نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے بھارت رتن لوک نائک جے پرکاش نرائن کو ستاب دیارا، بہار میں ان کی پیدائش کی سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا
نائب صدر جمہوریہ نے سارن ضلع میں لوک نائک جے پرکاش نرائن کے آبائی گھر اور نیشنل میموریئل کا دورہ کیا
جناب رادھا کرشنن نے لوک نائک کو ایک حقیقی عوامی ہیرو اور ہندوستانی جمہوریت کے ضمیر کا محافظ قرار دیا
جناب رادھا کرشنن نے لوک نائک کے ’سیاست سے بالاتر لوگ‘ اور ’خود سے اوپر ملک‘ کے وژن کو اجاگر کیا
جناب رادھا کرشنن کا کہنا ہے کہ لوک نائک نے لوک شکتی (عوام کی طاقت) کو راجیہ شکتی (ملک کی طاقت) سے اوپر رکھا
نائب صدر جمہوریہ نے لوک نائک جے پرکاش نرائن کی شریک حیات آنجہانی پربھاوتی دیوی کی قربانیوں کو یاد کیا
جناب رادھا کرشنن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’سمپورن کرانتی‘ نظریات کا انقلاب تھا، ہتھیاروں کا نہیں
نائب صدر نے کوئمبٹور میں ایک نوجوان رہنما کے طور پر مکمل انقلاب کی تحریک کے ساتھ اپنی ذاتی وابستگی کا ذکر کیا
جناب رادھا کرشنن نے وکست بھارت @2047 کی تعمیر میں لوک نائک کے حق، انصاف، عدم تشدد اور عوام کی طاقت سے متعلق نظریات کے تئیں ازسر نو عہدبستگی پر زور دیا
Posted On:
11 OCT 2025 3:39PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھارکشنن نے بھارت رتن لوک نائک جے پرکاش نرائن کو ان کی پیدائش کی سالگرہ کے موقع پر آج، بہار کے سارن ضلع میں واقع ان کے آبائی گاؤں ستاب دیارا میں خراج عقیدت پیش کیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے لوک نائک جے پرکاش نرائن کو ان کی 123 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بہار کا ایک روزہ دورہ کیا۔ پٹنہ کے لوک نائک جے پرکاش نرائن بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچنے پر، جناب رادھا کرشنن کا بہار کے گورنر جناب عارف محمد خان اور حکومت بہار کے سینئر افسران نے استقبال کیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے اس کے بعد لوک نائک جے پرکاش نارائن کے آبائی گھر ستاب دیارا کا دورہ کیا اور لوک نائک جے پرکاش نارائن نیشنل میموریل پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے گاؤں میں لوک نائک اسمرتی بھون اور پستکالیہ (کتب خانے)کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ وہ ستاب دیارا کی مقدس سرزمین پر کھڑے ہیں جو کہ ہندوستان کے سب سے قد آور رہنماؤں میں سے ایک، حقیقی عوامی ہیرو، اور انصاف اور جمہوریت کے لیے ایک انتھک سورما، لوک نائک جے پرکاش نارائن کی جائے پیدائش ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے مشاہدہ کیا کہ لوک نائک جے پرکاش نرائن کی 123 ویں یوم پیدائش محض ایک عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع نہیں ہے بلکہ ایک ایسے آدرش کو یاد کرنے کا موقع ہے جس نے قوم کو خود سے اوپر، اقدار کو طاقت سے اوپر اور لوگوں کو سیاست سے بالاتر رکھا۔
انہوں نے کہا کہ لوک نائک جے پرکاش نرائن، یا جے پی، جیسا کہ انہیں پیار سے کہا جاتا تھا، نہ صرف آزادی پسند تھے بلکہ ہندوستانی جمہوریت کے ضمیر کے محافظ بھی تھے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد سے لے کر 1970 کی دہائی میں 'مکمل انقلاب' کے نعرے تک، جے پرکاش نارائن کی زندگی اخلاقی جرات، سادگی اور قربانی کی روشن مثال بنی رہی۔
