وزارت دفاع
لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجا سبرامنی (ریٹائرڈ) چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 MAY 2026 7:21AM by PIB Delhi
حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجا سبرامنی، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، ایس ایم، وی ایس ایم (ریٹائرڈ) کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا ہے۔ وہ عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے حکومتِ ہند کے محکمۂ فوجی امور میں تا حکمِ ثانی سیکریٹری کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ موجودہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان، پی وی ایس ایم، یو وائی ایس ایم، اے وی ایس ایم، ایس ایم، وی ایس ایم، 30 مئی 2026 کو اپنی مدتِ ملازمت مکمل کریں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجا سبرامنی یکم ستمبر 2025 سے قومی سلامتی کونسل سیکریٹریٹ میں فوجی مشیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ یکم جولائی 2024 سے 31 جولائی 2025 تک نائب سربراہِ بری فوج رہے، جبکہ مارچ 2023 سے جون 2024 تک مرکزی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف کے عہدے پر فائز تھے۔
جنرل آفیسر نیشنل ڈیفنس اکیڈمی اور انڈین ملٹری اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں 14 دسمبر 1985 کو گڑھوال رائفلز کی آٹھویں بٹالین میں کمیشن دیا گیا تھا۔ وہ جوائنٹ سروسز کمانڈ اسٹاف کالج، بریکنل (برطانیہ) اور نیشنل ڈیفنس کالج، نئی دہلی کے سابق طالبِ علم بھی ہیں۔ ان کے پاس کنگز کالج لندن سے ماسٹر آف آرٹس کی ڈگری اور مدراس یونیورسٹی سے دفاعی مطالعات میں ایم فل کی ڈگری ہے۔
اپنے چالیس برس سے زائد پر محیط شاندار فوجی کیریئر میں لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجا سبرامنی نے مختلف نوعیت کے تنازعات اور جغرافیائی علاقوں میں خدمات انجام دیں اور متعدد کمان، انتظامی اور تدریسی ذمہ داریوں پر فائز رہے۔
انہوں نے آپریشن رائنو کے تحت آسام میں انسدادِ شورش کارروائیوں کے دوران 16 گڑھوال رائفلز کی قیادت کی، جموں و کشمیر میں 168 انفنٹری بریگیڈ کی کمان سنبھالی، اور مشکل آپریشنل حالات میں وسطی سیکٹر میں 17 ماؤنٹین ڈویژن کی قیادت کی۔ انہیں بھارتی بری فوج کے مغربی محاذ پر موجود ممتاز اسٹرائیک کور، یعنی ٹو کور کی کمان کا اعزاز بھی حاصل رہا ہے۔
جنرل آفیسر کی انتظامی اور تدریسی ذمہ داریوں میں نیشنل ڈیفنس اکیڈمی میں ڈویژنل آفیسر، ایک ماؤنٹین بریگیڈ کے بریگیڈ میجر، قزاقستان میں دفاعی اتاشی، ملٹری سیکریٹری شاخ میں اسسٹنٹ ملٹری سیکریٹری، مشرقی کمان کے صدر دفتر میں کرنل جنرل اسٹاف (آپریشنز)، جموں و کشمیر میں راشٹریہ رائفلز سیکٹر کے نائب کمانڈر، وزارتِ دفاع کے انٹیگریٹڈ ہیڈکوارٹرز (بری فوج) میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس، مشرقی کمان میں بریگیڈیئر جنرل اسٹاف (آپریشنز)، ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج ویلنگٹن میں چیف انسٹرکٹر (بری فوج)، اور شمالی کمان کے صدر دفتر میں چیف آف اسٹاف کے فرائض شامل ہیں۔
جنرل آفیسر کو مغربی اور شمالی سرحدوں پر آپریشنل صورتحال اور عسکری حرکیات کے بارے میں گہرا علم اور وسیع تجربہ حاصل ہے۔ نمایاں فوجی خدمات کے اعتراف میں انہیں پرم وششٹ سیوا میڈل، اَتی وششٹ سیوا میڈل، سینا میڈل اور وششٹ سیوا میڈل سے نوازا جا چکا ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-6840
(ریلیز آئی ڈی: 2259263)
وزیٹر کاؤنٹر : 8