الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم)، وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم ای آئی ٹی وائی) نے ماحولیاتی نظام کے شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کو تعاون فراہم کرنے کیلئے‘انویسٹرز سپورٹ’ پورٹل کا آغاز کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 MAY 2026 11:47AM by PIB Delhi
حکومت ہندوستان ملک میں ایک مضبوط، قابل اعتماد اور پائیدار سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام کی ترقی کے لیے مختلف اسٹریٹجک اقدامات اور پالیسی مداخلتوں کے ذریعہ مسلسل اور منظم کوششیں کر رہی ہے۔ ‘سیمی کون انڈیا پروگرام ’کے تحت اب تک 12 فیبریکیشن/پیکیجنگ منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ 24 سیمی کنڈکٹر ڈیزائن منصوبے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کے ویژن کے ساتھ‘ انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن’ نے 26.05.2026 کو ‘انویسٹرز سپورٹ’ کے عنوان سے ایک آن لائن پورٹل کا آغاز کیا ہے، جو https://www.ism.gov.in/investment. پرقابلِ رسائی ہے۔
یہ پورٹل اُن سرمایہ کاروں کو معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے جو ہندوستان میں سرمایہ کاری پر غور کر رہے ہیں اور اس میں حکومت کی اسکیموں، پالیسیوں، ‘سیمی کون انڈیا پروگرام’ کے تحت منظور شدہ منصوبوں، ریگولیٹری تقاضوں وغیرہ سے متعلق معلومات شامل ہوں گی۔
یہ پورٹل سرمایہ کاروں کو اپنی شکایات اور مسائل درج کرنے کی سہولت بھی فراہم کرے گا، جنہیں انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم) کے افسران متعلقہ وزارتوں، محکموں، تنظیموں، ریاستی حکومتوں، منظور شدہ پروجیکٹ کمپنیوں اور بین الاقوامی و قومی تجارتی اداروں/ایسوسی ایشنز کے نوڈل افسران کے تعاون سے حل کریں گے۔
افتتاحی تقریب کے دوران آئی ایس ایم کے سی ای او جناب امتیش کمار سنہا نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور سہولت کاری کی اہمیت پر زور دیا اور تمام متعلقہ فریقین کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کریں تاکہ ملک میں سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ اور ڈیزائن کے ماحولیاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
متعلقہ فریقین کو ایک محفوظ، رول بیسڈ، سنگل ونڈو ڈجیٹل انٹرفیس فراہم کیا جائے گا تاکہ مربوط تعاون اور وقت مقررہ کے اندر مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔
افتتاحی تقریب میں پورٹل کے فریم ورک، اس کی فعالیت، آن بورڈنگ کے طریق کار، رابطہ کاری کے نظام اور مختلف وزارتوں، محکموں، تنظیموں، ریاستی حکومتوں، منظور شدہ پروجیکٹ کمپنیوں اور قومی و بین الاقوامی تجارتی اداروں/ایسوسی ایشنز کے نوڈل افسران کے کردار و ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ اور عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔
***
ش ح- ظ الف- ج
UR- 7557
(ریلیز آئی ڈی: 2265363)
وزیٹر کاؤنٹر : 6