بھارتی چناؤ کمیشن
عام انتخابات اور ضمنی انتخابات 2026: ضبطی کی کارروائیاں 400 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئیں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 MAR 2026 3:04PM by PIB Delhi
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے 15 مارچ 2026 کو آسام، کیرالہ، پڈوچیری، تمل ناڈو اور مغربی بنگال کی قانون ساز اسمبلیوں کے عام انتخابات اور 6 ریاستوں میں ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ کمیشن نے ریاستی و مرکزی زیر انتظام حکومتوں کو مثالی ضابطہ اخلاق یعنی ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ کمیشن نے 24 مارچ 2026 کو پانچ انتخابی ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور ان کے 12 ہمسایہ ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریوں، چیف الیکٹورل افسران، ڈی جی پیز اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی، جس میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور ہدایت دی گئی کہ انتخابات کو تشدد، دباؤ اور لالچ سے پاک بنایا جائے۔
اس مقصد کے لیے 5,173 فلائنگ اسکواڈز تعینات کیے گئے ہیں تاکہ شکایات کو 100 منٹ کے اندر نمٹایا جا سکے۔ اس کے علاوہ 5,200 سے زائد اسٹیٹک نگرانی ٹیمیں (ایس ایس ٹیز) مختلف مقامات پر اچانک ناکہ بندی کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔
الیکٹرانک ضبطگی مینجمنٹ سسٹم (ای ایس ایم ایس) کے 26 فروری سے 25 مارچ 2026 تک کے عرصے میں مختلف ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے 408.82 کروڑ روپے مالیت کی غیر قانونی اشیاء ضبط کی گئی ہیں، جن میں:
- 17.44 کروڑ روپے نقدی
- 37.68 کروڑ روپے مالیت کی شراب (16.3 لاکھ لیٹر)
- 167.38 کروڑ روپے مالیت کی منشیات
- 23 کروڑ روپے مالیت کی قیمتی دھاتیں
- اور 163.30 کروڑ روپے سے زائد دیگر اشیاء شامل ہیں۔
کمیشن نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ جانچ کے دوران عام شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی یا ہراسانی نہ ہو اس مقصد کے لیے ضلعی سطح پر شکایتی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔
شہری اور سیاسی جماعتیں ای سی آئی نیٹ کے سی-ویجل ماڈیول کے ذریعے ایم سی سی کی خلاف ورزیوں کی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ 15 مارچ سے 25 مارچ کے درمیان 70,944 شکایات درج کی گئیں، جن میں سے 70,831 نمٹا دی گئیں اور 67,899 شکایات (95.8 فیصد) کو 100 منٹ کے اندر حل کیا گیا۔
عوامی شکایات کے ازالے کے لیے 1950 ہیلپ لائن نمبر بھی فراہم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے کوئی بھی شہری یا سیاسی جماعت متعلقہ ضلعی الیکشن افسر یا ریٹرننگ افسر سے رابطہ کر سکتی ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U:4968)
(ریلیز آئی ڈی: 2245695)
وزیٹر کاؤنٹر : 6