وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

منگولیا میں بھگوان بدھ کے عظیم شاگردوں کے مقدس تبرکات کی تاریخی 10 روزہ نمائش اختتام پذیر


منگولیا میں تقریباً ایک لاکھ عقیدت مندوں نے ارہنت ساری پترا اور ارہنت مودلیاین کے مقدس تبرکات کو خراج عقیدت پیش کیا

प्रविष्टि तिथि: 10 JUN 2026 6:11PM by PIB Delhi

بھگوان بدھ کے دو عظیم شاگردوں، ارہنت ساری پترا اور ارہنت مودلیاین کے مقدس تبرکات آج منگولیا کے دارالحکومت اولان باتور میں واقع گندن تیگچنلنگ مٹھ میں 10 روزہ کامیاب نمائش کے بعد بھارت واپس پہنچ گئے۔ گندن تیگچنلنگ مٹھ کی درخواست پر وزارت ثقافت کے تحت نیشنل میوزیم آف انڈیا نے حکومت مدھیہ پردیش، سری لنکا کی مہابودھی سوسائٹی، اور انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) کے اشتراک سے 31 مئی سے 09 جون 2026 تک ان مقدس تبرکات کی نمائش کا اہتمام کیا۔ یہ نمائش 31 مئی 2026 کو منگولیا میں بدھ پورنیما کے مبارک موقع پر عوام کے لیے کھولی گئی۔

 

30 مئی 2026 کو ان مقدس تبرکات کو باوقار تقریب کے دوران آسام کے گورنر جناب لکشمن پرساد آچاریہ نے منگولیا کے وزیر تعلیم عزت مآب مسٹر اینخ-امگلان اور گندن تیگچنلنگ مٹھ کے روحانی پیشوا ہز ایمیننس وینریبل کھامبا نومن خان گیشے لہارامپا ڈی جاوزندورج کے حوالے کیا۔

اس نمائش کا اعلان وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اکتوبر 2025 میں منگولیا کے صدر عزت مآب خورلسوخ اُخنا کے دورہ بھارت کے دوران کیا تھا۔ بھارت اور منگولیا کے درمیان بدھ مت کی بنیاد پر گہرے تہذیبی اور روحانی تعلقات قائم ہیں، اور اس نمائش نے منگولیا کے عوام کو مقدس تبرکات کی عقیدت کے ساتھ زیارت کا ایک منفرد موقع فراہم کیا۔ 10 روزہ نمائش کے دوران منگولیا بھر سے تقریباً ایک لاکھ عقیدت مند خانقاہ پہنچے اور مقدس تبرکات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ منگولیا کی آبادی تقریباً 34 لاکھ ہے۔

اب تک یہ مقدس تبرکات صرف تھائی لینڈ اور منگولیا بھیجے گئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ جون 2022 میں منگولیا میں بھگوان بدھ کے مقدس تبرکات کی نمائش ایک نہایت کامیاب اور یادگار تقریب ثابت ہوئی تھی۔

نمائش کے موقع پر نیشنل میوزیم آف انڈیا اور انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن نے بدھ مت پر درج ذیل خصوصی نمائشوں کا بھی اہتمام کیا، جنہیں عوام، راہبوں اور اسکالروں کی جانب سے بے حد سراہا گیا:

i) ”ساری پترا اور موگالانا — حکمت، عقیدت اور مقدس تبرکات کا سفر“ — انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن کے زیر اہتمام

ii) ”بھارت سے منگولیا تک: اندرونی ایشیا میں بدھ دھمہ کی منتقلی“ — انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن کے زیر اہتمام

iii) ”روشنی کے مظاہر: شبیہ نگاری، مقدس تبرکات اور دھمہ کا راستہ (بھارت کے عجائب گھروں کے ذخائر کے ذریعے شاکیامنی بدھ کا سفر)“ — نیشنل میوزیم آف انڈیا کے زیر اہتمام

مقدس تبرکات کو پروٹوکول اور سکیورٹی کے اعتبار سے سربراہ مملکت کا درجہ حاصل ہے۔ انہیں 30 مئی 2026 کو بھارتی فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے منگولیا لایا گیا، جس کے ساتھ آسام کے گورنر جناب لکشمن پرساد آچاریہ کی قیادت میں ایک بھارتی وفد موجود تھا۔ یہ مقدس تبرکات آج بھارتی فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے دوبارہ بھارت واپس لائے گئے، جس کے ساتھ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر جناب ونے کمار سکسینہ کی قیادت میں ایک وفد موجود تھا۔ گندن تیگچنلنگ مٹھ میں ان مقدس تبرکات کے استقبال اور رخصتی کے لیے باوقار تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

حکومت منگولیا نے اس نمائش کے انعقاد کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا، جبکہ گندن تیگچنلنگ مٹھ نے مقدس تبرکات کے محترم مقام کے مطابق مذہبی امور کی نگرانی کی۔ آج مٹھ میں منعقدہ اختتامی تقریب کے دوران مقررین، جن میں ہز ایمیننس وینریبل کھامبا نومُن خان گیشے لہارامپا ڈی جاوزندورج، عزت مآب اینخ-امگلان، لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر جناب ونے کمار سکسینہ، سری لنکا کی مہابودھی سوسائٹی کے صدر وینریبل بنگالا اوپاتسا تھیرو اور انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن کے سیکریٹری جنرل شارتسے کھینسور رنپوچے جانگچپ چوئیڈن شامل تھے، نے منگولیا میں اس نمائش کے انعقاد کو ممکن بنانے پر حکومت ہند اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔

بھارت واپسی سے قبل مقدس تبرکات کو عزت مآب اینخ-امگلان اور ہز ایمیننس وینریبل کھامبا نومُن خان گیشے لہارامپا ڈی جاوزندورج نے باوقار تقریب کے دوران لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر جناب ونے کمار سکسینہ کے حوالے کیا۔ روانگی سے قبل ہوائی اڈے پر منگولیا میں بھارت کے سفیر جناب اتل ملہاری گوٹسروے نے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کو منگولیا کے ایک پودے کا پودا بطور تحفہ پیش کیا۔ یہ پودا بھارت اور منگولیا کے درمیان دیرینہ دوستی اور روحانی تعلقات کی علامت کے طور پر لداخ میں لگایا جائے گا۔

وفد اور گندن تیگچنلنگ مٹھ نے منگولیا میں بھارتی سفارت خانے کا نمائش کے کامیاب انعقاد میں فعال تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب نے بھارت اور منگولیا کے درمیان صدیوں پرانے روحانی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع

10-06-2026

                                                                                                                                     U: 8238


(रिलीज़ आईडी: 2271365) आगंतुक पटल : 4
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Assamese , Gujarati , Tamil , Kannada