وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

بھوٹان کے عزت  مآب چوتھے شاہ کے 70ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم کی تقریر کا متن

Posted On: 11 NOV 2025 1:53PM by PIB Delhi

عزت مآب  بھوٹان کےشاہ

عزت مآب چوتھے شاہ

شاہی خاندان کے معزز اراکین

بھوٹان کے وزیر اعظم

دیگر معزز شخصیات

اور بھوٹان کے میرے بھائیو اور بہنو!

کوجوجانگپو لا!

آج کا دن بھوٹان کے لیے، بھوٹان کے شاہی خاندان کے لیے، اور ان تمام لوگوں کے لیے جو عالمی امن میں یقین رکھتے ہیں، انتہائی اہم ہے۔

ہندوستان اور بھوٹان کا صدیوں سے گہرا روحانی اور ثقافتی رشتہ ہے۔ اس لیے اس اہم موقع پر شرکت کرنا ہندوستان کا اور میرا فیصلہ تھا۔

لیکن آج میں یہاں بہت بھاری دل کے ساتھ آیا ہوں۔ کل شام دہلی میں پیش آنے والے ہولناک واقعے نے سب کو گہرا دکھ پہنچایا ہے۔ میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ کو سمجھتا ہوں۔ آج پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

میں کل رات گھر ا س واقعے کی تحقیقات میں شامل سبھی ایجنسیوں کے ساتھ ،تمام اہم افراد کے ساتھ رابطے میں تھا۔تبادلہ خیال ہوتا تھا۔ جانکاریوں کے تار جوڑے جارہے تھے۔

 

ہماری ایجنسیاں اس سازش کی تہہ تک پہنچ جائیں گی۔ اس کے پیچھے سازش کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔

تمام ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دوستو

آج، ایک طرف، گرو پدم سمبھو کے آشیرواد کے ساتھ یہاں گلوبل پیس پریئر فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اور دوسری طرف، بھگوان بدھ کے پپراہوا باقیات کے درشن ہورہے ہیں۔ اس سب کے ساتھ، ہم سب عزت مآب چوتھے شاہ کی 70ویں سالگرہ کی تقریبات کے گواہ بن  رہے ہیں۔

یہ تقریب، بہت سارے لوگوں کی باوقار موجودگی، ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔

دوستو

ہندوستان میں ہمارے آباؤ اجداد کی تحریک واسودھیوا کٹمبکم ہے، یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے۔

ہم کہتے ہیں: سرو ے بھونتو سکھینہ، یعنی اس زمین پر ہر شخص  خوشحال رہے۔

ہم کہتے ہیں:

دیوہ شانتی

انترکشم شانتی

پرتھوی شانتی

آپ شانتی:

اوشدھیا: شانتی

یعنی پوری کائنات، آسمان، خلا، زمین، پانی، ادویات، پودوں اور تمام جانداروں میں امن قائم ہو۔ انہی جذبات کے ساتھ، ہندوستان اس عالمی امن دعائیہ تہوار میں بھوٹان کے ساتھ شامل ہوا ہے۔

آج دنیا بھر سے آئے سنت مل کر عالمی امن کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ اور اس میں 140 کروڑ ہندوستانیوں کی دعائیں شامل ہیں۔

ویسے یہاں پر بہت سے لوگ نہیں جانتے ہوں گے کہ وڈ نگر، جہاں میں پیدا ہوا تھا، بدھ مت کی روایت سے جڑی ایک مقدس سرزمین رہی ہے۔ اور وارانسی، جو میری کرم بھومی  ہے، بدھ مت کے عقیدے کا بھی ایک اہم مقام ہے۔ اس لیے اس تہوار میں آنا خاص ہے۔ میری دعا ہے کہ امن کا یہ چراغ بھوٹان اور دنیا کے ہر گھر کو روشن کرے۔

دوستو

بھوٹان کےعزت مآب  چوتھےشاہ کی زندگی دانشمندی، سادگی، ہمت اور قوم کی بے لوث خدمت کا حسین امتزاج ہے۔

