وزیراعظم کا دفتر
وزیراعظم 8 نومبر کو وارانسی کا دورہ کریں گے اور 4 نئی وندے بھارت ٹرینوں کوجھنڈی دکھاکرروانہ کریں گے
نئی وندے بھارت ٹرینوں سے سفر کے وقت میں کمی آئے گی، علاقائی نقل و حرکت بہترہوگی اور متعدد ریاستوں میں سیاحت و تجارت کو فروغ حاصل ہوگا
Posted On:
06 NOV 2025 2:48PM by PIB Delhi
بھارت کے جدید ریلوے بنیادی ڈھانچے کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر، وزیر اعظم نریندر مودی 8 نومبر کو وارانسی کا دورہ کریں گے اور تقریباً صبح 8:15 بجے چار نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کوجھنڈی دکھاکرروانہ کریں گے۔
یہ اقدام شہریوں کو عالمی معیار کی ریل خدمات کے ذریعے آسان، تیز اور آرام دہ سفر فراہم کرنے کے وزیراعظم کے وژن کی جانب ایک اور سنگ میل ہے۔ نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینیں بنارس–کھجوراہو، لکھنؤ–سہارنپور، فیروزپور–دلی، اور ایرناکولم–بنگلورو روٹس پر چلیں گی۔ اہم شہروں کے درمیان سفر کے وقت میں خاطر خواہ کمی کے ذریعے یہ ٹرینیں علاقائی نقل و حرکت میں اضافہ کریں گی، سیاحت کو فروغ دیں گی اور ملک بھر میں اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت فراہم کریں گی۔
بنارس–کھجوراہو وندے بھارت اس راستے پر براہِ راست کنیکٹیویٹی فراہم کرے گی اور موجودہ خصوصی ٹرینوں کے مقابلے سفرکے وقت میں تقریباً 2 گھنٹے 40 منٹ کی کمی آئے گی۔ یہ ٹرین ہندوستان کے اہم مذہبی اور ثقافتی مقامات جیسے وارانسی، پریاگ راج، چترکوٹ اور کھجوراہو کومربوط کرےگی۔ یہ رابطہ مذہبی و ثقافتی سیاحت کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ مسافروں اورعقیدت مندوں کو کھجوراہو تک تیز، جدید اور آرام دہ سفر فراہم کرے گا جو یونیسکو کے عالمی ورثہ کی حیثیت رکھتا ہے۔
لکھنؤ–سہارنپور وندے بھارت تقریباً 7 گھنٹے 45 منٹ میں سفر طے کرے گی، جس سے تقریباً 1 گھنٹے کی بچت ہوگی۔ اس ٹرین سے لکھنؤ، سیتاپور، شاہجہانپور، بریلی، مرادآباد، بجنور اور سہارنپور سمیت کئی شہروں کے مسافروں کو فائدہ ہوگا اور روڑکی کے ذریعے ہریدوار تک بہتر رسائی فراہم ہوگی۔ مرکزی اور مغربی اتر پردیش میں بین شہری سفر کو بہتر اور تیز بنا کر یہ سروس علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
فیروزپور–دلی وندے بھارت اس راستے پرسب سے تیز ٹرین ہوگی، جو صرف 6 گھنٹے 40 منٹ میں اپنا سفر مکمل کرے گی۔ یہ ٹرین قومی دارالحکومت دلی اور پنجاب کے اہم شہروں جیسے فیروزپور، بٹھنڈہ اور پٹیالہ کو مربوط کرےگی۔ یہ تجارت، سیاحت اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرے گی، سرحدی علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد گار ثابت ہوگی اور انہیں قومی مارکیٹوں تک مزیدرسائی فراہم کرے گی۔
جنوبی بھارت میں ایرناکولم–بنگلورو وندے بھارت سفر کے وقت میں 2 گھنٹے سے زیادہ کی کمی کرتے ہوئے اپنا سفر 8 گھنٹے 40 منٹ میں مکمل کرے گی۔ یہ ٹرین اہم آئی ٹی اور تجارتی مراکز کو مربوط کرے گی، جس سے پیشہ ور افراد، طلبہ اور سیاحوں کے لیے سفر مزید تیز اور آرام دہ ہو جائے گا۔ یہ راستہ کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک کے درمیان معاشی سرگرمیوں اور سیاحت کو فروغ دے گا اور علاقائی تعاون و ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
*****
UR-857
(ش ح۔ا ع خ۔ ف ر )
(Release ID: 2186979)
Visitor Counter : 16