صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیرِ صحت جناب جے پی نڈا 29 جون 2026 کو ’آروگیہ سیتو 2.0‘ اور صحت کے شعبے سے متعلق دیگر ڈیجیٹل اقدامات کا آغاز کریں گے


’آیوشمان سارتھی‘ چیٹ بوٹ، آیوشمان ایپ، ای۔سشروت کلینک، این ایچ سی ایکس، انشورنس پلان ایف ایچ آئی آر آبجیکٹ اور صحت کے معیارات بھارت کے صحت سے متعلق ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنائیں گے

نئے ڈیجیٹل اقدامات صحت کی خدمات کو زیادہ قابلِ رسائی، باہم مربوط اور مؤثر بنائیں گے

شہریوں پر مرکوز ٹیکنالوجیوں اور باہم مربوط صحتی نیٹ ورکس کے ذریعے بھارت کے صحت سے متعلق ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے

صحت کے ریکارڈ سے لے کر صحت بیمہ کے دعووں تک، نئے ڈیجیٹل اقدامات صحت کی خدمات کی فراہمی میں انقلابی تبدیلی لائیں گے

प्रविष्टि तिथि: 27 JUN 2026 11:23AM by PIB Delhi

بھارت کے ڈیجیٹل صحتی نظام کو مزید مستحکم بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پر مرکزی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود اور کیمیا و کھاد، جناب جگت پرکاش نڈا، پیر 29 جون 2026 کو وگیان بھون، نئی دہلی میں صحت کے شعبے سے متعلق متعدد ڈیجیٹل اقدامات کا آغاز کریں گے۔ قومی صحت اتھارٹی (این ایچ اے) اور الیکٹرانک ہیلتھ ریکارڈ (ای ایچ آر) معیارات کے قومی وسائل مرکز (این آر سی ای ایس) کی سرپرستی میں تیار کیے گئے ان اقدامات کا مقصد صحت کی خدمات تک رسائی کو وسعت دینا، مختلف نظاموں کے باہمی ربط (انٹرآپریبلٹی) کو مضبوط بنانا اور ملک بھر میں صحت کے لیے ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کو تیزی سے فروغ دینا ہے۔

افتتاحی تقریب میں ریاستوں کے نمائندے، مرکزی حکومت کے سینئر افسران، صحت کے شعبے کے قائدین، ٹیکنالوجی شراکت دار، صنعت کے نمائندے اور صحت کے شعبے سے وابستہ دیگر اہم فریق شریک ہوں گے۔ یہ تقریب بھارت میں ایک مربوط اور باہم مربوط صحتی نظام کی تعمیر کے سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

جن ڈیجیٹل اقدامات کا آغاز کیا جا رہا ہے، ان میں شہریوں کے لیے موبائل ایپلی کیشنز، صحت خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے ڈیجیٹل حل، باہمی ربط کے فریم ورک، رجسٹریاں اور ڈیٹا کے معیارات شامل ہیں۔ ان اقدامات سے صحت کے پورے نظام میں رسائی، کارکردگی اور مختلف نظاموں کے درمیان باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا، جس کا فائدہ شہریوں، صحت خدمات فراہم کرنے والوں، بیمہ اداروں، ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت لانے والوں اور پالیسی سازوں سب کو پہنچے گا۔

اہم اقدامات میں آروگیہ سیتو 2.0 بھی شامل ہے، جو شہریوں کے لیے ذاتی صحتی ریکارڈ (پی ایچ آر) کی ایک جامع ایپلی کیشن ہے۔ کووڈ-19 وبا کے دوران حاصل ہونے والے اعتماد اور وسیع استعمال کی بنیاد پر اس ایپ کو نئے انداز میں تیار کیا گیا ہے، جو ایک ہی پلیٹ فارم پر متعدد ڈیجیٹل صحتی خدمات تک رسائی فراہم کرتی ہے۔

یہ ایپ آبھا (آیوشمان بھارت ہیلتھ اکاؤنٹ) بنانے اور اس کا انتظام کرنے، ڈیجیٹل صحتی ریکارڈ تک رسائی اور ان کے اشتراک، مریض کی رضامندی پر مبنی صحتی معلومات کے تبادلے، مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ صحتی تجزیوں اور اسمارٹ صحتی رپورٹوں، پہننے کے قابل ڈیجیٹل آلات (ویئرایبل ڈیوائسز) سے ربط، اسکین اینڈ رجسٹر کے ذریعے او پی ڈی رجسٹریشن، اسکین اینڈ پے کے ذریعے اسپتالی ادائیگی، ادویات کے استعمال کی یاددہانی اور خاندان کے صحتی ریکارڈ کے انتظام جیسی سہولتیں فراہم کرتی ہے۔

