نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
بنگلورو میں نائب صدر جمہوریہ نے نڈاپربھو جناب کیمپے گوڑا کی 517ویں یومِ پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا
بنگلورو کی ’منی بھارت‘ کے طور پر شناخت، کیمپے گوڑا کے وژن کا ثبوت ہے: نائب صدر
پائیدار ترقی، سماجی ہم آہنگی اور جامع طرز حکمرانی سے متعلق کیمپے گوڑا کا وژن آج بھی جدید بھارت کے لیے مشعل راہ ہے: نائب صدر
عظیم قومیں ان لوگوں کے ذریعے تعمیر ہوتی ہیں جو اپنی زندگی سے آگے کا سوچتے ہیں: نائب صدر کا کیمپے گوڑا کے یوم پیدائش تقریبات سے خطاب
प्रविष्टि तिथि:
27 JUN 2026 7:59PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ ہند، جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج بنگلورو میں نڈاپربھو جناب کیمپے گوڑا کے 517ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کی اور بنگلورو کے بانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کیمپے گوڑا کو ایک دور اندیش منتظم، شہر ساز، ماہر ماحولیات اور سماجی مصلح قرار دیا، جن کے نظریات آج بھی پوری طرح قابلِ عمل اور مؤثر ہیں۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ جناب کیمپے گوڑا کو محض ایک حکمران کے طور پر نہیں بلکہ ایک ایسے رہنما کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جس نے عوام کی فلاح و بہبود کے وژن کے ساتھ حکمرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ کیمپے گوڑا نے ایک ایسے جامع شہر کا تصور پیش کیا تھا جہاں کسان، تاجر، دستکار، علماء اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک ساتھ رہ سکیں اور ترقی کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور کا بنگلورو واقعی اُس وژن کی عکاسی کرتا ہے اور ایک “منی بھارت” کے طور پر سامنے آتا ہے۔

جناب سی پی رادھا کرشنن نے کیمپے گوڑا کی غیر معمولی دور اندیشی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے منظم شہری ترقی کی بنیاد اچھی منصوبہ بندی والے بازاروں، محلّوں، آبی نظام اور عوامی مقامات کے ذریعے رکھی۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ کیمپے گوڑا کی جھیلوں اور آبی گزرگاہوں کا باہم مربوط نظام، بڑے پیمانے پر شجرکاری کے ساتھ مل کر، پائیدار ترقی سے متعلق بھارت کی قدیم دانش کی عکاسی کرتا ہے اور آج کے مسائل، جیسے پانی کی قلت اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اہم سبق فراہم کرتا ہے۔

نائب صدر نے کیمپے گوڑا کے سماجی اصلاحات، ثقافتی ہم آہنگی اور انسانی وقار کے لیے عزم کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کیمپے گوڑا کی جڑیں گہری طور پر کنڑ ثقافت میں پیوست تھیں، تاہم انہوں نے لسانی اور ثقافتی تنوع کو اپنایا اور اس بات پر یقین رکھا کہ ایک عظیم شہر کو تعلیم، ثقافت اور اخلاقی اقدار کی پرورش کرنی چاہیے۔

یہ ذکر کرتے ہوئے کہ بنگلورو بھارت کے ٹیکنالوجی اور اختراعات کے دارالحکومت کے طور پر ابھرا ہے، جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ اس کی کامیابی ان مضبوط بنیادوں پر قائم ہے جو تقریباً پانچ صدی قبل کیمپے گوڑا نے رکھی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طویل مدتی منصوبہ بندی، پائیدار ترقی اور ادارہ سازی سے متعلق کیمپے گوڑا کے نظریات آج بھی وکست بھارت کے وژن کی جانب بھارت کے سفر کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

نوجوانوں سے کیمپے گوڑا کی زندگی سے تحریک حاصل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے نائب صدر نے ان پر زور دیا کہ وہ معاشرے اور ملک کی تعمیر میں بامعنی کردار ادا کریں۔ انہوں نے پانی کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا اور ملک بھر کے کسانوں کے فائدے کے لیے آبی وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنانے کی غرض سے دریاؤں کو آپس میں جوڑنے کی وکالت کی۔
اس موقع پر موجود معزز شخصیات میں کرناٹک کے گورنر جناب تھاور چند گہلوت؛ بھاری صنعتوں و فولاد کے مرکزی وزیر جناب ایچ ڈی کماراسوامی؛ مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے و جل شکتی جناب وی سومنا؛ کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد جناب آر اشوکا؛ کرناٹک کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور ایم ایل اے ڈاکٹر سی این اشوتھ نارائن؛ ڈاکٹر نرملا نندناتھ مہاسوامی جی؛ نڈاپربھو جناب کیمپے گوڑا فاؤنڈیشن کے صدر پروفیسر ایم کرشن گوڑا اور جناب بسوامورتی مادرا چنیاہ سوامی جی شامل تھے۔
***
ش ح۔ ف ش ع
U: 9252
(रिलीज़ आईडी: 2278542)
आगंतुक पटल : 6