امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے  وزیرجناب امیت شاہ نے احمد آباد کے ناران پورہ میں 825 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا


ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس ہندوستان کا سب سے بڑا اور دنیا کے جدید ترین اسپورٹس کمپلیکس میں سے ایک ہے

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نہ صرف کھیلوں کے شعبے سے متعلق اسکیمیں وضع کیں بلکہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور تربیت کو بھی عالمی معیار کا بنایا

جناب نریندر مودی کی قیادت میں کی گئی اصلاحات کے نتیجے میں گزشتہ 10 سالوں میں ہندوستانی کھیلوں میں بے مثال تبدیلیاں آئی ہیں

ملک  کا  کھیلوں کا بجٹ 2014-15  میں 1,643 کروڑ روپے تھا ، جسے جناب مودی جی نے بڑھا کر 5300 کروڑ روپے کر دیا تھا

2029 میں احمد آباد ورلڈ پولیس اینڈ فائر گیمز کی میزبانی کرے گا

2036 تک احمد آباد میں 13 بین الاقوامی ٹورنامنٹس منعقد ہونے جا رہے ہیں، جس سے یہ ایشیا میں کھیلوں کا مرکز بن جائے گا

حکومتِ ہند 2036 میں احمد آباد میں اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لیے تمام تیاریاں کر رہی ہے

Posted On: 14 SEP 2025 8:36PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے  وزیرجناب امیت شاہ نے آج احمد آباد کے ناران پورہ میں تقریباً 825 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گجرات کے وزیر اعلیٰ جناب بھوپندر پٹیل، نوجوانوں کے امورو کھیلوں کےمرکزی وزیر برائے ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ، گجرات کے وزیر مملکت برائے داخلی امور جناب ہرش سانگھوی اور دیگر معززین موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ جب وہ ناران پورہ میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کی تجویز لے کر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پاس گئے تو وزیر اعظم نے ہدایت دی تھی کہ اسے عالمی معیار کا اسپورٹس کمپلیکس بنایا جائے۔ آج، ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس بین الاقوامی معیار کی سہولیات کے ساتھ تیار ہے۔

جناب امیت شاہ نے کہا کہ ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس ہندوستان کا سب سے بڑا اور دنیا کے جدید ترین اسپورٹس کمپلیکسز میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں اب ہندوستان کو کسی بھی میدان میں خود کو دوسرے درجے پر تصور نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعظم نے 2047 تک ہر شعبے میں بھارت کو نمبر ایک بنانے کا ہدف رکھا ہے اور یہ ہدف ضرور حاصل کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کھیل قوم کی روح ہیں۔ دنیا کی سب سے نوجوان قوم ہونے کے ناطے بھارت کو کھیلوں میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وزیر اعظم مودی نے نہ صرف کھیلوں سے متعلق پالیسیاں بنائیں بلکہ یہ بھی یقینی بنایا کہ عالمی معیار کا انفراسٹرکچر، کھلاڑیوں کی تربیت، شفاف انتخابی عمل، اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھارت کی نمائندگی کے منصفانہ مواقع فراہم ہوں۔وزیر اعظم کی جانب سے متعارف کرائی گئی ان اصلاحات کے نتیجے میں گزشتہ 10 برسوں میں بھارت کے کھیلوں کے شعبے میں غیر معمولی تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے  وزیر جناب امیت شاہ نے یہ بھی کہا کہ آج جس اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا گیا ہے، اسے عظیم مجاہدِ آزادی ویر ساورکر کے نام پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ ویر ساورکر نے دنیا کی سب سے طویل فرار کی کوشش تیرکرپار کی تھی۔ جب برطانوی انہیں اسیری میں ہندوستان لا رہے تھے تو فرانس کے مارسی بندرگاہ پر ساورکر نے زنجیروں میں جکڑے ہونے کے باوجود جہاز سے سمندر میں چھلانگ لگا دی اور تیر کر فرانسیسی زمین تک پہنچ گئے۔ اس وجہ سے برطانویوں کو انہیں گرفتار کرنے میں تاخیر ہوئی، لیکن بدقسمتی سے بعد میں انہیں دوبارہ گرفتار کر کے ہندوستان واپس لے جایا گیا۔

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے  وزیر جناب امیت شاہ نے یقین ظاہر کیا کہ ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس میں تربیت اور مقابلوں کے لیے آنے والے کھلاڑی صرف تمغے جیتنے کی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں فتوحات حاصل کر کے مادرِ وطن بھارت کا نام روشن کرنے کی تحریک حاصل کریں گے۔

انہوں نے ذکر کیا کہ چند روز قبل احمد آباد میں دو بین الاقوامی اسپورٹس ایونٹس منعقد ہوئے تھے۔ ان مقابلوں کے دوران مختلف بین الاقوامی اسپورٹس فیڈریشنز کے صدور نے کہا کہ ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس دنیا کی سب سے جدید اسپورٹس سہولت ہے۔ جناب شاہ نے مزید کہا کہ یہ کمپلیکس نہ صرف جدید ہے بلکہ وسیع اور مکمل سہولتوں سے آراستہ بھی ہے۔ اس میں عالمی معیار کے کھیلوں کے انتظامات، کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے ہوسٹل کی سہولت، کوچز کے لیے رہائش، اور کھلاڑیوں کے لیے ہر طرح کی طبی امداد دستیاب ہے۔ کھلاڑیوں کو غذائی ماہرین کی رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کمپلیکس میں ایک خوبصورت تھیٹر بھی ہے جہاں کھلاڑی اپنی تکنیک کو سلو موشن میں دیکھ کر اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنا سکیں گے۔

