وزارت اطلاعات ونشریات
این ایف ڈی سی نے یوروپی فلم مارکیٹ 2026 میں مہاراشٹر کی اسٹریٹجک صنعتی رسائی کو ممکن بنایا
ای ایف ایم برلن میں مہاراشٹر نے فلم سٹی کا جدید بنیادی ڈھانچہ، مراٹھی سنیما اور عالمی مشترکہ پروڈکشن کے مواقع پیش کیے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 FEB 2026 4:21PM by PIB Delhi
قومی فلم ترقیاتی کارپوریشن لمیٹڈ (این ایف ڈی سی)، جو وزارتِ اطلاعات و نشریات، حکومتِ ہند کے تحت کام کرتی ہے، نے برلن میں منعقدہ برلن بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے موقع پر یورپی فلم مارکیٹ (ای ایف ایم) 2026 میں مہاراشٹر کے وفد کی شرکت کو ممکن بنایا۔
یورپی فلم مارکیٹ (ای ایف ایم) دنیا کے بااثر ترین پلیٹ فارمز میں شمار ہوتی ہے، جہاں فلموں کی فنانسنگ، فروخت، تقسیم اور بین الاقوامی مشترکہ پروڈکشن کے معاملات طے پاتے ہیں۔ یہ فورم دنیا بھر کے نمایاں پروڈیوسرز، اسٹوڈیوز، سیلز ایجنٹس اور پالیسی سازوں کو یکجا کرتا ہے۔ای ایف ایم قومی سطح کی منتخب پیشکشوں اور صنعت سے متعلق اسٹریٹجک روابط کے لیے ایک مؤثر اور باوقار ماحول فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے بامعنی اشتراک عمل کو فروغ ملتا ہے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے مواقع ہموار ہوتے ہیں۔

یہ سرگرمی بھارت پرو کے تحت بھارت کی وسیع تر ثقافتی و صنعتی رسائی مہم کا حصہ تھی۔ یہ پلیٹ فارم ویوز بازار کی جانب سے ترتیب دیا گیا، جس کا مقصد عالمی برادری کے سامنے بھارت کی تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی قوت کو اجاگر کرنا ہے۔
مہاراشٹر کے وفد کی قیادت حکومتِ مہاراشٹر کے اطلاعاتی ٹیکنالوجی و ثقافتی امور کے وزیر جناب آشیش شیلار نے کی۔ وفد میں سیکریٹری برائے ثقافتی امور کرن کلکرنی، ڈپٹی سیکریٹری مہیش واوہل، مہاراشٹر فلم اسٹیج اینڈ کلچرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر سواتی مہسے پاٹل، جوائنٹ منیجنگ ڈائریکٹر پرشانت ساجنیکار، آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی سچترا دیشپانڈے، کلچرل کوآرڈینیٹنگ آفیسر منگیش راؤل اور فلم ساز منوج کدم شامل تھے۔

پریزنٹیشن کے دوران Maharashtra Film Stage & Cultural Development Corporation Ltd. (مہاراشٹر فلم اسٹیج اینڈ کلچرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ )نے ریاست کے متحرک اور متنوع فلمی ماحولیاتی نظام کو اجاگر کرتے ہوئے اس وژن کا خاکہ پیش کیا جس کے تحت مہاراشٹر کو فلم سازی، مشترکہ تخلیق اور ثقافتی تبادلے کا عالمی مرکز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ممبئی میں قائم عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ دادا صاحب پھالکے چتر نگری – فلم سٹی، ممبئی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ یہ ایک مربوط اور جامع پروڈکشن ہب ہے جو فلم سازی کے پورے عمل کو ایک ہی مقام پر سہارا دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جہاں جدید اسٹوڈیوز، آؤٹ ڈور سیٹس، پوسٹ پروڈکشن سہولیات اور تکنیکی ڈھانچہ دستیاب ہے۔

وفد نے مراٹھی سنیما کی تخلیقی و تجارتی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا اور اس کے بین الاقوامی فلمی میلوں میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو نمایاں کیا۔ بات چیت کا محور عالمی سطح پر مشترکہ پروڈکشن کے مواقع میں توسیع، فنکاروں کے تبادلے اور فلمی سیاحت کے فروغ پر رہا، جبکہ علاقائی کہانیوں کو عالمی منڈی کے بدلتے رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کی حکمتِ عملی پر بھی زور دیا گیا۔
مہاراشٹر کے ترقی پسند پالیسی فریم ورک، مالی معاونت کے مؤثر نظام اور فلم سازوں کے لیے سازگار ماحول کو بین الاقوامی اشتراک کے اہم محرکات کے طور پر پیش کیا گیا۔ وفد نے واضح کیا کہ ریاست مضبوط ادارہ جاتی تعاون اور مکمل پروڈکشن بنیادی ڈھانچے کی بدولت عالمی شراکت داروں کے ساتھ اشتراک اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
این ایف ڈی سی نے مہاراشٹر کو بین الاقوامی شراکت داریوں کے فروغ اور عالمی سطح کی نمایاں فلمی منڈیوں میں بھارت کی موجودگی مستحکم کرنے کے لیے اپنے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :2496 )
(ریلیز آئی ڈی: 2228438)
وزیٹر کاؤنٹر : 6