امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
محکمۂ امورِ صارفین نے حکومت سے منظور شدہ جانچ مراکز کے دائرۂ کار میں توسیع کر دی، سی این جی، ایل این جی اور ہائیڈروجن ڈسپنسرز کی تصدیق ممکن
ریاستوں کو اضافی زمروں کے نوٹیفکیشن کا اختیار؛ ایندھن ڈسپنسرز کی تصدیقی فیس کی نئی شرحیں جاری
درست اور قابلِ اعتماد پیمائش کے لیے سرکاری و نجی شراکت داری
قانونی پیمائش سے متعلق اصلاحات کے ذریعے صارفین کے اعتماد، صاف ایندھن کے بنیادی ڈھانچے اور ملک گیر تصدیقی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی کوشش
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 MAY 2026 10:31AM by PIB Delhi
وزارتِ امورِ صارفین، خوراک و عوامی تقسیم کے تحت محکمۂ امورِ صارفین نے قانونی پیمائش (حکومت سے منظور شدہ جانچ مرکز) قواعد، 2013 میں ترمیم کی ہے، تاکہ ہندوستان کے قانونی پیمائش کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور ملک میں اوزان و پیمائش کی تصدیق کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دی جا سکے۔
پانچ نئے ایندھن تقسیم کرنے والے نظام جی اے ٹی سی کے دائرۂ کار میں شامل
اس ترمیم کی ایک اہم خصوصیت حکومت سے منظور شدہ جانچ مراکز (جی اے ٹی سیز) کے دائرۂ کار میں توسیع ہے، جس کے تحت اضافی ایندھن تقسیم کرنے والے نظاموں کی جانچ اور دوبارہ تصدیق بھی شامل کر دی گئی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس اقدام سے تصدیقی خدمات کی دستیابی میں اضافہ ہوگا، کارکردگی بہتر ہوگی اور ملک بھر میں صاف ایندھن کے بڑھتے ہوئے استعمال کو فروغ ملے گا۔
ترمیم شدہ قواعد کے تحت درج ذیل پانچ اقسام کے تقسیمی نظام اُن آلات کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں جن کی تصدیق جی اے ٹی سیز کے ذریعے کی جا سکے گی:
- پیٹرول / ڈیزل ڈسپنسرز
- سی این جی ڈسپنسرز
- ایل پی جی ڈسپنسرز
- ایل این جی ڈسپنسرز
- ہائیڈروجن ڈسپنسرز
ان آلات کی شمولیت کے بعد حکومت سے منظور شدہ جانچ مراکز اب قانونی پیمائش کے نظام کے تحت اوزان و پیمائش کی مجموعی طور پر 23 اقسام کی جانچ اور دوبارہ تصدیق انجام دے سکیں گے۔
- صاف ایندھن کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ
جی اے ٹی سی نظام کے تحت سی این جی، ایل این جی اور ہائیڈروجن ڈسپنسرز کی شمولیت ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ملک بھر میں صاف ایندھن کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ اقدام ایندھن کی درست فراہمی اور لین دین میں زیادہ شفافیت کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
حکومت سے منظور شدہ جانچ مراکز (جی اے ٹی سیز) ایسے منظور شدہ ادارے ہیں جو قانونی پیمائش ایکٹ اور قواعد کے تحت مخصوص اوزان و پیمائش کی جانچ اور دوبارہ تصدیق کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچہ اور تکنیکی مہارت رکھتے ہیں۔ مستند نجی تجربہ گاہوں اور صنعتی اداروں کی شمولیت کے ذریعے جی اے ٹی سی نظام ملک کی تصدیقی صلاحیت کو وسعت دینے اور تصدیقی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
- زیادہ لچک اور تیز تر کارروائی
ان ترامیم کے تحت ریاستی حکومتوں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ قواعد کے مطابق جی اے ٹی سیز کے ذریعے تصدیق کے لیے اوزان و پیمائش کی اضافی اقسام کا نوٹیفکیشن جاری کر سکیں۔ اس سے مقامی ضروریات کے مطابق تصدیقی خدمات میں توسیع ممکن ہو سکے گی۔ انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جوائنٹ سیکریٹری اور اس سے اعلیٰ عہدے کے افسران کو بھی قواعد کی متعلقہ دفعات کے تحت اختیارات استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس سے منظوریوں اور متعلقہ معاملات کی کارروائی میں تیزی آئے گی۔
ترمیم شدہ قواعد کے تحت پیٹرول اور ڈیزل ڈسپنسرز کی تصدیقی فیس فی نوزل 5,000 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ سی این جی، ایل پی جی، ایل این جی اور ہائیڈروجن ڈسپنسرز کے لیے یہ فیس فی نوزل 10,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
حکومت سے منظور شدہ جانچ مراکز (جی اے ٹی سیز) پہلے ہی ملک بھر میں اوزان و پیمائش کے آلات کی بروقت اور قابلِ اعتماد تصدیقی خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جی اے ٹی سیز کے دائرۂ کار میں توسیع سے توقع ہے کہ ہندوستان کے تصدیقی بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوطی ملے گی، خدمات کی فراہمی بہتر ہوگی اور تاخیر میں کمی آئے گی۔
یہ اصلاحات ریاستی قانونی پیمائش محکموں کو معائنہ، نفاذِ قانون اور صارفین کی شکایات کے ازالے پر زیادہ توجہ دینے کے قابل بھی بنائیں گی۔ یہ اقدام حکومت کے ٹیکنالوجی پر مبنی طرزِ حکمرانی، تجارتی معاملات میں شفافیت اور آتم نربھر بھارت کے ویژن کی حمایت کرتا ہے، ساتھ ہی بین الاقوامی تنظیم برائے قانونی پیمائش (او آئی ایم ایل) کی سفارشات اور عالمی بہترین طریقوں کے مطابق ہندوستان کے پیمائشی نظام کو بھی مضبوط بناتا ہے۔
جی اے ٹی سیز کے ذریعے قابلِ تصدیق اوزان و پیمائش کی اقسام
موجودہ اقسام (18)
- واٹر میٹر
- بلڈ پریشر ناپنے کا آلہ
- طبی تھرمامیٹر
- خودکار ریلوے وزنی پل
- فیتۂ پیمائش
- غیر خودکار وزنی آلات، درجۂ صحت کلاس III (150 کلوگرام تک)
- غیر خودکار وزنی آلات، درجۂ صحت کلاس IIII
- لوڈ سیل
- ترازو
- کاؤنٹر مشین
- اوزان (تمام اقسام)
- گیس میٹر
- توانائی میٹر
- نمی ناپنے کا آلہ
- گاڑیوں کی رفتار ناپنے کا آلہ
- سانس کے تجزیے کا آلہ
- کثیر جہتی پیمائشی آلہ
- فلو میٹر
نئی شامل کی گئی اقسام (5)
- پیٹرول / ڈیزل ڈسپنسر
- سی این جی ڈسپنسر
- ایل پی جی ڈسپنسر
- ایل این جی ڈسپنسر
- ہائیڈروجن ڈسپنسر
مزید تفصیلات کے لیے ملاحظہ فرمائیں:
https://consumeraffairs.gov.in/public/upload/files/GATC_Amendment_Rules_2026_1778476324.pdf


******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7476
(ریلیز آئی ڈی: 2264743)
وزیٹر کاؤنٹر : 17