صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

بوتسوانا نے پروجیکٹ چیتا کے اگلے مرحلے کے لیے ہندوستان کو آٹھ چیتے تحفے میں دیے ہیں۔ صدرجمہوریہ ہند نے موکولوڈی نیچر ریزرو میں ان کی علامتی رہائی کا مشاہدہ کیا


نائب صدراوربوتسوانا کے وزیر برائے بین الاقوامی تعلقات نے صدرجمہوریہ ہند سے ملاقات کی

ہندوستان کی صدر نے بوتسوانا میں مقیم ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان سے خطاب کیا

صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے ہندوستانی برادری کے ارکان سے کہا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنا کر بوتسوانا کی ترقی میں اپنا رول اداکرنا جاری رکھیں

Posted On: 13 NOV 2025 5:34PM by PIB Delhi

ہندوستان کی صدرجمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج صبح (13 نومبر 2025) بوتسوانا کے صدر محترم ایڈوکیٹ ڈوما گیڈون بوکو کے ہمراہ موکولوڈی نیچر ریزرو کا دورہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت اور بوتسوانا کے ماہرین کی نگرانی میں غانزی کے علاقے سے پکڑے گئے چیتوں کو قرنطینہ یونٹ میں چھوڑنے کا مشاہدہ کیا۔ یہ تقریب بوتسوانا کی جانب سے پروجیکٹ چیتا کے تحت ہندوستان کو آٹھ چیتوں کے علامتی تحفے کی نمائندگی کرتی ہے اور جنگلی حیات کے تحفظ میں ہندوستان-بوتسوانا تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کرتی ہے۔

بعد ازاں، الگ الگ ملاقاتوں میں، بوتسوانا کے نائب صدر، عزت مآب ندابا نکوسیناتھی گاولاتھے، اور بین الاقوامی تعلقات کے وزیر، عزت مآب ڈاکٹر فینیو بوٹالے نے صدر محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

نئی دہلی روانگی سے قبل، صدر نے گبرون میں بوتسوانا میں ہندوستان کے ہائی کمشنر کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں ہندوستانی برادری کے ارکان سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جل شکتی اور ریلویز کے وزیر مملکت جناب وی سومنا، اور پارلیمنٹ کے ارکان جناب پربھو بھائی ناگر بھائی وساوا اور محترمہ ڈی کے ارونا بھی موجود تھیں۔

ہندوستانی برادری کے پرجوش ارکان سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ہندوستانی عوام ان کی شراکت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ وہ ہندوستان کے حقیقی ثقافتی سفیر ہیں، جو محنت، ایمانداری اور ہم آہنگی کی اقدار کی نمائندگی کرتے ہیں، جو ہندوستان اور بوتسوانا دونوں کی پہچان ہیں۔ صدر نے ان پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنا کر بوتسوانا کی ترقی میں اپنا تعاون جاری رکھیں۔ انہوں نے انہیں او سی آئی اسکیم اور پرواسی بھارتیہ دن جیسے اقدامات سے فائدہ اٹھانے اور ہندوستان کی ترقی میں اپنے تجربات کا اشتراک کرنے کی ترغیب دی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور بوتسوانا کے تعلقات اعتماد، احترام اور مشترکہ جمہوری اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اجتماع کو بتایا کہ بوتسوانا کے صدر بوکو کے ساتھ بات چیت کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہندوستان اور بوتسوانا تجارت، تعلیم، صحت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، زراعت اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبوں میں مزید تعاون کریں گے۔

افریقی ممالک انگولا اور بوتسوانا کے کامیاب دورے کے بعد صدر جمہوریہ کے 14 نومبر کی صبح نئی دہلی پہنچنے کی توقع ہے۔

 

*****

UR-1223

(ش ح۔ا س ک۔ ف ر )


(Release ID: 2189784) Visitor Counter : 15