صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
وزارتِ صحت و خاندانی بہبود نے درآمدی ادویات کی باقی ماندہ مدتِ استعمال (شیلف لائف) سے متعلق ضابطے کو معقول بنانے کے لیے مجوزہ ترمیم پر عوام سے آرا طلب کر لیں
مجوزہ ترمیم کا مقصد معیاری ادویات کی مناسب مدتِ استعمال کو یقینی بناتے ہوئے کاروبار میں آسانی کو فروغ دینا ہے
प्रविष्टि तिथि:
26 JUN 2026 10:22AM by PIB Delhi
مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود نے ادویات کے قواعد، 1945 کے قاعدہ 31 میں ترمیم کے لیے ایک مسودۂ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کا مقصد درآمدی ادویات کے لیے باقی ماندہ مدتِ استعمال کی شرط کو معقول بنانا اور دواسازی کے شعبے میں کاروبار میں آسانی کو مزید فروغ دینا ہے۔
22 جون 2026 کے گزٹ نوٹیفکیشن جی۔ایس۔آر. 505(ای) کے ذریعے عوامی مشاورت کے لیے جاری کیے گئے اس مسودے میں تجویز دی گئی ہے کہ درآمدی ادویات کے لیے موجودہ شرط، جس کے مطابق درآمد کے وقت دوا کی باقی ماندہ مدتِ استعمال مجموعی مدت کا 60 فیصد سے زیادہ ہونا ضروری ہے، اسے تبدیل کرکے کم از کم 12 ماہ کر دیا جائے۔ تاہم حیاتیاتی ادویات اور تابکار دواسازی کی مصنوعات کی خصوصی نوعیت اور عوامی صحت کے تقاضوں کے پیشِ نظر ان کے لیے 60 فیصد سے زیادہ باقی ماندہ مدتِ استعمال کی موجودہ شرط برقرار رہے گی۔
اس مجوزہ ترمیم کا مقصد دواسازی کی سپلائی چین کو زیادہ مؤثر بنانا ہے، جبکہ مریضوں کے لیے معیاری ادویات کی مسلسل دستیابی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ اس تجویز کے مطابق درآمد کے وقت ادویات کی کم از کم 12 ماہ کی باقی ماندہ مدتِ استعمال اس امر کو یقینی بنائے گی کہ ان کی تقسیم اور استعمال میعاد ختم ہونے سے پہلے مناسب مدت میں ہو سکے اور مریضوں کو قابلِ استعمال مدت رکھنے والی معیاری ادویات دستیاب رہیں۔
یہ ترمیم سپلائی چین میں دواسازی کے ذخائر کے بہتر استعمال میں بھی معاون ثابت ہوگی، کیونکہ باقی ماندہ مدتِ استعمال کی سخت شرائط کے باعث ادویات کے غیر ضروری ضیاں میں کمی آئے گی۔ اس کے نتیجے میں سپلائی کا انتظام مزید مؤثر ہوگا، اخراجات میں کمی آئے گی اور ملک میں ضروری ادویات کی دستیابی مزید مستحکم ہوگی۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ یہ مجوزہ ترمیم صرف درآمد کے وقت ادویات پر لاگو باقی ماندہ مدتِ استعمال کی شرط سے متعلق ہے۔ اس تجویز سے ادویات و کاسمیٹکس ایکٹ، 1940 اور ادویات کے قواعد، 1945 کے تحت ادویات کے معیار، تحفظ یا افادیت سے متعلق دیگر کسی بھی ضابطہ جاتی تقاضے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ہے۔
وزارت نے اس مسودۂ نوٹیفکیشن پر تمام متعلقہ فریقوں سے اعتراضات اور تجاویز طلب کی ہیں۔ مقررہ مدت کے اندر اپنی آرا انڈر سیکریٹری (ادویات)، وزارتِ صحت و خاندانی بہبود، حکومتِ ہند، یو-6، ورک ہال، سی وِنگ، پہلی منزل، کرتویہ بھون-1، نئی دہلی – 110001 کو ارسال کی جا سکتی ہیں، یا ای میل drugsdiv-mohfw[at]gov[dot]in پر بھی بھیجی جا سکتی ہیں۔
مسودۂ گزٹ نوٹیفکیشن درج ذیل ربط پر دستیاب ہے: https://egazette.gov.in/WriteReadData/2026/273833.pdf
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-9211
(रिलीज़ आईडी: 2278106)
आगंतुक पटल : 14