زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
دو روزہ ’قومی زراعت کانفرنس – ربیع ابھیان 2025‘ کل سے نئی دہلی میں شروع ہوگی
مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کانفرنس کی صدارت کریں گے
ریاستی وزرائے زراعت، اعلیٰ حکام اور ملک بھر سے سائنسدان گہرائی سے بات چیت کریں گے
Posted On:
14 SEP 2025 3:35PM by PIB Delhi
زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت 15-16 ستمبر 2025 کو بھارت رتن سی سبرامنیم آڈیٹوریم، پوسا کیمپس، نئی دہلی میں ’قومی زراعت کانفرنس – ربیع ابھیان 2025‘ کا انعقاد کر رہی ہے۔ یہ دو روزہ قومی کانفرنس ملک بھر کے ماہرین زراعت، سائنسدانوں، پالیسی سازوں اور ریاستی حکومتوں کے سینئر نمائندوں کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جہاں ربیع کی بوائی کے سیزن 2025-26 کی تیاریوں، پیداواری اہداف اور حکمت عملیوں پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
اس کانفرنس کی صدارت مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان کریں گے۔ اس موقع پر مختلف ریاستوں کے وزیر زراعت، مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کے سکریٹری، ڈی اے آر ای کے سکریٹری اور آئی سی اے آر کے ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ ساتھ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر افسران بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
مرکزی وزیر زراعت جناب چوہان کی ہدایت پر پہلی بار ربیع کانفرنس دو دن کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس کے دوران ربیع کی فصلوں کے کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پہلے دن مرکزی اور ریاستی سطح کے عہدیداروں کے درمیان اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جس کے بعد 16 ستمبر کو تمام ریاستوں کے وزرائے زراعت، مرکزی وزیر زراعت، اور مرکزی وزرائے مملکت کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوگی، جس میں اس بات پر توجہ مرکوز کی جائے گی کہ کس طرح جدید ترین ٹیکنالوجی اور بہتر بیج کسانوں تک مؤثر طریقے سے پہنچایا جا سکتا ہے۔ تمام ریاستوں کے سینئر افسران اپنی ٹیموں کے ساتھ شرکت کریں گے۔ پہلی بار، کرشی وگیان کیندروں کے سائنسدانوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے علاقائی تجربے اور چیلنجز کا اشتراک کریں اور مستقبل کی حکمت عملیوں کی منصوبہ بندی میں مدد کریں۔
کانفرنس میں مختلف ریاستوں کی کامیابیوں اور بہترین طریقوں کا اشتراک بھی دیکھا جائے گا، تاکہ انہیں دوسری جگہوں پر نقل کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ ماہرین موسم کی پیشن گوئی، کھاد کے انتظام، زرعی تحقیق اور تکنیکی مداخلتوں پر اپنے خیالات پیش کریں گے۔
یہ کانفرنس نہ صرف ربیع 2025-26 کے سیزن کے ایکشن پلان اور پیداواری حکمت عملیوں کے لیے سمت فراہم کرے گی بلکہ کسانوں کی آمدنی بڑھانے، ایک پائیدار زرعی نظام کو فروغ دینے اور قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کی جانب بھی ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔
***
ش ح ۔ ال
UR-5993
(Release ID: 2166553)
Visitor Counter : 2