اس کے علاوہ، یہ ایپ قریبی صحت مراکز اور ڈاکٹروں کی تلاش، ایمبولینس خدمات، خون کے دستیاب ذخیرے کے ساتھ بلڈ بینکوں اور جن اوشدھی کیندروں کی معلومات بھی فراہم کرتی ہے۔

مزید برآں، اس ایپ کے ذریعے پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (پی ایم-جے اے وائی) سے متعلق خدمات بھی دستیاب ہوں گی، جن میں پی ایم-جے اے وائی سے منظور شدہ اسپتالوں کی تلاش، اے بی پی ایم-جے اے وائی والیٹ تک رسائی، آیوشمان سی اے پی ایف پالیسی کی تفصیلات اور دیگر صحتی خدمات تک بآسانی رسائی شامل ہے۔

جدید آیوشمان ایپ بھی آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اے بی پی ایم-جے اے وائی) کے مستفیدین کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔ اس اپ گریڈ شدہ ایپ کے ذریعے مستفیدین اسکیم سے متعلق ضروری خدمات، جیسے اہلیت کی جانچ، آیوشمان کارڈ سے متعلق سہولتیں، علاج کی سابقہ تفصیلات، منظور شدہ اسپتالوں کی تلاش، شکایات کے ازالے اور مستفیدین کی معاونت جیسی خدمات سے بآسانی استفادہ کر سکیں گے۔

ایک اور اہم اقدام آیوشمان سارتھی ہے، جو آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے مستفیدین کے لیے واٹس ایپ چیٹ بوٹ ہے۔ سادہ مکالماتی انداز پر مبنی یہ چیٹ بوٹ شہریوں کو پی ایم-جے اے وائی سے متعلق اہم خدمات تک آسان رسائی فراہم کرے گا، جس سے خدمات کی دستیابی میں اضافہ ہوگا اور آخری مرحلے تک مؤثر خدمات کی فراہمی کو مزید تقویت ملے گی۔

شہریوں کے لیے تیار کردہ ایپلی کیشنز کے علاوہ، مرکزی وزیرِ صحت جناب جے پی نڈا صحت کے پورے نظام میں صحتی خدمات کی فراہمی، بیمہ دعووں کی کارروائی، معیاری نظام کے فروغ اور اختراعات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے متعدد ڈیجیٹل صحتی اور باہمی ربط (انٹرآپریبلٹی) سے متعلق اقدامات بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔

نیشنل ہیلتھ کلیمز ایکسچینج (این ایچ سی ایکس)، جو صحت سے متعلق بیمہ دعووں کی تیز، مؤثر اور ہموار کارروائی کے لیے ایک ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ ہے، سرکاری اور نجی صحت بیمہ پروگراموں کے تحت خدمات فراہم کرنے والے اداروں اور ادائیگی کرنے والے اداروں کے درمیان صحت بیمہ دعووں سے متعلق معلومات کے معیاری تبادلے کو ممکن بنائے گا۔ اس سے انتظامی بوجھ میں کمی آئے گی اور دعووں کی کارروائی زیادہ تیز اور مؤثر انداز میں انجام دی جا سکے گی۔

صحت بیمہ دعووں کے نظام میں باہمی ربط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قومی صحت اتھارٹی (این ایچ اے) ایک ایسی سہولت متعارف کرائے گی، جو بیمہ فراہم کرنے والے اداروں کے بیمہ منصوبوں کو معیاری ایف ایچ آئی آر بنڈلز میں تبدیل کرے گی۔ اس کے ذریعے مختلف بیمہ اداروں کے منصوبوں کی معلومات یکساں، درست اور غلطیوں سے پاک انداز میں تیار کی جا سکیں گی، جس سے یکسانیت میں اضافہ، دستی محنت میں کمی اور صحت بیمہ دعووں کی کارروائی مزید مؤثر ہوگی۔

صحتی خدمات تک رسائی کو ایک کھلے اور باہم مربوط نیٹ ورک کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کے لیے یونائیفائیڈ ہیلتھ انٹرفیس (یو ایچ آئی) بھی قوم کے نام وقف کیا جائے گا۔ یو ایچ آئی مختلف ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کو ایک مشترکہ اور باہم مربوط فریم ورک کے ذریعے شہریوں کو صحتی خدمات فراہم کرنے والے اداروں سے جوڑنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس کے نتیجے میں صحتی خدمات کی تلاش اور ان تک رسائی مزید آسان ہو جاتی ہے۔

