وزارت دفاع
عالمی غیر یقینی حالات کے باوجود مضبوط اور تیار رہیں، آپریشن سندور کے دوران اہم کردار ادا کرنے والے این سی سی کیڈٹس سے حوصلہ حاصل کریں: وزیرِ دفاع کا نوجوانوں سے خطاب
’’حکومت کے وکست بھارت کے ہدف کے حصول میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہوگا‘‘
جناب راج ناتھ سنگھ نے غیر معمولی کارکردگی اور فرض شناسی کے اعتراف میں این سی سی کیڈٹس کو رکشا منتری پدک اور توصیفی اسناد سے نوازا
प्रविष्टि तिथि:
24 JAN 2026 1:50PM by PIB Delhi
وزیرِ دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’چونکہ دنیا اس وقت غیر یقینی حالات کے دور سے گزر رہی ہے، اس لیے ہمارے نوجوانوں کو جسمانی، ذہنی اور جذباتی طور پر مضبوط رہنا چاہیے اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے،‘‘ اور انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اُن بہادر اور باکردار این سی سی کیڈٹس سے حوصلہ حاصل کریں جنہوں نے آپریشن سندور کے دوران ملک بھر میں منعقد کی گئی موک ڈرلز کے موقع پر عوامی بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔24 جنوری 2026 کو دلّی کینٹ میں منعقدہ این سی سی ریپبلک ڈے کیمپ میں کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انہیں ملک کی دوسری صفِ دفاع قرار دیا اور کہا کہ جب آپریشن کے دوران پورا ملک اپنی مسلح افواج کے ساتھ تھا، تو کیڈٹس نے بھی اپنی ذمہ داری غیر معمولی انداز میں نبھائی۔انہوں نے کہا،’’بھارتی مسلح افواج نے پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر (پی او کے) میں موجود دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جو پہلگام میں ہونے والے افسوسناک اور بزدلانہ دہشت گرد حملے کا مناسب جواب تھا۔انھوں نے کہا کہ ہمارے سپاہیوں نے جرأت اور ضبطِ نفس کا مظاہرہ کیا۔ ہم نے صرف اُنہی عناصر کو نشانہ بنایا اور تباہ کیا جنہوں نے ہمیں نقصان پہنچایا، کسی اور کو نہیں۔ یہ اسی لیے ممکن ہو سکا کیونکہ ہماری افواج جسمانی، ذہنی اور جذباتی طور پر مضبوط ہیں۔‘‘
وزیرِ دفاع نے نوجوانوں کو مہابھارت کے ابھی منیو سے تشبیہ دی، جو ہر طرح کے چکرویوہ میں داخل ہونا جانتا ہے اور اس سے فتح یاب ہو کر نکلتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے 2047 تک بھارت کو وکست بھارت بنانے کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا بھرپور تعاون دیں۔ انہوں نے کہا،’’ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو چکے ہیں جہاں نوجوانوں سے توقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ وہ ملک کے بیش قیمت اثاثے ہیں اور ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی ذمہ داری انہی کے کندھوں پر ہے۔‘‘
جناب راج ناتھ سنگھ نے این سی سی کو نوجوانوں کی ہمہ جہت ترقی کا ایک بہترین ذریعہ قرار دیا، جو بدلے میں ملک کی تعمیر میں اپنا انمول کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا،’’آج کی دنیا سہولت فروخت کر رہی ہے۔ ویڈیو گیمز، کھانے کی ہوم ڈیلیوری اور اس طرح کی دیگر چیزیں انسانی زندگی میں آرام پیدا کرنے کے لیے ہیں۔ لیکن پریڈز، مشقوں اور کیمپوں کے ذریعے این سی سی آپ کو اس آرام دہ دائرے سے باہر نکالتی ہے اور ذہنی طور پر مضبوط بناتی ہے۔ اس کے علاوہ بچے زندگی کی کئی ایسی مہارتیں سیکھتے ہیں جو آفات کے دوران خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔‘‘
وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ این سی سی، کیڈٹس میں نظم و ضبط اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرتی ہے اور انہیں توجہ کی کمی جیسے مسئلے پر قابو پانے میں مدد دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں، جب لوگ ہر چیز فوراً حاصل کرنا چاہتے ہیں، این سی سی صبر، تسلسل اور توجہ سکھاتی ہے، جو زندگی کی بڑی جدوجہد، ملک کی عظیم ذمہ داریوں اور کردار سازی کے لیے ناگزیر ہیں۔ یہ توجہ، ان کے مطابق، کیڈٹس کی زندگی کے ہر شعبے میں جھلکتی ہے، خواہ وہ مسلح افواج میں شامل ہوں یا ڈاکٹر، انجینئر، استاد، سائنس داں، منتظم، سیاست دان وغیرہ بنیں۔
