کامرس اور صنعت کی وزارتہ
ٹوکیو میں ہند۔جاپان سی ای پی اے کی ساتویں مشترکہ کمیٹی کا اجلاس منعقد، محکمۂ تجارت کے سکریٹری جناب راجیش اگروال نے مشترکہ طور پر صدارت کی
جناب راجیش اگروال نے ہند۔جاپان تجارت کو متنوع اور متوازن بنانے پر زور دیا، سی ای پی اے کی مکمل صلاحیت اور برآمدی مواقع کو اُجاگر کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 MAR 2026 5:53PM by PIB Delhi
ہند۔جاپان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (سی ای پی اے) کے تحت ساتویں مشترکہ کمیٹی کا اجلاس 2 مارچ 2026 کو ٹوکیو، جاپان میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت حکومتِ ہند کے سیکریٹری، محکمۂ تجارت، جناب راجیش اگروال اور حکومتِ جاپان کی وزارتِ خارجہ کے سینئر نائب وزیر نے کی۔
فریقین نے سی ای پی اے کے نفاذ سے متعلق امور کا جائزہ لیا اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
اجلاس کے موقع پر سیکریٹری محکمۂ تجارت جناب اگروال نے جاپان کی وزارتِ معیشت، تجارت و صنعت کے نائب وزیر سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری، کاروباری ماحول میں بہتری اور عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کی آئندہ 14ویں وزارتی کانفرنس سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزارتِ معیشت، تجارت و صنعت کے نائب وزیر سے ملاقات میں جناب اگروال نے اگست 2025 میں منعقدہ سالانہ سربراہی اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے پیش کردہ مشترکہ ویژن کا حوالہ دیتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ اور تنوع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں معیشتوں کے مضبوط باہمی تکمیلی پہلوؤں کو اجاگر کیا- جاپان کی ٹیکنالوجی، سرمایہ اور جدید مینوفیکچرنگ میں مہارت اور بھارت کی ہنرمند افرادی قوت، وسیع منڈی اور تیزی سے ترقی کرتی معیشت۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سی ای پی اے کے تمام فوائد، بشمول رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں طے شدہ قدرتی افراد کی نقل و حرکت سے متعلق دفعات، سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔
جناب اگروال نے کہا کہ ٹیکسٹائل، دواسازی، زراعت اور خدمات کے شعبوں میں جاپان کو بھارتی برآمدات بڑھانے کی نمایاں صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ متوازن دوطرفہ تجارتی تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
سیکریٹری تجارت نے جاپانی صنعت کے سرکردہ نمائندوں کے ساتھ ایک گول میز اجلاس میں بھی تبادلۂ خیال کیا۔ شام کے وقت جاپان میں واقع بھارتی سفارت خانے نے کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) اور کیندانرین کے اشتراک سے تجارت و سرمایہ کاری روڈ شو کا اہتمام کیا، جس کا مقصد بھارت سے برآمدات کے فروغ اور جاپانی کمپنیوں کی جانب سے زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی تھا۔
جناب اگروال نے شرکاء کو تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے بھارت کے سازگار پالیسی ماحول سے آگاہ کیا، جس میں کاروبار میں آسانی کے فروغ اور ضابطہ جاتی طریقۂ کار کو سادہ بنانے کے جاری اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ای پی اے محصولات میں استحکام اور ضابطہ جاتی پیش گوئی کا ایک مستحکم فریم ورک فراہم کرتا ہے، جو عالمی قدر و رسد کی زنجیروں میں قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر بھارت اور جاپان کے درمیان گہرے تعاون کو فروغ دیتا ہے۔

(سیکریٹری تجارت جاپان کی وزارتِ خارجہ کے سینئر نائب وزیر کے ہمراہ)

(روڈ شو کے دوران سیکریٹری تجارت کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے وفد کے ہمراہ)

(روڈ شو کے دوران فائر سائیڈ چیٹ میں سیکریٹری تجارت نِکّی ایشیا کے ڈاکٹر یامادا کے ہمراہ)
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-3364
(ریلیز آئی ڈی: 2235369)
وزیٹر کاؤنٹر : 40