صحتی خدمات فراہم کرنے والے اداروں میں ڈیجیٹل صحتی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ای۔سشروت کلینک متعارف کرایا جائے گا، جو ایک پلگ اینڈ پلے کلینک مینجمنٹ حل ہے۔ اس کے ذریعے صحتی خدمات فراہم کرنے والے ادارے اپنے طبی امور کو ڈیجیٹل شکل دے سکیں گے، الیکٹرانک صحتی ریکارڈ محفوظ رکھ سکیں گے اور آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کے نظام سے بآسانی مربوط ہو سکیں گے۔ توقع ہے کہ یہ پلیٹ فارم صحتی مراکز کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اپنانے اور مریضوں کو زیادہ مؤثر اور معیاری خدمات فراہم کرنے میں مدد دے گا۔

اسی موقع پر ڈرگ رجسٹری کا بھی آغاز کیا جائے گا، جس کا مقصد صحت کے پورے نظام میں ادویات سے متعلق معلومات کو یکساں اور معیاری بنانا ہے۔ مختلف ڈیجیٹل صحتی ایپلی کیشنز میں ادویات کے لیے یکساں کوڈنگ کا نظام متعارف کرانے سے نسخہ نویسی، ادویات کی فراہمی اور صحتی معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا، جبکہ مختلف صحتی نظاموں کے درمیان باہمی ربط بھی مضبوط ہوگا۔

اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ مختلف ڈیجیٹل نظاموں کے درمیان مؤثر باہمی ربط مشترکہ معیارات اور یکساں اصطلاحات پر منحصر ہوتا ہے، حکومت کامن ایل او آئی این سی کوڈز فار انڈیا (سی ایل سی آئی) کا اجرا کرے گی۔ الیکٹرانک ہیلتھ ریکارڈ معیارات کے قومی وسائل مرکز (این آر سی ای ایس) کی جانب سے تیار کیا گیا یہ نظام بین الاقوامی لیبارٹری معیارات کا ایسا قومی مجموعہ ہے، جسے بھارتی صحتی ضروریات کے مطابق مرتب کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے لیبارٹری معائنوں اور تشخیصی معلومات کو معیاری انداز میں پیش کرنا ممکن ہوگا، جس سے اسپتالوں، لیبارٹریوں اور ڈیجیٹل صحتی پلیٹ فارمز کے درمیان معلومات کا بلا رکاوٹ تبادلہ ممکن ہوگا، جبکہ معلومات کے معیار، یکسانیت اور طبی فیصلوں کی درستگی میں بھی بہتری آئے گی۔

ان کوششوں کو مزید تقویت دینے کے لیے بھارت ہیلتھ ٹرمینولوجی سروس (بی ایچ ٹی ایس) بھی متعارف کرائی جائے گی، جسے بھی این آر سی ای ایس نے تیار کیا ہے۔ یہ نظام صحت کے شعبے میں استعمال ہونے والی معیاری اصطلاحات، کوڈ سسٹمز اور ویلیو سیٹس تک رسائی فراہم کرے گا، تاکہ مختلف ڈیجیٹل صحتی نظاموں کے درمیان صحتی معلومات کی یکساں تشریح اور مؤثر تبادلے کے ذریعے معنوی باہمی ربط کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈرگ رجسٹری، سی ایل سی آئی اور بی ایچ ٹی ایس مل کر بھارت میں ڈیجیٹل صحتی خدمات کے لیے ایک مشترکہ زبان کی بنیاد رکھیں گے، جس کے ذریعے صحتی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، لیبارٹریاں، بیمہ کمپنیاں اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارم صحتی معلومات کا بلا رکاوٹ تبادلہ اور یکساں تشریح کر سکیں گے۔

توقع ہے کہ یہ تمام اقدامات باہمی ربط، معیاری نظام اور صحتی معلومات کے ہموار تبادلے کو فروغ دے کر بھارت کے صحت سے متعلق ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ زیادہ مربوط، مؤثر اور باہم منسلک صحتی خدمات کی فراہمی کے ذریعے یہ اقدامات حکومت کے اس ویژن کو تقویت دیں گے، جس کے تحت ہر شہری کو آسانی سے دستیاب، کم خرچ اور سب کے لیے مساوی صحتی خدمات فراہم کرنا مقصود ہے۔

آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (اے بی ڈی ایم) کے بارے میں

آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کا مقصد ملک میں ایک مربوط ڈیجیٹل صحتی بنیادی ڈھانچے کے لیے ضروری بنیاد فراہم کرنا ہے۔ یہ مشن ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے صحت کے شعبے سے وابستہ تمام فریقوں کے درمیان موجود خلا کو پُر کرنے کی کوشش کرتا ہے، تاکہ ہر شہری کو آسان، کم خرچ، مؤثر اور معیاری صحتی خدمات میسر آ سکیں۔

مزید معلومات کے لیے آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں:https://abdm.gov.in/

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-9235


(रिलीज़ आईडी: 2278360) आगंतुक पटल : 17
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Marathi , हिन्दी , Bengali , Tamil , Telugu , Kannada