولوجی ایکٹ کی درج ذیل دفعات پر لاگو ہوگا:

  • دفعہ 25: غیر معیاری اوزان یا پیمائش کے آلات کا استعمال
  • دفعہ 27: غیر معیاری اوزان یا پیمائش کے آلات کی تیاری یا فروخت
  • دفعہ 28: مقررہ معیارات کے برخلاف تجارتی لین دین
  • دفعہ 29: غیر معیاری اکائیوں کا حوالہ دینا یا ان کی تشہیر کرنا
  • دفعہ 31: مطلوبہ دستاویزات پیش نہ کرنا
  • دفعہ 32: ماڈل کی منظوری  حاصل نہ کرنا
  • دفعہ 34: غیر معیاری اوزان یا پیمائش کے آلات کے ذریعے اشیا کی فروخت یا سپردگی
  • دفعہ 35: غیر معیاری وزن، پیمائش یا تعداد کی بنیاد پر خدمات فراہم کرنا
  • دفعہ 36(1): غیر معیاری پیک شدہ اشیا کی فروخت
  • دفعہ 38: رجسٹریشن کے بغیر اوزان اور پیمائش کے آلات کی درآمد
  • دفعہ 39: غیر معیاری اوزان اور پیمائش کے آلات کی درآمد
  • دفعہ 41(1) اور 41(2): غلط معلومات یا غلط قانونی گوشوارے  جمع کرانا
  • دفعہ 45: رجسٹریشن کے بغیر اوزان اور پیمائش کے آلات کی تیاری
  • دفعہ 46: رجسٹریشن کے بغیر اوزان اور پیمائش کے آلات کی مرمت، فروخت یا کاروبار
  • دفعہ 47: رجسٹریشن سرٹیفکیٹ میں رد و بدل کرنا

محکمے نے واضح کیا ہے کہ ‘امپروومنٹ نوٹس’ کا نظام صارفین کے تحفظ کو کسی بھی طرح کمزور نہیں کرتا اور نہ ہی لیگل میٹرولوجی  ایکٹ کے تحت نفاذی کارروائیوں کی سختی میں کوئی کمی لاتا ہے۔ یہ نظام صرف پہلی بار ہونے والی مخصوص ضابطہ جاتی اور طریقۂ کار سے متعلق خلاف ورزیوں پر ہی لاگو ہوگا۔

‘امپروومنٹ نوٹس’ کے نظام کا نفاذ حکومت کے ‘‘کم سے کم حکومت، زیادہ سے زیادہ حکمرانی’’ کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کا مقصد اعتماد پر مبنی ضابطہ جاتی نظام کو فروغ دینا، غیر ضروری ضابطہ جاتی بوجھ میں کمی لانا، رضاکارانہ تعمیل کی حوصلہ افزائی کرنا اور ایک شفاف، قابلِ پیش گوئی اور کاروبار دوست ضابطہ جاتی ماحول قائم کرنا ہے۔ یہ اصلاح ایک متوازن نقطۂ نظر پیش کرتی ہے، جس کے تحت دیانت دار کاروباری اداروں کو ضابطوں کی تعمیل میں سہولت فراہم کی جاتی ہے، جبکہ لیگل میٹرولوجی کے نظام کی سالمیت برقرار رکھتے ہوئے صارفین کے مفادات کا بھرپور تحفظ بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔

*******

ش ح۔ش  ت ۔ رض

U-9284


(रिलीज़ आईडी: 2278808) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Bengali , Gujarati , Tamil , Kannada