نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
وکست بھارت یوتھ پارلیمنٹ 2026 کے قومی سطح کے اجلاس کا آغاز وکست بھارت @2047 کے وژن پر منتخب نوجوان نمائندوں کے خیالات اور نقطۂ نظر سے ہوا
لوک سبھا کے اسپیکر، جناب اوم برلا نے کہاکہ‘‘بھارت کا نوجوان وکست بھارت کے ہدف کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سب سے بڑی قوت ثابت ہو رہے ہیں’’
مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈاویا نے کہاکہ‘‘جنریشن زی جوش، جذبے اور توانائی کی علامت ہے؛ اس کے خیالات اور توانائی کو قوم کی تعمیر و ترقی کی سمت میں مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جانا چاہیے’’
प्रविष्टि तिथि:
16 JUN 2026 2:29PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے وکست بھارت یوتھ پارلیمنٹ 2026 کی قومی سطح کی تقریب کا سمویدھان سدن کے سنٹرل ہال میں افتتاح کیا۔اس پروگرام کا انعقاد نوجوانوں کے امور و کھیل اور محنت او رروزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈاویا کی قیادت میں کیا جا رہا ہے، جنہوں نے اس موقع پرتقریب میں شرکت بھی کی۔اس تقریب میں نوجوانوں کے امور کے محکمہ کی سکریٹری پلوی جین گوول بھی موجود تھیں۔
اس تقریب میں ملک بھر کی 757 جامعات اور تعلیمی اداروں سے منتخب نوجوان نمائندوں نے شرکت کی، جنہوں نے وکست بھارت @2047 کے وژن کے حوالے سے اپنے خیالات، تجاویز اور نظریات پیش کیے۔

لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے ملک کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ 2047 تک وکست بھارت کے وژن کو حقیقت میں بدلنے میں قائدانہ کردار ادا کریں۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے نوجوان بلند حوصلوں، بڑے خوابوں اور ترقی کی امنگوں سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ‘‘بھارت کے نوجوان ایک ترقی یافتہ قوم کے مستقبل کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔’’ ان کے عزم، اختراعی سوچ اور قائدانہ صلاحیتیں 2047 کے بھارت کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ‘‘آنے والے برسوں میں بھارت کے نوجوان سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع کے میدان میں دنیا کی قیادت کریں گے۔ آج پوری دنیا بھارت کے نوجوانوں کو امید، اعتماد اور مستقبل کے امکانات کی علامت کے طور پر دیکھتی ہے۔’’وکست بھارت کے وژن کی مجموعی نوعیت پر زور دیتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کا خواب کسی ایک فرد، ادارے یا حکومت کی خواہش نہیں، بلکہ 140 کروڑ بھارتیوں کا مشترکہ قومی عزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2047 تک اس ہدف کے حصول کی سب سے بڑی ذمہ داری آج کے نوجوانوں کے کندھوں پر ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہمارے نوجوانوں کی توانائی، اختراعی صلاحیت، جرأت اور پختہ عزم ہی ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی سب سے مضبوط قوت ثابت ہوں گے۔

نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈاویا نے بھی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قوم کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے انقلابی کردار پر روشنی ڈالی۔شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ سب نے ایک سخت اور مسابقتی انتخابی عمل سے گزر کر یہاں اپنی جگہ بنائی ہے، اور یہ آپ کی خوش نصیبی ہے کہ آپ کو لوک سبھا کے معزز اسپیکر کے سامنے اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع ملا ہے۔
ڈاکٹر منسکھ مانڈاویا نے وکست بھارت کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 2047 تک، جب ملک اپنی آزادی کے 100 سال مکمل کرے گا، بھارت کو ایک ترقی یافتہ قوم بنانے کا تصور پیش کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس قومی ہدف کو حاصل کرنے میں فعال کردار ادا کریں۔ بھارت کی آبادیاتی قوت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘‘یہ آبادیاتی برتری ہماری طاقت اور ہماری قوت ہے۔ نوجوان صرف ہمارا مستقبل ہی نہیں بلکہ ہمارے مسائل کا حل بھی ہیں۔’’وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت کی تقریباً 65 فیصد آبادی کی عمر 35 سال سے کم ہے، اور اگر نوجوان اجتماعی عزم کے ساتھ آگے بڑھیں تو ملک کو درپیش ہر چیلنج کا مؤثر حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر مانڈاویا نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمیشہ بھارت کے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور قبائلی علاقوں، ساحلی خطوں اور شمال مشرقی ریاستوں سمیت مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ نوجوان قائدین تیار کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ‘‘وزیر اعظم نے کہا ہے کہ قوم کی تعمیر میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے ایسے ایک لاکھ نوجوان قائدین تیار کیے جائیں اور نوجوانوں کے امور کی وزارت نے یہ ذمہ داری لی ہے۔’’
ڈاکٹر مانڈاویا نے ‘مائی بھارت’ کے تحت نوجوانوں کی قیادت میں جاری مختلف اقدامات کے بڑھتے ہوئے اثرات پر بھی روشنی ڈالی، جن میں وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ(نوجوان لیڈرز مذاکرات)، وائبرنٹ ولیج پروگرام(درخشاں گاؤں پروگرام)، وکست بھارت بجٹ کوئز، یووا کنیکٹ (نوجوانوں کو جوڑنے سے متعلق اقدامات) اور تجرباتی تعلیمی پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نوجوانوں کو حکمرانی، سماجی خدمت اور قوم کی تعمیر کے عمل میں فعال طور پر شریک ہونے کی ترغیب دیتے ہیں۔

جنریشن زی کے جوش و جذبے کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر مانڈاویا نے کہا کہ‘‘نوجوانوں کی توانائی، جوش و جذبہ اور خیالات کو وکست بھارت کی تعمیر کی سمت میں مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جانا چاہیے۔’’انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یوتھ پارلیمنٹ جیسے پلیٹ فارم مستقبل کے قائدین کو سیکھنے، مباحثے میں حصہ لینے، جمہوری عمل سے وابستہ ہونے اور ملک کی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے قیمتی مواقع فراہم کرتے ہیں۔
اس موقع پر لوک سبھا کے سکریٹری جنرل، جناب اُتپل کمار سنگھ، ایڈیشنل سکریٹری (نوجوانوں کے امور)، جناب نتیش مشرا اور وزارت کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
وکست بھارت یوتھ پارلیمنٹ 2026 کا انعقاد نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت کی جانب سے 15 سے 17 جون 2026 تک نئی دہلی میں کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کی جمہوری عمل میں مؤثر شمولیت کو فروغ دینا اور انہیں حکمرانی، پالیسی سازی، پارلیمانی مباحثے اور پارلیمنٹ کے طریقۂ کار کا عملی تجربہ فراہم کرنا ہے۔
قومی سطح کے اس پروگرام میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان نمائندوں کو یکجا کیا گیا ہے، تاکہ وہ قومی اہمیت کے حامل موضوعات پر غور و خوض کریں اور وکست بھارت @2047 کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
********
) ش ح ۔ م م ع ۔ ا ک م)
U.No. 8685
(रिलीज़ आईडी: 2273548)
आगंतुक पटल : 18