قومی انسانی حقوق کمیشن
azadi ka amrit mahotsav

بھارت کے قومی انسانی حقوق کمیشن کی ازخود مداخلت کے نتیجے میں وزارت خارجہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تھائی لینڈ میں اپنے آجر کی قید میں گزشتہ کئی مہینوں سے تشدد کا سامنا کرنے والے چھ بھارتی مزدوروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا


ان میں سے چار مزدوروں کو 20 فروری 2026 کو قومی انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے وزارتِ خارجہ کو ارسال کی گئی اطلاع کے اگلے ہی دن وطن واپس بھیج دیا گیا

ان کے آجر نے ان کی بھارت واپسی کے سفر کے اخراجات برداشت کیے

وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ باقی دو بازیاب  کرائے گئے مزدوروں کو بھی وطن واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم وہ تھائی لینڈ میں ویزا کی مدت سے زیادہ قیام کے باعث قانونی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 MAR 2026 11:29AM by PIB Delhi

بھارت کے قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) کی ازخود مداخلت کے نتیجے میں مرکزی وزارت خارجہ (ایم ای اے) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تھائی لینڈ میں گزشتہ چھ ماہ سے اپنے آجر کی قید میں تشدد کا سامنا کرنے والے چھ بھارتی مزدوروں کو بازیاب کرا لیا ہے۔ان میں سے چار مزدوروں کو 20 فروری 2026 کو قومی انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے وزارتِ خارجہ کو اطلاع دیے جانے کے اگلے ہی دن بھارت واپس بھیج دیا گیا۔ وہ بینکاک سے اپنے آجر کی جانب سے بک کرائی گئی پرواز کے ذریعے کولکاتہ پہنچے۔

وزارتِ خارجہ کے جنوبی ڈویژن نے اطلاع دی ہے کہ بازیات کرئے گئے باقی دو  مزدوروں کی وطن واپسی کے معاملے کو تھائی امیگریشن حکام کے ساتھ اٹھایا گیا ہے، کیونکہ وہ ویزا کی مقررہ مدت سے زیادہ قیام کے باعث قانونی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 20 فروری 2026 کو کمیشن نے ایک میڈیا رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے وزارتِ خارجہ سے دریافت کیا تھا کہ آیا وہ قید میں رکھے گئے چھ مزدوروں کے اہل خانہ کو کسی قسم کی مدد فراہم کر سکتی ہے۔قومی انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے اطلاع موصول ہوتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کے جنوبی ڈویژن نے تھائی حکام سے ان مزدوروں کو بازیاب کرانے کی درخواست کی اور اس کمپنی کے مالک سے بھی رابطہ کیا جہاں یہ چھ مزدور مبینہ طور پر کام کر رہے تھے۔

میڈیا میں 17 فروری 2026 کو ایک ویڈیو کے بارے میں خبر دی گئی تھی جس میں ریاست اڈیشہ کے ضلع کیندرپاڑا سے تعلق رکھنے والے مزدوروں نے اپنی حالتِ زار بیان کی تھی۔ان مزدوروں کو بینکاک کے قریب ایک علاقے میں واقع فیکٹری کے اندر ان کے آجر نے قید کر رکھا تھا اور ان پر جسمانی و ذہنی تشدد کیا جا رہا تھا۔انہیں پلائی وُڈ کی ایک فیکٹری میں روزانہ 12 گھنٹے کام کرنے پر مجبور کیا جاتا تھا، جبکہ نہ انہیں کوئی تنخواہ دی جاتی تھی اور نہ ہی مناسب خوراک فراہم کی جاتی تھی۔اطلاعات کے مطابق ان کے آجر نے ان کے پاسپورٹ بھی ضبط کر لیے تھے۔

 

******

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 3486


(ریلیز آئی ڈی: 2236282) وزیٹر کاؤنٹر : 19