خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پردھان منتری ماترُو وندنا یوجنا زچہ کی صحت اور ابتدائی بچپن میں نگہداشت کے عمل  کو مضبوط بناتی ہے

प्रविष्टि तिथि: 09 JUN 2026 2:46PM by PIB Delhi

خواتین و اطفال  بہبود کی وزارت زچگی کے فائدے کے ایک اہم اور بنیادی منصوبے، ’پردھان منتری ماترُو وندنا یوجنا‘ (پی ایم ایم وی وائی) کے ذریعے ماؤں کی صحت اور ابتدائی بچپن میں دیکھ بھال کے تئیں اپنے عزم کو مسلسل آگے بڑھا رہی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کو مالی امداد فراہم کرنا ہے تاکہ صحت کی بہتری کے لیے مثبت رویوں اور بہتر غذائیت کو فروغ دیا جا سکے۔

یکم اپریل 2022 سے ’مشن شکتی‘کے تحت شامل کیے جانے کے بعد سے، اس منصوبے کو مزید سہل اور منظم بناتے ہوئے اس کی اقساط کو تین سے کم کر کے دو کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، زچگی کے فوائد کا دائرہ دوسرے بچے تک بڑھا دیا گیا ہے، بشرطیکہ وہ بچہ لڑکی ہو۔

اس منصوبے کے تحت، اہل مستحقین کو پہلے زندہ بچے کے لیے دو اقساط میں 5,000 روپے اور دوسرے بچے کے لیے (اگر وہ لڑکی ہو) 6,000 روپے ملتے ہیں۔ یہ مالی امداد ماں اور بچے کی صحت کے اہم مراحل سے جڑی ہوئی ہے، جیسے کہ حمل کا جلد اندراج، پیدائش سے قبل کی دیکھ بھال، اور حفاظتی ٹیکے لگانا۔

یہ منصوبہ مالی امداد کو بغیر کسی رکاوٹ کے اور شفاف طریقے سے مستحقین کے بینک کھاتوں میں پہنچانے کے لیے براہِ راست فوائد کی  منتقلی کے نظام کا استعمال کرتا ہے۔ اس میں حمل گرنے یا مردہ بچے کی پیدائش کی صورت میں دوبارہ اہلیت پانے کی گنجائش بھی شامل ہے، جو اس منصوبے کی افادیت کو مزید وسیع کرتی ہے۔ یہ مالی مدد مزدوری کے جزوی معاوضے کے طور پر کام کرتی ہے، جس سے خواتین کو بچے کی پیدائش سے پہلے اور بعد میں مناسب آرام کرنے کا موقع ملتا ہے۔

اس منصوبے نے اپنی شروعات کے بعد سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں:

کل مستحقین جنہیں رقم ادا کی گئی: 4.27 کروڑ (30 اپریل 2026 تک)

تقسیم کردہ کل رقم: 20,150 کروڑ روپے

فائدہ اٹھانے والی خواتین کی کہانیاں اس منصوبے کی حقیقی اہمیت کی عکاسی کرتی ہیں۔ عوامی سطح پر اس کا ایک انقلابی اثر دیکھا گیا ہے۔ وہ خواتین جنہیں اپنے ایامِ حمل کے دوران مالی مشکلات اور صحت کی سہولیات تک محدود رسائی کا سامنا تھا، انہیں اس منصوبے کے تحت بروقت مالی امداد فراہم کی گئی ہے، جس نے انہیں بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے غذائیت سے بھرپور خوراک، باقاعدہ طبی معائنے اور ضروری معالجے تک رسائی کے قابل بنایا ہے۔ مناسب دیکھ بھال اور مسلسل نگرانی کے ساتھ، انہوں نے طبی مراکز میں محفوظ طریقے سے صحت مند بچوں کو جنم دیا، جو محفوظ زچگی اور ماؤں کی صحت کے بہتر نتائج کو یقینی بنانے میں اس منصوبے کے کردار کو ثابت کرتا ہے۔

اس منصوبے نے ماؤں کی بہبود کو بہتر بنانے، اسپتالوں میں ولادت کی حوصلہ افزائی کرنے اور صنفی برابری کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، خاص طور پر لڑکی کی پیدائش پر اضافی مراعات کے ذریعے۔

وزارت ایک زیادہ صحت مند اور بااختیار ہندوستان کے خواب کے مطابق، اس منصوبے کے نفاذ کے طریقہ کار کو مزید مضبوط بنانے اور اس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ہر اہل خاتون اس سے فائدہ اٹھا سکے۔

***********

ش ح۔م م  ۔ ا ک م

U No. 8161


(रिलीज़ आईडी: 2270755) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Marathi , हिन्दी , Bengali , Bengali-TR , Gujarati , Tamil , Telugu , Kannada