کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

سفیر جیمیسن گریر نے دو طرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت کے لیے بھارت میں امریکی وفد کی قیادت کی

प्रविष्टि तिथि: 24 JUN 2026 3:43PM by PIB Delhi

امریکہ کے ٹریڈ ریپریزنٹیٹوامبیسڈر جیمیسن گریر نے ایک سرکاری امریکی وفد کی قیادت کرتے ہوئے 22 سے 24 جون 2026 تک نئی دہلی کا دورہ کیا۔ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک متوازن اور باہمی طور پر فائدہ مند ’بھارت-امریکہ دو طرفہ تجارتی معاہدے‘ (بی ٹی اے) کو آگے بڑھانے اور 7 فروری 2026 کے مشترکہ بیان کے عین مطابق ایک عبوری (انٹرم) معاہدے کو حتمی شکل دینے کی جاری کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

سفیر گریر نے مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل کے ساتھ کئی دور کے مذاکرات کیے۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تجارتی معاہدے (بی ٹی اے) کے بنیادی نکات کا تفصیلی جائزہ لیا، جس میں مارکیٹ تک بہتر رسائی، ڈیجیٹل تجارت، سپلائی چین کی مضبوطی، غیر ٹیرف رکاوٹوں (نان ٹیرف بیریئرز) میں کمی اور تزویراتی (اسٹریٹجک) شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا شامل ہے۔

دونوں فریقوں نے حالیہ مہینوں میں مذاکرات کار ٹیموں کی طرف سے ہونے والی نمایاں پیش رفت کو سراہا اور یکے بعد دیگرے ہونے والی تکنیکی و وزارتی سطح کی ملاقاتوں سے پیدا ہونے والے تسلسل کا خیرمقدم کیا۔ بات چیت کا بنیادی محور ایک جامع تجارتی معاہدے کی طرف بڑھنے کے لیے ایک عبوری معاہدے کو حتمی شکل دینے کے راستے تلاش کرنا تھا۔ دونوں فریقوں نے ایک ایسے معاہدے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا جو متوازن اور تجارتی لحاظ سے سودمند ہو اور جس کے ٹھوس فوائد دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، کسانوں، ملازمین اور صارفین تک پہنچیں۔

عالمی تجارت کے بدلتے ہوئے منظر نامے میں بھارت-امریکہ اقتصادی شراکت داری کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں فریقوں نے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے، جدت طرازی (انوویشن) کو فروغ دینے اور مضبوط و قابلِ اعتماد سپلائی چینز بنانے کے اپنے مشترکہ ہدف کو دہرایا۔

دونوں فریقوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جاری مذاکرات سے اقتصادی تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور ’بھارت-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری‘ کو مزید تقویت ملے گی۔

 

***

ش ح۔م م    ۔ ع د

U-No. 9133


(रिलीज़ आईडी: 2277439) आगंतुक पटल : 16
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Marathi , हिन्दी , Gujarati , Malayalam