وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بھارتی بحریہ لکشدیپ کے جزائر میں مشترکہ افواج کا کثیر الشعبہ میڈیکل کیمپ منعقد کرے گی

प्रविष्टि तिथि: 10 JAN 2026 2:45PM by PIB Delhi

بھارتی بحریہ 12 سے 16 جنوری 2026 تک مرکزی خطہ لکشدیپ میں مشترکہ افواج پر مشتمل کثیر الشعبہ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کر رہی ہے، جو صحت کے شعبے میں رسائی، عوامی فلاح و بہبود اور پائیدار سول۔ملٹری تعاون کے لیے بحریہ کے عزم کی توثیق ہے۔ پانچ روزہ اس طبی کیمپ کا باضابطہ افتتاح ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی، چیف آف دی نیول اسٹاف کریں گے۔ اس کیمپ کا مقصد ماہر ڈاکٹروں کی مشاورت، علاج معالجے کی سہولیات اور منتخب جراحی اقدامات، جن میں موتیابند کے آپریشن بھی شامل ہیں، کے ذریعے لکشدیپ کے رہائشیوں کو جامع طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

یہ اقدام بھارتی بحریہ کی جانب سے نیوی ڈے آؤٹ ریچ سرگرمیوں کے تحت باقاعدگی سے طبی کیمپوں کے انعقاد کے ذریعے جزائر میں موجود صحت کے نظام کو سہارا دینے اور مضبوط بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران ان میڈیکل کیمپوں میں بنیادی طبی شعبہ جات اور ڈینٹل سرجری شامل رہی ہے، جو لکشدیپ کے بیشتر جزائر تک پھیلی ہوئی تھیں۔ صحت کے شعبے میں ترقی، مرکزی خطہ لکشدیپ انتظامیہ کے تعاون اور مقامی آبادی کے حوصلہ افزا ردِعمل کے باعث اب اس ہیلتھ کیمپ کو کثیر الشعبہ طبی کیمپ کی شکل دے دی گئی ہے۔

لکشدیپ میں سرکاری سطح پر قائم صحت کا ایک مربوط نظام موجود ہے، جس میں ضلعی اسپتال، کمیونٹی ہیلتھ مراکز اور بنیادی صحت کی سہولیات شامل ہیں۔ یہ کثیر الشعبہ ہیلتھ کیمپ ان خدمات کی تکمیل کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، تاکہ ماہر اور سپر اسپیشلسٹ طبی سہولیات مربوط اور مریض دوست انداز میں فراہم کی جا سکیں۔ کیمپ میں بیماریوں کی بروقت تشخیص، وقت پر علاج اور عام و دائمی امراض کے مناسب طبی انتظام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

یہ کیمپ اگاتی، کَوارَتی، اَندروتھ، امِنی اور مِنیکوئے کے جزائر کا احاطہ کرے گا۔ اسے بھارتی فوج، بھارتی بحریہ اور بھارتی فضائیہ کے تجربہ کار میڈیکل افسران اور ماہرین پر مشتمل مشترکہ افواج کی میڈیکل ٹیم انجام دے گی۔ تینوں افواج کے ماہرین کی شرکت سے طبی مہارت کا وسیع دائرہ میسر ہوگا، جس سے کیمپ کے دوران جامع اور مربوط صحت کی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

طبی مشاورت کئی بنیادی شعبہ جات میں فراہم کی جائے گی، جن میں ڈینٹل سرجری بھی شامل ہے، جبکہ چند سپر اسپیشلسٹ شعبوں جیسے امراضِ قلب، اینڈوکرائنولوجی(غدود کا شعبہ)، نیفرولوجی(گردے کی بیماریوں کا شعبہ)، نیورولوجی(اعصابی امراض) اور گیسٹرواینٹرولوجی(پیٹ کے امراض) کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

او پی ڈی مشاورت کے ساتھ ساتھ کیمپ کے دوران موتیابند کے آپریشن اور چند منتخب جنرل سرجری کے طریقۂ علاج بھی انجام دیے جائیں گے، جو مقامی صحت کے حکام کے تعاون سے کیے جائیں گے۔ کیمپ کا جراحی پہلو ان مریضوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری لانے کی توقع ہے جنہیں آپریشن کی ضرورت ہے۔ ماہر ڈاکٹروں کے ذریعے مریضوں کی جانچ کا عمل جزائر میں پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔

میڈیکل ٹیمیں علاج کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے علاج کے بعد کی دیکھ بھال سے متعلق رہنمائی بھی فراہم کریں گی، تاکہ کیمپ کے اختتام کے بعد بھی مریضوں کا علاج جاری رہ سکے۔ علاج اور جراحی سہولیات کے ساتھ ساتھ اس کیمپ میں احتیاطی صحت اور طبی آگاہی پر بھی خصوصی زور دیا جائے گا۔ میڈیکل افسران کمیونٹی کے افراد سے ملاقات کر کے طرزِ زندگی سے متعلق بیماریوں، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت اور عمومی تندرستی کے موضوعات پر رہنمائی فراہم کریں گے۔

بھارتی بحریہ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد، آفات سے نمٹنے اور سماجی خدمت کے اقدامات میں ایک طویل روایت حاصل ہے۔ لکشدیپ کا یہ ہیلتھ کیمپ اسی روایتِ خدمت اور عوامی رابطے کا تسلسل ہے۔

افتتاحی تقریب میں بھارتی بحریہ کی اعلیٰ قیادت شرکت کرے گی، جن میں وائس ایڈمرل سمیر سکسینہ، فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، سدرن نیول کمانڈ؛ سرجن وائس ایڈمرل آرتی سرین، ڈائریکٹر جنرل آرمڈ فورسز میڈیکل سروسز؛ اور سرجن وائس ایڈمرل کویتا سہائے، ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز (نیوی) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی خطہ لکشدیپ کے ایڈمنسٹریٹر کے مشیر، لکشدیپ انتظامیہ اور مسلح افواج کے سینئر حکام بھی موجود ہوں گے۔

طبی آؤٹ ریچ بھارتی بحریہ کے قومی خدمت کے نصب العین کا ایک اہم جزو ہے۔ 12 سے 16 جنوری 2026 تک منعقد ہونے والا یہ کیمپ لکشدیپ کے بڑی تعداد میں رہائشیوں کو فائدہ پہنچانے اور بھارتی بحریہ اور مقامی عوام کے درمیان اعتماد اور خیرسگالی کو مزید مضبوط بنانے کی توقع رکھتا ہے۔

 

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  395  )


(रिलीज़ आईडी: 2213246) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Marathi , हिन्दी , Bengali , Tamil , Malayalam