بھارتی چناؤ کمیشن
عام انتخابات اور ضمنی انتخابات 2026: سوشل میڈیا پر غیر قانونی مواد کے خلاف بھارتی چناؤ کمیشن کی کارروائی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 APR 2026 3:18PM by PIB Delhi
بھارت کے انتخابی کمیشن نے دوبارہ واضح کیا ہے کہ تمام متعلقہ فریق سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کا ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال یقینی بنائیں اور موجودہ قانونی دفعات بشمول اطلاعاتی ٹیکنالوجی ایکٹ 2000، آئی ٹی قواعد 2021 اور ضابطۂ اخلاق کی پابندی کریں۔
کمیشن نے مزید ہدایت دی ہے کہ کوئی بھی گمراہ کن یا غیر قانونی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ یا تبدیل شدہ مواد جیسے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے علم میں لایا جائے، اس کے خلاف 3 گھنٹوں کے اندر کارروائی کی جائے۔
سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور انتخابی مہم کے نمائندوں کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ مہم کے دوران استعمال ہونے والے کسی بھی مصنوعی طور پر تیار کردہ یا تبدیل شدہ مواد کو واضح طور پر’’مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ‘‘، ’’ڈیجیٹل طور پر بہتر بنایا گیا‘‘ یا ’’مصنوعی مواد‘‘ کے طور پر ظاہر کریں اور اس کے اصل ماخذ کی نشاندہی بھی کریں، تاکہ شفافیت اور ووٹروں کا اعتماد برقرار رہے۔
آسام، کیرالا، تمل ناڈو، پڈوچیری اور مغربی بنگال کی قانون ساز اسمبلیوں کے جاری انتخابات میں ایسے سوشل میڈیا مواد کی نگرانی کی جا رہی ہے جو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہو، یا امن و امان میں خلل ڈالے یا ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہو، یا پولنگ کے عمل اور نظام کے خلاف جھوٹے بیانیے پھیلاتا ہو۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ ریاستی اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے نامزد افسران کارروائی کر رہے ہیں۔
15 مارچ 2026 کو انتخابات کے اعلان کے بعد سے اب تک 11 ہزار سے زائد ایسے سوشل میڈیا پیغامات/روابط کی نشاندہی کی جا چکی ہے جن پر کارروائی کی گئی، جس میں مواد کو ہٹانا، مقدمات درج کرنا، وضاحتیں اور تردیدی بیانات شامل ہیں۔
کمیشن نے عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 126 کی بھی یاد دہانی کرائی، جس کے تحت پولنگ کے اختتام سے پہلے 48 گھنٹے کی خاموشی کی مدت کے دوران کسی بھی انتخابی مواد کی نمائش ممنوع ہے۔ ذرائع ابلاغ، بشمول ٹیلی ویژن، ریڈیو، اخبارات اور سوشل میڈیا کے لیے ان قوانین کی سختی سے پابندی لازمی ہے۔
اس کے علاوہ شہری، سیاسی جماعتیں اور امیدوار سی ویجل نظام کے ذریعے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ 15 مارچ سے 19 اپریل تک ان انتخابات میں 3,23,099 شکایات درج کی گئیں، جن میں سے 3,10,393 شکایات (96.01 فیصد) کو مقررہ 100 منٹ کے اندر حل کر لیا گیا۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 6039
(ریلیز آئی ڈی: 2253545)
وزیٹر کاؤنٹر : 14