وزارتِ تعلیم
مرکزی وزیرِ تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے نیٹ یو جی کے دوبارہ انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی
جناب دھرمیندر پردھان نے امتحانی عمل میں اعلیٰ ترین شفافیت، دیانت داری اور کارکردگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا
وزارتِ تعلیم، ریاستی حکومتوں، این ٹی اے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اعلیٰ حکام اور عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی
प्रविष्टि तिथि:
18 JUN 2026 2:00PM by PIB Delhi
مرکزی وزیرِ تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے آج وزارتِ تعلیم، ریاستی حکومتوں، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اعلیٰ حکام اور عہدیداروں کے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس کا مقصد 21 جون 2026 کو ہونے والے نیٹ یو جی کے دوبارہ امتحان (ری-ایگزامینیشن) کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں محکمہ اسکولی تعلیم اور خواندگی کے سکریٹری جناب سنجے کمار، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری جناب وِکاس جوشی اور این ٹی اےکے ڈائریکٹر جنرل جناب ابھیشیک سنگھ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب دھرمیندر پردھان نے امتحانی عمل میں اعلیٰ ترین شفافیت، دیانت داری اورحسن کارکردگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور تمام متعلقہ حکام کو پوری طرح چوکس اور تیار رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ دوبارہ امتحان کو پرامن اور شفاف طریقے سے کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات موجود ہوں۔
تمام سطحوں پر باہمی تال میل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیرِ موصوف نے بتایا کہ وزارت کی طرف سے نامزد کردہ افسران دوبارہ امتحان کے عمل سے متعلق سرگرمیوں کو سنبھالنے کے لیے تمام ریاستوں کا دورہ کریں گے اور ڈی جی، این ٹی اے کی سربراہی میں قائم کمانڈ سینٹر کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ، وزیرِ موصوف نے ریاستی حکومتوں کے نامزد کردہ نوڈل افسران کو ہدایت کی کہ وہ طلبہ کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنا یقینی بنائیں تاکہ وہ پرسکون اور ذہنی دباؤ سے پاک ماحول میں دوبارہ امتحان دے سکیں۔

محکمہ اسکولی تعلیم اور خواندگی کے سکریٹری جناب سنجے کمار نے کہا کہ طلبہ کو امتحان دینے کے لیے ہر ممکنہ طور پر پرسکون ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔ اس کے لیے انہیں تمام ضروری سہولیات دی جائیں، جن میں امتحان شروع ہونے سے پہلے ہی بیٹھنے کے مناسب انتظامات اور پینے کا پانی شامل ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں کے نوڈل افسران سے درخواست کی کہ وہ اس سلسلے میں تمام ضروری اور ٹھوس اقدامات کو یقینی بنائیں۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری جناب ونیت جوشی نے کہا کہ اب سے لے کر دوبارہ امتحان کی تاریخ تک کا وقت انتہائی اہم ہے؛ انہوں نے پہلے سے فعال تال میل (پروایکٹو کوآرڈینیشن)، ہدایات کی بروقت تشہیر اور تمام طے شدہ پروٹوکولز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

این ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل جناب ابھیشیک سنگھ نے کہا کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی ضلع مجسٹریٹوں کی سربراہی میں قائم ضلعی رابطہ کمیٹیوں، ریاستی پولیس کے محکموں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ دوبارہ امتحان کا پرامن اور احسن طریقہ سے انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران امتحان کی تیاریوں، باہمی تال میل کے طریقہ کار، سکیورٹی قوانین (پروٹوکولز)، لاجسٹک انتظامات، شکایات کے ازالے کے نظام اور امتحانی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے جیسے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ دوبارہ امتحان کو شفاف، پرامن اور بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کرانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں۔
اس اجلاس میں، جو کہ ہائبرڈ موڈ میں منعقد ہوا، کل 222 شرکا نے حصہ لیا۔ ملک بھر کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے اعلیٰ حکام، مرکزی امداد یافتہ اداروں کے نوڈل افسران، وائس چانسلروں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ڈائریکٹروں نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔ انہوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ امتحان کے پرامن انعقاد اور امیدواروں کو کسی بھی پریشانی کے بغیر ایک آسان تجربہ فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
*****
ش ح ۔ م م ، ج
UNO-8812
(रिलीज़ आईडी: 2274597)
आगंतुक पटल : 17