وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم 21 فروری کو ایچ سی ایل- فاکسکان کے مشترکہ کاروباری پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب  میں شرکت کریں گے


یہ پروجیکٹ بھارت میں اعلیٰ مینوفیکچرنگ اور سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام کو تقویت بہم پہنچائے گا اور ضمنی شعبوں میں ترقی کو رفتار فراہم کرے گا

یہ پروجیکٹ عالمی سیمی کنڈکٹر منظرنامے میں بھارت کے  بڑھتے قد کو اجاگر کرتا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 FEB 2026 6:50PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 21فروری 2026 کو شام تقریباً 5 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے، اترپردیش میں جمنا ایکسپریس وے صنعتی ترقیاتی اتھارٹی (وائی ای آئی ڈی اے) میں، ایچ سی ایل – فاکسکان کے مشترکہ کاروباری پروجیکٹ – انڈیا چپ پرائیویٹ لمیٹڈ- کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔وزیر اعظم اس موقع پر مجمع سے بھی خطاب کریں گے۔

ایچ سی ایل – فاکسکان سیمی کنڈکٹر سہولت کا قیام ہندوستان کے تکنیکی خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے اور ہندوستان کو اعلیٰ درجے کے الیکٹرانکس اور سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کے لیے ایک قابل اعتماد عالمی منزل کے طور پر پیش کرنے کے وزیر اعظم کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

وائی ای آئی ڈی اے میں یہ آؤٹ سورسڈ سیمی کنڈکٹر اسمبلی اور ٹیسٹ (او ایس اے ٹی) سہولت انڈیا چپ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعہ سیمی کنڈکٹر اسمبلی، ٹیسٹنگ، مارکنگ اور پیکیجنگ (اے ٹی ایم پی) کے لیے ترمیم شدہ اسکیم کے تحت قائم کی جائے گی، جس پر مجموعی طور پر 3,700 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوگی۔ یہ منصوبہ گھریلو مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے، درآمدات پر انحصار کو کم کرنے اور لچکدار عالمی سپلائی چینوں  کی تعمیر کے لیے حکومت کی کوششوں سے ہم آہنگ ہے۔ اس سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ موبائل فونز، ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ، آٹوموٹیو، کنزیومر الیکٹرانکس اور دیگر آلات جیسے اہم شعبوں کی معاونت میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس پہل قدمی کے ذریعے، ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام کو بڑا فروغ ملے گا، اس کے علاوہ جدت طرازی، مہارت کی ترقی، اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو بھی فروغ ملے گا۔ اس سہولت سے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور پیشہ ور افراد کے لیے ہزاروں بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی بھی توقع ہے، اور یہ ذیلی صنعتوں کی ترقی کا باعث بھی بنے گی۔

ایچ سی ایل – فاکسکان کا مشترکہ منصوبہ عالمی سیمی کنڈکٹر منظر نامے میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے قد کو اجاگر کرتا ہے اور ایک مضبوط اور خود انحصار الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ ماحولیاتی نظام کی تعمیر میں ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:2409


(ریلیز آئی ڈی: 2230923) وزیٹر کاؤنٹر : 5