انہوں  نے 16 سال کی کم عمری میں بہت بڑی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ انہوں نے اپنے ملک کو باپ جیسا پیار دیا اور اسے ایک نظریہ کے ساتھ آگے بڑھایا۔ اپنے 34 سالہ دور حکومت میں انہوں نے بھوٹان کے ورثے اور ترقی دونوں کو ساتھ لے کر چلے۔

بھوٹان میں جمہوری نظام کے قیام سے لے کر ، سرحدی علاقوں میں امن قائم کرانے تک  عزت مآب نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

"مجموعی قومی خوشی" کا تصور جو آپ نے متعارف کرایا ہے وہ دنیا بھر میں ترقی کی وضاحت کے لیے ایک اہم پیرامیٹر بن گیا ہے۔ آپ نے ثابت کیا ہے کہ قوم کی تعمیر صرف جی ڈی پی سے نہیں ہوتی بلکہ انسانیت کی بھلائی سے ہوتی ہے۔

دوستو

انہوں نے ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان دوستی کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان دوستی آپ کی بنیاد پر پروان چڑھ رہی ہے۔

تمام ہندوستانیوں کی طرف سے، میں عزت مآب کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں، اور ان کی اچھی صحت اور لمبی عمر کے لیے دعا کرتا ہوں۔

دوستو

بھارت اور بھوٹان نہ صرف سرحدوں سے جڑے ہوئے ہیں بلکہ ثقافتوں سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ ہمارا رشتہ اقدار، جذبات، امن اور ترقی کا ہے۔

وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے کے بعد 2014 میں مجھے اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر بھوٹان جانے کا موقع ملا۔ آج بھی جب میں اس سفر کو یاد کرتا ہوں تو میرا دل جذبات سے بھر جاتا ہے۔ ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان تعلقات بہت مضبوط اور بھرپور ہیں۔ ہم مشکل کے وقت ساتھ کھڑے رہے، ہم نے مل کر چیلنجوں کا سامنا کیا، اور آج جیسے جیسے ہم ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہمارا رشتہ مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔

عزت مآب شاہ بھوٹان کو نئی بلندیوں پر لے جا رہے ہیں۔ ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان اعتماد اور ترقی کی شراکت پورے خطے کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔

دوستو

آج، جیسے جیسے ہمارے دونوں ممالک تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، ہماری توانائی کی شراکت داری اس ترقی کو مزید تیز  ترکر رہی ہے۔ ہندوستان بھوٹان ہائیڈرو پاور پارٹنرشپ کی بنیاد بھی چوتھے شاہ کی قیادت میں رکھی گئی تھی۔

عزت مآب چوتھے شاہ اور عزت مآب پانچویں شاہ دونوں نے بھوٹان میں سب سے پہلے پائیدار ترقی اور ماحولیات کے وژن کو آگے بڑھایا ہے۔ اس وژن کی بنیاد پر بھوٹان دنیا کا پہلا کاربن سے پاک ملک بن گیا ہے۔ یہ ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔ بھوٹان کا شمار فی کس قابل تجدید توانائی کی پیداوار میں دنیا کے سرکردہ ممالک میں ہوتا ہے۔

دوستو

آج بھوٹان اپنی 100فیصد بجلی قابل تجدید ذرائع سے پیدا کرتا ہے۔ آج اس صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ایک اور بڑا قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ آج، بھوٹان میں 1,000 میگاواٹ سے زیادہ کی صلاحیت کے ساتھ ایک نیا ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے، جس سے بھوٹان کی پن بجلی کی صلاحیت میں 40 فیصد اضافہ ہو گا۔ مزید برآں، ایک اور طویل عرصے سے رکے ہوئے ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ پر کام بھی دوبارہ شروع ہونے والا ہے۔

اور ہماری شراکت صرف پن بجلی تک محدود نہیں ہے۔

اب ہم شمسی توانائی میں مل کر بڑے قدم اٹھا رہے ہیں۔ اس سے متعلق اہم معاہدوں پر آج دستخط بھی ہوئے۔

دوستو

آج، توانائی کے تعاون کے ساتھ، ہماری توجہ ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان رابطے بڑھانے پر بھی ہے۔