جناب رادھا کرشنن نے ذکر کیا کہ لوک نائک کو اقتدار کی کوئی خواہش نہیں تھی اور انہوں نے انہیں پیش کردہ اعلیٰ ترین عہدوں سے انکار کر دیا تھا۔ جے پرکاش نرائن نے اپنی طاقت سیاسی خواہش کے بجائے اخلاقی اتھارٹی سے حاصل کی۔
لوک نائک کے ان الفاظ کو یاد کرتے ہوئے کہ ان کی دلچسپی اقتدار پر قبضہ کرنے میں نہیں تھی بلکہ عوام کے ذریعہ اقتدار پر قابو پانے میں تھی، نائب صدر نے کہا کہ یہ جے پرکاش نارائن کے قدر پر مبنی اور اخلاقی سیاست میں گہرے اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے بھودان تحریک میں لوک نائک کے اہم کردار پر روشنی ڈالی، اور کہا کہ ان کی شرکت سے تحریک کو قومی اہمیت اور اخلاقی اعتبار حاصل ہوا۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ لوک نائک نے بہار اور ہندوستان بھر کی کمیونٹیوں کو خود غرضی سے اوپر اٹھ کر مشترکہ بھلائی کے لیے کام کرنے کی ترغیب دی۔
نائب صدر جمہوریہ نے نشاندہی کی کہ ایک ایسے وقت میں جب بدعنوانی بڑے پیمانے پر ہو چکی تھی، لوک نائک کو پختہ یقین تھا کہ نوجوانوں کے پاس جمہوری اقدار کی بحالی اور تعمیر نو کی طاقت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جے پرکاش نرائن سماجی تبدیلی کے حصول کے ایک ذریعہ کے طور پر عدم تشدد کے انقلاب کے مضبوط حامی تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمپورن کرانتی (مکمل انقلاب) کے لیے لوک نائک کا نعرہ ہتھیاروں پر مبنی بغاوت نہیں تھی بلکہ خیالات کا انقلاب تھا، جس میں ایک صاف ستھری حکمرانی، بااختیار ناداروں اور ہندوستان کی تقدیر کی تشکیل میں نوجوانوں کی فعال شرکت کا تصور تھا۔
مکمل انقلاب تحریک کے ساتھ اپنی وابستگی کو یاد کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ یہ ان کے لیے ذاتی اعزاز کی بات ہے کہ وہ 19 سال کی عمر میں اس کا حصہ بنے، جب انہوں نے لوک نائک کی کال سے متاثر ہوکر کوئمبٹور میں مکمل انقلاب تحریک کے ضلعی جنرل سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔
نائب صدر جمہوریہ نے لوک نائک کی اہلیہ محترمہ پربھاوتی دیوی کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعتراف کیا، جنہوں نے ہندوستان کی تحریک آزادی کے مقصد کے لیے بے لوث عمل کے طور پر برہمی کا عہد لیا تھا۔
نائب صدر جمہوریہ نے لوک نائک جے پرکاش نرائن کو لوگوں کو بااختیار بنانے کا ایک عظیم علمبردار قرار دیا، جنہوں نے ہمیشہ لوک شکتی (عوام کی طاقت) کو راجیہ شکتی (ملک کی طاقت) سے اوپر رکھا۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ہندوستان کے جمہوری اداروں کی طاقت ان اقدار پر منحصر ہے جن کو لوک نائک نے مضبوطی سے برقرار رکھا - شفافیت، جوابدہی، عوامی خدمت اور اخلاقی جرات۔
نائب صدر جمہوریہ نے اس امر کو اجاگر کیا کہ بھارت وکست بھارت @ 2047 کی جانب گامزن ہے، ایسے میں یہ ضروری ہے کہ ایک فعال اور مبنی بر شمولیت ملک کی تعمیر کے لیے لوک کلیان جے پرکاش نرائن کے نظریات و اقدار کو اپنایا جائے۔
انہوں نے بہار کی سرزمین کے لیے اپنی گہری عقیدت کا اظہار کیا، جس نے ہندوستان کو اس کا ایک عظیم بیٹا، لوک نائک جے پرکاش نرائن دیا تھا۔ اپنے خطاب کے آخر میں، نائب صدر جمہوریہ نے حق، انصاف، عدم تشدد اور عوام کی طاقت سے متعلق لوک نائک کی اقدار کے تئیں ملک کی اجتماعی عہدبستگی کا ازسر نو اعادہ کرنے کی اپیل کی۔ وہ ان اقدار کے لیے ہمیشہ کھڑے رہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی اور نظریات ہر ایک کو ہمیشہ یاد دلاتے رہیں گے کہ جمہوریت میں عوام ہمیشہ پہلے آتے ہیں۔
**********
(ش ح –ا ب ن- ع ر)
U.No:7424
(Release ID: 2177840)
Visitor Counter : 14