وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم کا سیشلز کا سرکاری دورہ
प्रविष्टि तिथि:
28 JUN 2026 8:20PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے 27 تا 29 جون 2026 کے سرکاری دور سیشلز کے تحت، وزیر اعظم اور سیشلز کے صدر عزت مآب ڈاکٹر پیٹرک ہرمنی نے آج ماہے کے شہر وکٹوریہ میں واقع اسٹیٹ ہاؤس میں باضابطہ مذاکرات کیے۔
مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا، اور دونوں رہنماؤں نے صحت، تعلیم، صلاحیت سازی، ڈیجیٹل تبدیلی، پائیدار ترقی، سماجی بنیادی ڈھانچے، قابل تجدید توانائی، بحری سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت، بالخصوص بحر ہند کے خطے میں درپیش چیلنجوں جیسے غیر قانونی ماہی گیری، منشیات کی اسمگلنگ اور بحری قزاقی پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت کی جانب سے اعلان کردہ خصوصی اقتصادی پیکیج کے تحت منصوبوں اور اقدامات کے نفاذ میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے سیشلز کی ترقیاتی ترجیحات کی حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی و دیرپا شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے بھارت کے عزم کا اعادہ کیا۔
سرکاری مذاکرات کے بعد دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک مشترکہ یادگاری لوگو جاری کیا۔ اس کے بعد صلاحیت سازی، یو پی آئی، صحت، زراعت، شپنگ، خلائی تعاون، حوالگی ملزمان اور لائن آف کریڈٹ سے متعلق متعدد مفاہمت ناموں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔ لائن آف کریڈٹ کی مالیت 1250 کروڑ بھارتی روپے ہے۔ مفاہمت ناموں اور معاہدوں کی مکمل فہرست یہاں [لنک] پر دیکھی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ خوراکی تحفظ، بنیادی ڈھانچے، صحت، فنی تربیت، بحری سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں سیشلز کی ترقیاتی ضروریات کے لیے متعدد اعلانات بھی کیے گئے۔ ان اعلانات کی تفصیلات یہاں [لنک] پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ سیشلز نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ کولیشن فار ڈیزاسٹر ریزیلینٹ انفراسٹرکچر (سی ڈی آر آئی) میں شامل ہو رہا ہے۔
اس کے بعد دن میں وزیر اعظم نے سیشلز کی قومی اسمبلی کے ایک غیر معمولی اجلاس سے خطاب کیا اور اس طرح ایسا کرنے والے پہلے بھارتی وزیر اعظم بن گئے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے بھارت اور سیشلز کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور ان مشترکہ اقدار پر زور دیا جو دونوں ممالک کی رہنمائی کرتی ہیں، جن میں جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام پر مبنی طرزِ حکمرانی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد اور قریبی تعاون نے ترقیاتی اشتراک، بحری سلامتی، ٹیکنالوجی، اختراع، صحت اور صلاحیت سازی پر مشتمل ایک مضبوط شراکت داری کو فروغ دیا ہے۔ وزیر اعظم نے دونوں جمہوریتوں کے درمیان پارلیمانی تبادلوں کو مزید فروغ دینے کی بھی اپیل کی۔ وزیر اعظم کا مکمل خطاب یہاں [لنک] پر دیکھا جا سکتا ہے۔
سیشلز کے حزب اختلاف کے قائد عزت مآب جناب برنارڈ جارجز نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت - سیشلز دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان خصوصی دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
U: 9269
(रिलीज़ आईडी: 2278710)
आगंतुक पटल : 5