یہ ہم سب جانتے ہیں۔

کنیکٹیویٹی مواقع پیدا کرتی ہے۔

اور موقع خوشحالی پیدا کرتا ہے۔

اس مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے، گیلیفو اور سامتسے کے شہروں کو مستقبل میں ہندوستان کے وسیع ریل نیٹ ورک سے جوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ کی تکمیل سے یہاں کی صنعت اور بھوٹانی کسانوں کی ہندوستان کی وسیع مارکیٹ تک رسائی میں آسانی ہوگی۔

دوستو

ریل اور سڑک رابطے کے ساتھ ساتھ ہم سرحدی انفراسٹرکچرکی سمت بھی تیزی سے  آگے بڑھ رہے ہیں۔

عزت مآب نے جس گیلیفومائنڈفلنیس سٹی کے وژن پر کام شروع کیا ہے،  ہندستان اس کے لئے بھی ، ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے۔ میں آج اس پلیٹ فارم سے ایک اور اہم اعلان کر رہا ہوں۔ مستقبل قریب میں، ہندوستان مہمانوں اور سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے گیلیفو کے قریب ایک امیگریشن چوکی بھی تعمیر کرے گا۔

دوستو

ہندوستان اور بھوٹان کی ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ اور اسی جذبے کے تحت، گزشتہ سال حکومت ہند نے بھوٹان کے پانچ سالہ منصوبے کے لیے دس ہزار کروڑ روپے کے تعاون کا اعلان کیا۔ یہ فنڈز سڑکوں سے لے کر زراعت تک، فنانسنگ سے لے کر صحت کی دیکھ بھال تک، ہر شعبے میں استعمال کیے جا رہے ہیں، جس سے بھوٹان کے شہریوں کی  زندگی آسان بنانے میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ماضی میں، بھارت نے بھوٹان کے لوگوں کو ضروری اشیاء کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

اور اب یہاں یو پی آئی ادائیگیوں کی سہولت کو بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں کہ بھوٹانی شہریوں کو بھی یو پی آئی تک رسائی حاصل ہو جب وہ ہندوستان کا دورہ کرتے ہیں۔

دوستو

ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان اس مضبوط شراکت داری سے ہمارے نوجوان سب سے زیادہ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ عزت مآب نیشنل سروس، رضاکارانہ خدمت اور جدت طرازی کے فروغ میں بہترین کام کر رہے ہیں۔نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا عزت مآب  کا وژن، انہیں ٹیک کے قابل بنانے کا ان کا وژن، بھوٹانی نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر متاثر کر رہا ہے۔

ہندوستان اور بھوٹان کے نوجوانوں کے درمیان تعلیم، اختراع، مہارت کی ترقی، کھیل، خلا اور ثقافت سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے۔ آج ہمارے نوجوان بھی مل کر سیٹلائٹ بنا رہے ہیں۔ یہ ہندوستان اور بھوٹان دونوں کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔

دوستو

ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان تعلقات کی ایک بڑی طاقت ہمارے لوگوں کے درمیان روحانی رابطہ ہے۔ دو ماہ قبل بھارت کے راجگیر میں شاہی  بھوٹانی مندر کا افتتاح کیا گیا تھا۔ یہ کوشش اب ہندوستان کے دوسرے حصوں تک پھیل رہی ہے۔

بھوٹان کے لوگ وارانسی میں بھوٹانی مندر اور گیسٹ ہاؤس چاہتے تھے۔ حکومت ہند اس مقصد کے لیے ضروری زمین فراہم کر رہی ہے۔ ان مندروں کے ذریعے ہم اپنے قیمتی اور تاریخی ثقافتی رشتوں کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔

دوستو

میری خواہش ہے کہ ہندوستان اور بھوٹان امن، خوشحالی اور مشترکہ ترقی کے راستے پر چلتے رہیں۔ بھگوان بدھ اور گرو رنپوچھے کا آشیرواد ہم دونوں ملکوں پر بنا رہے۔

آپ سب کا ایک بار پھر بہت شکریہ۔

شکریہ!!!

 

 ش ح۔ع و ۔  ج

UNO-1083

 


(Release ID: 2188776) Visitor Counter : 13