وزارات ثقافت
وزارتِ ثقافت 2026 کی یومِ جمہوریہ پریڈ میں‘وندے ماترم کے 150 سال’کے موضوع پر جھانکی پیش کرے گی
प्रविष्टि तिथि:
21 JAN 2026 9:59PM by PIB Delhi
وزارتِ ثقافت 2026 کی یومِ جمہوریہ پریڈ میں’وندے ماترم کے 150 سال‘کے موضوع پر ایک جھانکی پیش کرے گی، جس میں قومی نغمہ وندے ماترم کو بھارت کی تہذیبی یاد، اجتماعی شعور اور ثقافتی تسلسل کے ایک زندہ اظہار کے طور پر نمایاں کیا جائے گا۔
موضوع سے آگاہ کرتے ہوئے، وزارتِ ثقافت کے سکریٹری جناب وویک اگروال نے کہا کہ بھارت کی یومِ جمہوریہ کی جھانکیاں محض رسمی مظاہرے نہیں ہوتیں، بلکہ وہ قوم کی تہذیبی یادداشت کے متحرک محفوظات کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ہر برس یہ جھانکیاں خیالات، اقدار اور تاریخی تجربات کو ایک مشترکہ بصری زبان میں ڈھالتی ہیں اور اس حقیقت کی توثیق کرتی ہیں کہ ثقافت جمہوریہ کی آرائش نہیں بلکہ اس کو قائم رکھنے والی روح ہے۔ اسی تسلسل میں وندے ماترم ایک منفرد اور دائمی مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی انقلابیوں کی زبان پر، جیلوں میں، اجلاسوں اور جلوسوں میں گایا جانے والا وندے ماترم محض ایک گیت نہیں رہا۔ سری اروبندو نے اس میں ایسی روحانی قوت دیکھی جو اجتماعی شعور کو بیدار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے-ایک ایسا تصور جس کی تاریخ نے بعد ازاں تصدیق کی۔ 1875 میں بنکم چندر چٹوپادھیائے کی تخلیق کردہ اس نظم نے قوم کو ماں کی صورت میں پیش کیا-سجلَم، سُپھلَم-قدرتی وسائل، پرورش اور باطنی قوت سے مالا مال۔ نوآبادیاتی دور میں اس نے وقار اور خود اعتمادی کو بحال کیا، سرشاری کو جرات میں اور شاعری کو عزم میں بدل دیا اور آزادی کی مشترکہ آرزو کے تحت مختلف خطوں، زبانوں اور مذاہب کے ہندوستانیوں کو یکجا کیا۔
وزارتِ ثقافت کی 2026 کی یومِ جمہوریہ جھانکی اس طویل اور تہہ دار سفر کو ایک طاقتور بصری صورت عطا کرتی ہے۔ متحرک ٹریکٹر پر وندے ماترم کا اصل مسودہ رکھا گیا ہے، جس کے بعد بھارت کے چاروں سمتوں سے آئے لوک فنکار شامل ہیں جو ملک کی ثقافتی کثرت کو مجسم کرتے ہیں۔ جھانکی کے مرکز میں موجودہ نسل کی نمائندگی جین-جی کے ذریعے کی گئی ہے، جو وشنوپنت پاگنِس کی تاریخی پیشکش سے متاثر ہو کر وندے ماترم پیش کرتی ہے۔ راگا سارنگ میں گیت کی ریکارڈنگ جس میں نوآبادیاتی سنسرشپ سے بچنے کے لیے بند کی ترتیب بدلی گئی،تحریکِ آزادی کے دوران فنّی مزاحمت کی ایک نمایاں مثال بن گئی۔
2021 سے اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے) کو وزارتِ ثقافت کی یومِ جمہوریہ جھانکی کے تصوراتی خاکے اور عملی نفاذ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ برسوں کے دوران آئی جی این سی اے نے بھارت کی فلسفیانہ، تاریخی اور ثقافتی بنیادوں سے ماخوذ موضوعات کو ایک ایسی بصری اسلوب میں پیش کیا ہے جو نسل در نسل ہم آہنگی پیدا کرتا ہے۔ 2026 کی جھانکی اسی روایت کو آگے بڑھاتی ہے، اور وندے ماترم کو محض ایک تاریخی تخلیق نہیں بلکہ اخلاقی، ثقافتی اور جذباتی معنویت کے مسلسل سرچشمے کے طور پر پیش کرتی ہے۔
اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے) کےرکنِ سکریٹری ڈاکٹر سچیدانند جوشی نے مشاہدہ کیا کہ وزارتِ ثقافت کی جھانکی کسی ایک وزارت یا محکمے کی نمائندگی سے آگے بڑھ کر ملک کے اجتماعی جذبات، تاریخ اور قومی شعور کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یومِ جمہوریہ پریڈ کے لیے وزارتِ ثقافت کی جھانکی کا موضوع ’وندے ماترم کے 150 سال‘ طے کیا گیا ہے، جو فنّی اظہار کے ذریعے قومی نغمے کے متاثرکن تاریخی و ثقافتی سفر کو پیش کرے گا۔
ڈاکٹر جوشی نے مزید کہا کہ گزشتہ چھ برسوں سے آئی جی این سی اے وزارتِ ثقافت کی یومِ جمہوریہ جھانکی کے تصور اور نفاذ کی ذمہ داری انجام دے رہا ہے۔ جہاں اکثر وزارتیں اور ریاستیں مخصوص کامیابیوں یا پروگراموں کو اجاگر کرتی ہیں، وہیں وزارتِ ثقافت ایک منفرد انداز اختیار کرتی ہے جس میں متعدد ثقافتی جہتوں کو یکجا کیا جاتا ہےاور یہی طرزِ فکر 2026 کے لیے ’وندے ماترم کے 150 سال‘ کے موضوع پر منتج ہوا ہے۔
جب بھارت یومِ جمہوریہ 2026 منارہا ہے تو وندے ماترم قوم کو نہ صرف آزادی کو یاد رکھنے کی، بلکہ اس کے لائق بنے رہنے کی بھی دعوت دیتا ہے۔ اس پیشکش کے ذریعے وزارتِ ثقافت قومی نغمے کو بھارت کے اتحاد، ثقافتی گہرائی اور پائیدار روح کی علامت کے طور پر ازسرِنو مستحکم کرنا چاہتی ہےجو جدوجہدِ آزادی کی یاد کو حال کی ذمہ داریوں اور مستقبل کی امنگوں سے جوڑتا ہے۔
وزارتِ ثقافت کے یومِ جمہوریہ کیٹلاگ کو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
***
ش ح۔ع ح ۔ ج ا
U NO: 910
(रिलीज़ आईडी: 2217200)
आगंतुक पटल : 6