وزیراعظم کا دفتر
ویتنام کے صدر جناب تولم کے ساتھ مشترکہ پریس میٹ کے دوران وزیراعظم کےخطاب کا متن
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 MAY 2026 2:30PM by PIB Delhi
عزت مآب،
جنرل سکریٹری اور صدر تو لم،
دونوں ممالک کے مندوبین ،
میڈیا کے دوستو،
نمسکار!
سن چاؤ!
صدر تولم کا ہندوستان میں پرتپاک استقبال کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ ویتنام کا صدر بننے کے ایک ماہ کے اندر ان کی کئی کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد کی ہندوستان آمد، یہ واضح کرتی ہے کہ وہ ہندوستان ویتنام کے تعلقات کو کس قدر ترجیح دیتے ہیں۔
اتنا ہی نہیں ، انہوں نے بودھ گیا سے ہندوستان دورے کا آغاز کیا ہے۔ یہ ہمارے دونوں ممالک کی مشترکہ تہذیب اور روحانی روایت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس دورے اور ہماری بامعنی بات چیت سے ہم اپنی باہمی نیک خواہشات کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کر رہے ہیں۔
دوستو،
ہندوستان اور ویتنام کی شراکت داری میں وراثت اور ترقی دونوں اہمیت کے حامل ہیں۔ پچھلے سال جب ہندوستان سے بدھ مت کے آثار ویتنام گئے تو ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ یعنی ویتنام کی آبادی کے 15 فیصد لوگوں نے انکا درشن کیا تھا۔ اپنے مشترکہ ورثے کو زندہ رکھنے کے لیے ہم ویتنام کی قدیم چمپا تہذیب کے می سان اور نہان ٹور مندروں کو بحال کر رہے ہیں۔ اب ہم چمپا تہذیب کے مخطوطات کو ڈیجیٹل بنائیں گے اور اس انمول ورثے کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کریں گے۔
دوستو،
ایک دہائی قبل، ویتنام کے میرے دورے کے دوران، ویتنام آسیان میں ہندوستان کا پہلا جامع اسٹریٹجک شراکت دار بن گیا۔ اس وقت سے ہمارے تعلقات میں تیز اور جامع پیش رفت ہوئی ہے۔ تہذیبی تعلقات کے ساتھ ساتھ ہمارے تجارتی، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے تعلقات بھی مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
اس مضبوط بنیاد پر آگے بڑھتے ہوئے، آج ہم اپنے تعلقات کو بہتر جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح پر لے جا رہے ہیں۔ اب ہم اپنی شراکت داری کو اور بھی بلندیوں پر لے جائیں گے۔ ثقافت ، رابطے اور صلاحیت سازی کے ساتھ ساتھ، ہر شعبے میں ہمارا تعاون-سلامتی، استحکام اور پائیدار سپلائی چین -نئی بلندی پر پہنچ جائے گا ۔
دوستو،
بھارت اور ویتنام کے درمیان دو طرفہ تجارت گزشتہ دہائی میں دوگنی ہو کر 16 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ ہم نے 2030 تک اسے 25 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے آج کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ ہمارے دواسازی کے شعبے سے متعلق حکام کے درمیان مفاہمت نامے سے اب ویتنام میں ہندوستان کی ادویات تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔ ہندوستان کی زراعت، ماہی گیری اور مویشی پروری کی مصنوعات بھی ویتنام کو برآمد ہونے والی ہیں۔ بہت جلد، ویتنام ہندوستان کے انگور اور انار کا ذائقہ چکھے گا اور ہم ویتنام کے ڈورین اور پومیلو کا ذائقہ چکھیں گے۔
صرف یہی نہیں، ہم نے سال کے آخر تک ہندوستان-آسیان تجارتی معاہدے ’’آئٹیگا‘‘ کو اَپ ڈیٹ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ اس سے ہندوستان اور آسیان کے تمام ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو نئی توانائی ملے گی۔ اہم اور نایاب معدنیات، اور توانائی کے تعاون میں نئے اقدامات کے ساتھ، ہم دونوں ممالک کی اقتصادی سلامتی اور پائیدار سپلائی چین کو یقینی بنائیں گے۔
دوستو،
رابطہ کاری اور صلاحیت سازی ہماری شراکت داری کے اہم ستون ہیں۔ ہمیں بہت خوشی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہوائی رابطہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
مالیاتی رابطے کو بھی فروغ دینے کے لیے آج ہم نے اپنے مرکزی بینکوں کے درمیان تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان کا یو پی آئی اور ویتنام کا فاسٹ پیمنٹ سسٹم بھی جلد ہی منسلک ہونے والا ہے۔ ساتھ ہی ، ہم دونوں ممالک کے درمیان ریاست سے ریاست اور شہر سے شہر تعاون کو بھی مضبوط کرنے جا رہے ہیں۔
دوستو،
ویتنام ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی اور ویژن مہاساگر کا ایک اہم ستون ہے۔ ہند-بحرالکاہل کے خطے میں بھی ہمارا ایک مشترکہ نقطہ نظر ہے۔ ہم اپنے مضبوط دفاعی اور سلامتی تعاون کے ذریعے قانون کی حکمرانی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ ویتنام کے ساتھ تعاون میں ہندوستان آسیان کے ساتھ بھی اپنے تعلقات کو وسیعت دے گا ۔
عزت مآب ،
پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرنے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری لڑائی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہونے پر ہم ویتنام کے مشکور ہیں۔
عالمی افراتفری اور اقتصادی چیلنجوں کے اس دور میں، اپنی صلاحیتوں، اچھی حکمرانی اور اقتصادی اصلاحات کی طاقت سے ، ہندوستان اور ویتنام دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ اب اپنی بہتر اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے ہم ایک دوسرے کی تیز رفتار ترقی میں تعاون کریں گے۔
جیسا کہ بدھ کی تعلیمات میں پنہاں ہیں کہ’’اگر آپ کسی اور کے لیے چراغ روشن کرتے ہیں تو یہ آپ کے اپنے راستے کو بھی روشن کرتا ہے ۔‘‘اسی جذبے کے ساتھ ہم ایک دوسرے کے وژن اور اہداف کی حمایت کرتے ہوئے مل کر ایک ترقی یافتہ ملک بننے کی اپنی امنگوں کو پورا کریں گے۔
ایک ساتھ ہم چلیں گے، ساتھ بڑھیں گے، اور ساتھ جیتیں گے۔
بہت بہت شکریہ ۔
***************
(ش ح۔ع و۔ ن ع)
UR-6698
(ریلیز آئی ڈی: 2258368)
وزیٹر کاؤنٹر : 18
یہ ریلیز پڑھیں:
English
,
Marathi
,
हिन्दी
,
Assamese
,
Bengali
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam