وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

جناب آشوتوش گواریکر کو 57ویں بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) کا فیسٹیول ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 MAY 2026 1:05PM by PIB Delhi

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے معروف فلم ساز جناب آشوتوش گواریکر کو گوا میں منعقد ہونے والے 57ویں بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) کے لیے فیسٹیول ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔

جناب گواریکر بھارتی سنیما کے ممتاز فلم ساز ہیں، جنہوں نے بھارتی فلمی صنعت میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) کے ساتھ ان کی وابستگی کئی دہائیوں پر محیط ہے، جو فلمی فنون اور عالمی فلمی ثقافت کے ارتقا سے ان کی گہری وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001L52W.jpg

اپنی تقرری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب آشوتوش گواریکر نے کہا: ’’مجھے یہ اعزاز حاصل ہونے پر بے حد فخر اور خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میں گوا میں منعقد ہونے والے باوقار 57ویں بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) میں فیسٹیول ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دوں گا۔ میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں کہ اس میلے کے ارتقا کا گواہ رہا ہوں۔ 1984 میں اس میں شرکت کرنے سے لے کر گزشتہ برسوں تک، حتیٰ کہ 2024 میں بین الاقوامی سنیما کے جیوری صدر کے طور پر خدمات انجام دینے تک، میرا اس میلے سے تعلق برقرار رہا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا: ’’1952 سے لے کر اب تک بے شمار فیسٹیول ٹیموں کی جانب سے قائم کی گئی، پروان چڑھائی گئی اور وسعت دی گئی اس شاندار روایت کو آگے بڑھانا میرے لیے ایک عظیم اعزاز ہے، جس کے ساتھ ذمہ داری کا ایک نیا احساس بھی وابستہ ہے۔ میں وزارتِ اطلاعات و نشریات اور حکومتِ گوا کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے پُرامید ہوں۔‘‘

1952 میں قائم کیا گیا بین الاقوامی فلمی میلۂ ہند (آئی ایف ایف آئی) ایشیا کے نمایاں فلمی میلوں میں شمار ہوتا ہے اور عالمی سنیما میں اعلیٰ معیار کے فن پاروں کی نمائش کے ساتھ ثقافتی تبادلۂ خیال کو فروغ دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

آئی ایف ایف آئی کے بارے میں

1952 میں شروع ہونے والا بین الاقوامی فلمی میلۂ ہند (آئی ایف ایف آئی) جنوبی ایشیا میں سنیما کے سب سے قدیم اور مسلسل منعقد ہونے والے جشن کے طور پر نمایاں مقام رکھتا ہے۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات کے تحت نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) آف انڈیا اور حکومتِ گوا کی انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ میلہ وقت کے ساتھ عالمی سنیما کے ایک اہم سنگم میں تبدیل ہو چکا ہے۔ یہاں بحال شدہ کلاسیکی فلمیں نئی اور جرات مندانہ تخلیقی آوازوں کے ساتھ ہم کلام ہوتی ہیں، جبکہ نامور ہدایت کار ابھرتے ہوئے نئے فنکاروں کے ساتھ ایک ہی پلیٹ فارم پر نظر آتے ہیں۔

آئی ایف ایف آئی کی انفرادیت اس کے متحرک امتزاج میں پوشیدہ ہے، جس میں بین الاقوامی مقابلے، منتخب ملکی توجہ، ماسٹر کلاسز، خراجِ تحسین کے پروگرام، اور متحرک ویوز فلم بازار شامل ہیں، جہاں خیالات، اشتراکات اور تخلیقی شراکت داریوں کو فروغ ملتا ہے۔ گوا کے دلکش ساحلی پس منظر میں نومبر 2026 میں منعقد ہونے والا 57واں آئی ایف ایف آئی مزید وسیع اور رنگا رنگ منظرنامہ پیش کرے گا، جو مختلف زبانوں، فنی اسالیب، ٹیکنالوجیز اور داستان گوئی کی روایات کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-6537

 


(ریلیز آئی ڈی: 2257247) وزیٹر کاؤنٹر : 13