یہ وسیع و عریض اسپورٹس کمپلیکس ایک لاکھ انیس ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے اور اپنی نوعیت کا جدید ترین مرکز ہے۔ اس میں سات داخلی دروازے، 900 گاڑیوں کے لیے پارکنگ کی جگہ، 275 کلو واٹ کا سولر پاور پلانٹ اور 60 کے ایل ڈی سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ موجود ہے، جس کی بدولت یہ ایک مکمل طور پر ماحول دوست (گرین) کمپلیکس ہے۔ اسے حکومت ہند اور حکومتِ گجرات نے مشترکہ طور پر تعمیر کیا ہے۔

جناب امیت شاہ نے کہا کہ احمد آباد کھیلوں کی راجدھانی بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ـ نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم ـ موٹیرا میں واقع ہے۔ قریب ہی سردار پٹیل اسپورٹس کمپلیکس سیکڑوں ایکڑ میں تیار کیا جا رہا ہے اور اب ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس بھی مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس میں فٹ انڈیا زون اور آؤٹ ڈور اسپورٹس زون بھی شامل ہیں۔ ایک طرح سے یہ کمپلیکس کھیلوں کی ترقی، کھلاڑیوں کی تربیت اور تمغے جیتنے کے لیے درکار ہر سہولت سے لیس ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے وزیرنے مزید کہا کہ حکومت ہند کی وزارتِ امورِ نوجوان و کھیل نے گزشتہ 10 برسوں میں کئی بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ چونکہ ملک کی 35 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے اصلاحات سائنسی انداز میں، ملک کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15-2014 میں ہندوستان کا اسپورٹس بجٹ 1,643 کروڑ روپے تھا، لیکن وزیر اعظم مودی کی قیادت میں اسے بڑھا کر 5,300 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ یہ بجٹ نئے اسپورٹس انفراسٹرکچر، کھیلو انڈیا مراکز، ریاستی مراکز برائے امتیاز، تسلیم شدہ اکیڈمیوں، کھیلو انڈیا ایتھلیٹ اکیڈمیوں، طبی اور غذائی سہولیات، نیز کھلاڑیوں کے لیے انجری ریکوری سسٹمز پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

جناب امیت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز، کھیلو انڈیا پیرا گیمز اور کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کا آغاز کیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل جناب منسکھ مانڈویہ نے 2025 میں ایک جامع اور منظم نئی اسپورٹس پالیسی متعارف کرائی تاکہ بھارت کو کھیلوں کے میدان میں سپر پاور بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس نئی اسپورٹس پالیسی کی پانچ رہنما اصول ہیں:

  • بھارت کو عالمی سطح پر ہمیشہ سب سے آگے رہنا چاہیے۔
  • کھیلوں کو معیشت کی ترقی میں بھی تعاون دینا چاہیے۔
  • کھیل قوم کی سماجی ترقی کا ذریعہ بننے چاہئیں۔
  • کھیل صرف مقابلے نہیں بلکہ عوامی تحریک ہونے چاہئیں۔
  • کھیلوں کو تعلیم کے ساتھ مربوط کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1948 سے 2012 تک بھارت نے صرف 20 اولمپک تمغے جیتے، لیکن صرف گزشتہ 8 برسوں میں ہی بھارت نے 15 اولمپک تمغے جیتے ہیں۔ پیرا اولمپکس میں بھارت نے پہلے صرف 8 تمغے جیتے تھے، لیکن اب کل تعداد بڑھ کر 52 ہو گئی ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے وزیر نے کہا کہ کھیلو انڈیا اور فٹ انڈیا جیسی پہلوں کی بدولت اب بھارت تمغے جیت رہا ہے۔ ٹی او پی ایس (ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم) کے تحت اولمپکس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ 25,000 روپے کی معاونت فراہم کی جاتی ہے، کور گروپ ایتھلیٹس کو 25,000 روپے، جبکہ اولمپک سطح کے اعلیٰ درجے کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 50,000 روپے دیے جاتے ہیں۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ایسی سہولتیں فراہم کی ہیں، جن کے نتیجے میں پورے ملک میں ایک مضبوط اسپورٹس کلچر پروان چڑھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اسپورٹس کمپلیکس اور احمد آباد کی دیگر اسپورٹس سہولتوں میں 2029 میں ورلڈ پولیس اینڈ فائر گیمز منعقد کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بھارت نے کامن ویلتھ گیمز کے لیے بھی درخواست کی ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ احمد آباد کو جلد ہی ان کی میزبانی کی منظوری مل جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتِ ہند 2036 میں احمد آباد میں اولمپکس کی میزبانی کے لیے ہر ممکن تیاری کر رہی ہے۔ جناب شاہ نے مزید کہا کہ 2036 تک یہاں 13 بین الاقوامی ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں گے تاکہ احمد آباد نہ صرف گجرات بلکہ پورے ایشیائی براعظم کے لیے کھیلوں کا مرکز بن سکے۔

 

***********

(ش ح –ش ت- م ق ا)

U. No.6008


(Release ID: 2166674)