کیڈٹس کو زندگی میں صرف پلان-اے ہی نہیں بلکہ پلان-بی اور ضرورت پڑنے پر پلان-سی تیار رکھنے کی اہمیت سمجھاتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جب صرف پلان-اے ہوتا ہے اور وہ کارگر ثابت نہیں ہوتا، تو خوف اور مایوسی پیدا ہو جاتی ہے، لیکن اگر پلان-بی اور پلان-سی موجود ہوں تو حالات قابو میں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا،’’آپ کو ہمیشہ پلان-بی کے لیے تیار رہنا چاہیے اور یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اگر آج بارش ہے تو کل سورج ضرور نکلے گا۔ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے’میرا طریقہ یا کوئی نہیں‘ کے بجائے ایک فوجی طرزِ فکر اپنائیں۔‘‘
ملک کی تعمیر میں این سی سی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیرِ دفاع نے کہا کہ این سی سی کے ذریعے تربیت حاصل کرنے والے بے شمار افراد نے ملک کی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا،’’پرَم ویر چکر اعزاز یافتہ کیپٹن منوج پانڈے اور کیپٹن وکرم باترا این سی سی کیڈٹس تھے۔ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی اور میں خود بھی این سی سی کے کیڈٹس رہ چکے ہیں۔ این سی سی سے گریجویٹ بہت سے افراد نے ملک کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیں۔ 1965 اور 1971 کی جنگوں کے دوران این سی سی کیڈٹس کو دوسری صفِ دفاع کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ یہ این سی سی کے اس اہم کردار کا ثبوت ہے جو اس نے ہر شعبے میں ادا کیا ہے۔‘‘
مورخہ 26 جنوری کوملک کے 77ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ دن جمہوریت اور آئینی اقدار کے تئیں ملک کے عزم کو مضبوط بنانے کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے کہا،’’آئین محض ایک تحریر نہیں بلکہ ہمارے سماجی، سیاسی، ثقافتی اور دیگر حقوق و فرائض کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے۔ ہمیں ویسا انسان بننے کی طرف بڑھنا چاہیے جیسا ہمارا آئین ہم سے توقع کرتا ہے۔ ہمیں اپنے آئین کو سمجھنا چاہیے اور ہمیں عطا کیے گئے حقوق اور فرائض کو پورا کرنا چاہیے۔ اس پوری مہم میں ہمارے این سی سی کیڈٹس علمبردار کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘‘
تقریب کے ایک حصے کے طور پر اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران جناب راج ناتھ سنگھ نے غیر معمولی کارکردگی اور فرض شناسی کے اعتراف میں کیڈٹس کو رکشا منتری پدک اور توصیفی اسناد عطا کیے۔اس سال رکشا منتری پدک جموں و کشمیر و لداخ ڈائریکٹوریٹ کی کیڈٹ ارپن دیپ کور اور مغربی بنگال و سکم ڈائریکٹوریٹ کے کیڈٹ پالدن لیپچا کو دیا گیا۔ جبکہ توصیفی اسناد کرناٹک و گوا ڈائریکٹوریٹ کی پیٹی آفیسر لیشا دیجپا سوورنا، مدھیہ پردیش و چھتیس گڑھ ڈائریکٹوریٹ کے جونیئر انڈر آفیسر پون بھاگل، شمال مشرقی خطے کے ڈائریکٹوریٹ کی کارپورل رادھا دورجی اور اتراکھنڈ ڈائریکٹوریٹ کے کیڈٹ پرنس سنگھ رانا کو پیش کی گئیں۔
وزیرِ دفاع نے این سی سی کے تینوں شعبوں سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کی جانب سے پیش کیے گئے شاندار گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
اس تقریب کا ایک اور نمایاں حصہ سندھیا اسکول، گوالیار (مدھیہ پردیش و چھتیس گڑھ ڈائریکٹوریٹ) کے این سی سی کیڈٹس کی جانب سے پیش کی گئی شاندار بینڈ پرفارمنس تھی۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے ’فلیگ ایریا‘ کا بھی دورہ کیا، جسے این سی سی کے تمام 17 ڈائریکٹوریٹس سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس نے مختلف سماجی بیداری کے موضوعات پر نہایت محنت اور سلیقے سے تیار کیا تھا۔ انہوں نے کیڈٹس کی جانب سے پیش کردہ ثقافتی پروگرامز کا بھی مشاہدہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل این سی سی لیفٹیننٹ جنرل وریندر وتس اور این سی سی و وزارتِ دفاع کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
*****
ش ح-ا ع خ ۔ر ا
U-No- 1028
(रिलीज़ आईडी: 2218141)
आगंतुक पटल : 16