وزارت خزانہ
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے دہلی اور کولکاتا میں سرگرم منظم سونے کی اسمگلنگ اور غیر قانونی پگھلانے کے گٹھ جوڑ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڑا کریک ڈاؤن کیا،14.13 کروڑ روپے مالیت کا سونا، چاندی اور نقدی ضبط، 6 افراد گرفتار
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 MAR 2026 10:59AM by PIB Delhi
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ایک منظم گروہ (سنڈیکیٹ) کا پردہ فاش کیا ہے جو بیرونِ ملک سے آنے والے سونے کی بھارت میں اسمگلنگ، اسے ریل کے ذریعے منتقل کرنے، غیر قانونی مقامات پر پگھلا کر اس کی شناخت مٹانے اور بعد ازاں خفیہ طور پر ملکی بازار میں فروخت کرنے میں ملوث تھا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں سونا، چاندی اور بھارتی کرنسی ملا کر ₹14.13 کروڑ سے زائد مالیت کی ضبطی عمل میں آئی اور 6 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
مجموعی طور پر 8286.81 گرام سونا جس کی مالیت 13.41 کروڑ روپے ہے، 7350.4 گرام چاندی جس کی مالیت 19.67 لاکھ روپے ہے اور 51,74,100 روپے کی بھارتی کرنسی ضبط کی گئی۔ یہ ضبطی کسٹمز ایکٹ، 1962 کی دفعات کے تحت عمل میں لائی گئی۔
مخصوص خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے افسران نے ایک مسافر کو، جو کولکاتا سے ٹرین کے ذریعے آیا تھا، نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر روک لیا۔ اس مسافر کے پاس غیر ملکی نشان والے سونے کی کھیپ موجود تھی جسے اسٹیشن کے باہر ایک وصول کنندہ تک پہنچایا جانا تھا۔ کارروائی کے دوران سونا لے جانے والے شخص اور وصول کرنے والے دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی پوچھ گچھ میں حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر دہلی میں مزید تلاشی کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں ایک غیر قانونی سونا پگھلانے کی فیکٹری کا سراغ ملا۔ اس جگہ پر غیر ملکی اصل کے سونے کو پگھلا کر اس کے نشانات مٹائے جاتے تھے تاکہ بعد میں اسے مقامی بلین مارکیٹ میں فروخت کیا جا سکے۔ اس مقام سے مزید سونا، چاندی اور بھارتی کرنسی برآمد ہوئی، جبکہ اس سہولت کو چلانے والے مینیجر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
مزید تفتیش کے دوران کارروائی کولکاتا تک پہنچی، جہاں اس سنڈیکیٹ کے سرغنہ کا سراغ ایک اور غیر قانونی سونا پگھلانے والے یونٹ تک ملا۔ وہاں سے نشان مٹایا ہوا مزید سونا بھی برآمد ہوا۔ سرغنہ کو دو کیریئرز کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بیرونِ ملک سے اسمگل کیا گیا غیر ملکی نشان والا سونا ان کے پاس پہنچایا جاتا تھا، جسے پگھلا کر اس کی شناختی علامتیں مٹا دی جاتی تھیں اور بعد میں اسے مزید تقسیم کے لیے ریل کے راستے دہلی منتقل کیا جانا تھا۔
سونے کی اسمگلنگ، نقل و حمل، پگھلانے اور فروخت کے اس غیر قانونی نیٹ ورک میں ملوث تمام چھ افراد کو گرفتار کر کے مجاز عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-4082
(ریلیز آئی ڈی: 2240308)
وزیٹر کاؤنٹر : 17