وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

شریمد وجے رتن سندر سوریشور جی مہاراج کی 500ویں کتاب کے اجرا کے موقع پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا تبصرہ


مہاراج کی تخلیقات انسانیت کو درپیش چیلنجوں کے لیے روحانی حل پیش کرتی ہیں: وزیر اعظم

نوجوانوں کی طاقت ثقافتی جڑوں کو مضبوط کرتے ہوئے ترقی پسند ہندوستان کو آگے بڑھا رہی ہے: وزیر اعظم

وزیر اعظم مودی نے سماج اور ملک کے لیے نو قراردادوں کا اعادہ کیا

प्रविष्टि तिथि: 11 JAN 2026 1:44PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو پیغام کے ذریعے شریمد وجے رتن سندر سوریشور جی مہاراج کی 500ویں کتاب کی اجرا تقریب کے موقع پر اپنے تبصرے پیش کیے۔ مجمع سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ اس مقدس موقع پر وہ سب سے پہلے قابل تعظیم بھون بھانو سوریشور جی مہاراج کے قدموں میں سر جھکاتے ہیں اور پرسنت مورتی سوِوشال گچّھادھی پتی پوجیہ شریمد وجے راجیندر سوریشور جی مہاراج، پوجیہ گچّھادھی پتی شری کلپترو سوریشور جی مہاراج، سرسوتی کرِپا پاتر پرم پوجیہ آچاریہ بھگونت شریمد وجے رتن سندر سوریشور جی مہاراج اور تقریب میں موجود تمام سنتوں اور سادھووں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اورجا مہوتسو کمیٹی کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں مبارک باد بھی دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم سب کو اس بات کی سعادت حاصل ہو رہی ہے کہ شریمد وجے رتن سندر سوریشور جی مہاراج کی 500ویں کتاب کی رسم اجرا کے گواہ بن رہے ہیں، جنہوں نے علم کو صرف صحیفوں تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے اپنی زندگی میں برت کر دکھایا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مہاراج کی شخصیت ضبط نفس، سادگی اور وضاحت کا ایک منفرد امتزاج ہے۔ وہ جب لکھتے ہیں تو ان کے الفاظ تجربے کی گہرائی لیے ہوتے ہیں، جب بولتے ہیں تو ان کی آواز میں کرُونا (شفقت) کی قوت ہوتی ہے اور حتیٰ کہ خاموشی میں بھی وہ رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراج کی 500ویں کتاب کا موضوع، ”پریم نو وشو، وشونو پریم“ بذات خود بہت کچھ بیان کرتا ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس تخلیق سے سماج، نوجوانوں اور انسانیت کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ خصوصی موقع اور اورجا مہوتسو لوگوں میں فکر و نظر کی نئی توانائی بھرے گا اور اس کے لیے انہوں نے سبھی کو مبارک باد پیش کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مہاراج کی 500 تصانیف ایک وسیع سمندر کی مانند ہیں، جن میں فکر کے بے شمار جواہر پوشیدہ ہیں اور جو انسانیت کے مسائل کے لیے سادہ اور روحانی حل پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وقت اور حالات کے مطابق یہ مختلف متون رہنمائی کے چراغ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیر تھنکروں اور سابقہ آچاریوں کی تعلیمات، عدم تشدد، عدم ملکیت اور ہمہ جہتی نظریے کے ساتھ ساتھ محبت، رواداری اور ہم آہنگی کی جھلک اِن تحریروں میں جدید اور عصری صورت میں نظر آتی ہے۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ خاص طور پر آج، جب دنیا تقسیم اور تصادم کی کشمکش سے دوچار ہے، ”پریم نو وشو، وشونو پریم“ کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک کتاب نہیں بلکہ ایک منتر ہے، جو محبت کی قوت سے روشناس کراتا ہے اور اس امن و ہم آہنگی کی طرف رہنمائی کرتا ہے جس کی دنیا متلاشی ہے۔

جناب مودی نے کہا کہ جین فلسفہ کا رہنما اصول ”پرسپرو پگرہو جیونم“ ہے، جس کا مطلب ہے کہ ہر زندگی دوسری سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب یہ اصول سمجھ میں آ جاتا ہے تو ہمارا نقطہ نظر فرد سے جماعت کی طرف منتقل ہو جاتا ہے اور ہم ذاتی خواہشات سے بالاتر ہو کر سماج، قوم اور انسانیت کے مقاصد پر غور کرنے لگتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اسی جذبے کے ساتھ انہوں نے نوکار منتر ڈے میں شرکت کی تھی اور اس تاریخی موقع پر انہوں نے نو عہد کیے تھے جنہیں آج وہ دہرا رہے ہیں اور جو ہیں: پانی بچانے کا عہد، ایک پودا ماں کے نام، صفائی کا مشن، ووکل فار لوکل، بھارت درشن کو اپنانا، قدرتی کھیتی باڑی کو اپنانا، صحت مند طرز زندگی کو اپنانا، زندگی میں یوگا اور کھیل کو شامل کرنا اور غریبوں کی مدد کرنا۔

”ہندوستان آج دنیا کے سب سے نوجوان ممالک میں شامل ہے، اس کے نوجوان ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ثقافتی جڑوں کو بھی مضبوط کر رہے ہیں“، جناب مودی نے زور دے کر کہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تبدیلی میں مہاراج صاحب جیسے سنتوں کی رہنمائی، ان کا ادب اور ان کے کلام کا اہم کردار ہے۔ وزیر اعظم نے ایک بار پھر اظہار تشکر کرتے ہوئے اور مہاراج صاحب کی 500 ویں کتاب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مہاراج کے خیالات ہندوستان کے فکری، اخلاقی اور انسانی سفر کو روشن کرتے رہیں گے۔

 

 

                                               **************

                                                                                                   

 

ش ح۔ ف ش ع

11-01-2026

                                                                                                                                          U: 415

 


(रिलीज़ आईडी: 2213418) आगंतुक पटल : 12
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Manipuri , Bengali , Bengali-TR , Assamese , Gujarati , Odia , Tamil , Kannada , Malayalam