وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آئیزول، میزرم میں 9000 کروڑ روپے سے زائد کے بقدر کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا
ملک کے لیے اور خصوصاً میزورم کے عوام کے لیے یہ ایک تاریخی دن ہے، آج سے آئیزول بھارت کے ریلوے کے نقشے پر ہوگا: وزیر اعظم مودی
شمال مشرق بھارت کی نمو کا انجن بن رہا ہے: وزیر اعظم
ہماری ایکٹ ایسٹ پالیسی اور ابھرتے ہوئے شمال مشرقی اقتصادی گلیارے میں میزورم کا ایک اہم کردار ہے: وزیر اعظم
آئندہ پیڑھی کی جی ایس ٹی کے معنی ہیں متعدد مصنوعات پر کم ٹیکس، جس سے کنبوں کے لیے زندگی آسان ہوگی: وزیر اعظم
بھارت دنیا کی سب سے تیز رفتار سے ابھرتی ہوئی معیشت ہے: وزیر اعظم
Posted On:
13 SEP 2025 11:23AM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج میزورم کے آئیزول میں 9000 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ یہ پروجیکٹس ریلوے، روڈ ویز، توانائی، کھیل کود سمیت متعدد شعبوں کی ضرورتوں کو پورا کریں گے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے نیلے پہاڑوں کی خوبصورت سرزمین کے نگراں بھگوان پاتھیان کے سامنے سر خم کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ میزورم کے لینگپوئی ہوائی اڈے پر موجود تھے اور خراب موسم کی وجہ سے آئیزول میں لوگوں کے ساتھ شامل نہیں ہو سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان حالات کے باوجود انہوں نے اس وسیلے کے ذریعہ عوام کی محبت کو محسوس کیا۔
اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ خواہ تحریک آزادی ہو یا ملک کی تعمیر، جناب مودی نے کہا کہ میزورم کے لوگ اپنا تعاون دینے کے لیے ہمیشہ آگے آئے ۔ انہوں نے کہا کہ لالنو روپویلیانی اور پاسلتھا کھوانگچیرا جیسی شخصیات کے نظریات قوم کو مسلسل متاثر کر رہے ہیں۔ جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ قربانی اور خدمت، ہمت اور ہمدردی، میزو سماج میں گہرائی سے سرایت کرنے والی اقدار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’آج میزورم ہندوستان کی ترقی کے سفر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔‘‘
اس دن کو ملک کے لیے اور خصوصاً میزروم کے عوام کے لیے تاریخی قرار دیتے ہوئے جناب مودی نے کہا، ’’آج سے، آئیزول بھارت کے ریلوے کے نقشے پر ہوگا۔‘‘ ماضی کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہیں چند سال قبل آئیزول ریلوے لائن کا سنگ بنیاد رکھنے کا موقع حاصل ہوا تھا۔ انہوں نے فخر کے ساتھ ریلوے لائن کو قوم کے نام وقف کیا۔ جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ دشوار گزار خطوں سمیت کئی چیلنجوں کے باوجود، بیرابی-سائرنگ ریل لائن اب ایک حقیقت بن چکی ہے۔ انہوں نے انجینئرز کی مہارت اور کارکنوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔
اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہ عوام اور ملک کے دل ہمیشہ سے براہ راست جڑے ہوئے ہیں، وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ پہلی مرتبہ میزورم کے سائرنگ کو راجدھانی ایکسپریس کے ذریعے دہلی سے براہ راست جوڑا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ محض ریلوے کنکشن نہیں ہے بلکہ تبدیلی کی لائف لائن ہے اور یہ میزورم کے لوگوں کی زندگیوں اور معاش میں انقلاب برپا کرے گی۔ جناب مودی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ میزورم میں کاشتکار اور کاروبار اب ملک بھر میں مزید منڈیوں تک پہنچنے کے قابل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ تعلیم اور حفظانِ صحت کے لیے مزید اختیارات تک رسائی حاصل کریں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس ترقی سے سیاحت، ٹرانسپورٹ اور مہمان نوازی کے شعبوں میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ طویل عرصے سے ملک میں کچھ سیاسی جماعتیں ووٹ بینک کی سیاست کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ زیادہ ووٹوں اور نشستوں والی جگہوں پر مرتکز رہی۔ اس کے نتیجے میں، میزورم جیسی ریاستوں سمیت پورے شمال مشرق کو اس رویہ کی وجہ سے بہت نقصان اٹھانا پڑا۔ جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ نقطہ نظر بہت مختلف ہے اور جن کو پہلے نظر انداز کیا گیا تھا وہ اب سب سے آگے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ لوگ جو کبھی پسماندہ تھے اب مرکزی دھارے کا حصہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گذشتہ 11 برسوں سے حکومت شمال مشرق کی ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ یہ خطہ ہندوستان کی ترقی کا انجن بن رہا ہے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ گزشتہ برسوں میں شمال مشرق کی کئی ریاستوں کو پہلی مرتبہ ہندوستان کے ریل نقشے میں شامل کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے روشنی ڈالی کہ حکومت ہند نے تمام طرح کے رابطوں کو مضبوط کرنے کے لیے تندہی سے کام کیا ہے – ان میں دیہی سڑکیں اور شاہراہیں، موبائل اور انٹرنیٹ کنکشن، بجلی، نلکے کا پانی، اور ایل پی جی کنکشن، شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ میزورم بھی ہوائی سفر کے لیے یو ڈی اے این (اُڈان)اسکیم سے مستفید ہوگا اور بتایا کہ جلد ہی اس خطے میں ہیلی کاپٹر خدمات شروع ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے میزورم کے دور دراز علاقوں تک رسائی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیر اعظم نے کہا، ’’ایکٹ ایسٹ پالیسی اور ابھرتے ہوئے شمال مشرقی اقتصادی گلیارے دونوں میں میزروم کا ایک اہم کردار ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کالادان ملٹی ماڈل ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ پروجیکٹ اور سائرنگ – ہماونگ بوچھواہ ریل لائن کے ساتھ میزورم کو جنوب مشرقی ایشیا کے ذریعے خلیج بنگال سے جوڑا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ رابطہ پورے شمال مشرقی ہندوستان اور جنوب مشرقی ایشیا میں تجارت اور سیاحت کو فروغ دے گا۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ میزورم کو باصلاحیت نوجوانوں سے نوازا گیا ہے، جناب مودی نے اس امر کو اجاگر کیا کہ حکومت کا مشن انہیں بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میزورم میں 11 ایکلویہ رہائشی اسکول پہلے ہی قائم کیے جاچکے ہیں اور مزید 6 اسکولوں کو شروع کرنے کا کام جاری ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ شمال مشرق اسٹارٹ اپس کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس وقت خطے میں تقریباً 4500 اسٹارٹ اپس اور 25 انکیوبیٹرز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میزورم کے نوجوان اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور اپنے اور دوسروں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہندوستان تیزی سے عالمی کھیلوں کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ترقی ملک میں کھیلوں کی معیشت کو بھی جنم دے رہی ہے۔ انہوں نے کھیلوں میں میزورم کی بھرپور روایت کو اجاگر کیا، فٹ بال اور دیگر شعبوں میں بہت سے چیمپئن بنانے میں اس کے تعاون کا ذکر کیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ حکومت کی کھیلوں کی پالیسیوں سے میزورم کو بھی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ کھیلو انڈیا اسکیم کے تحت جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے حال ہی میں ایک قومی کھیل پالیسی - کھیلو انڈیا کھیل نیتی متعارف کرائی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ پہل قدمی میزورم کے نوجوانوں کے لیے مواقع کے نئے دروازے کھولے گی۔
وزیر اعظم نے ملک کے اندر اور بیرون ملک شمال مشرق کی خوبصورت ثقافت کے سفیر کا کردار ادا کرنے پر ازحد مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے حوصلہ افزا پلیٹ فارموں کی اہمیت کو اجاگر کیا جو شمال مشرق کی صلاحیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ چند ماہ قبل دہلی میں منعقدہ اشٹ لکشمی میلے میں اپنی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ اس میلے میں ٹیکسٹائل، دستکاری، جی آئی ٹیگ شدہ مصنوعات، اور شمال مشرق کی سیاحت کی صلاحیتوں کی نمائش کی گئی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ رائزنگ نارتھ ایسٹ سمٹ میں انہوں نے سرمایہ کاروں کو خطے کی وسیع صلاحیتوں سے مستفید ہونے کی ترغیب دی اور کہا کہ یہ سربراہ اجلاس بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور منصوبوں کے لیے راہ ہموار کر رہا ہے۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ ووکل فار لوکل پہل قدمی شمال مشرق کے صناعوں اور کاشتکاروں کو بہت فائدہ پہنچاتی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ میزورم کی بانس کی مصنوعات، نامیاتی ادرک، ہلدی اور کیلے مشہور ہیں۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ حکومت زندگی اور کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، وزیر اعظم نے کہا، "آئندہ پیڑھی کی جی ایس ٹی اصلاحات حال ہی میں متعارف کرائی گئی ہیں اور اس کا مطلب ہے کہ متعدد مصنوعات پر ٹیکس کم کرنا، جس سے خاندانوں کی زندگی آسان ہو جائے گی"۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2014 سے پہلے بھی روزمرہ کی ضروری اشیاء جیسے ٹوتھ پیسٹ، صابن اور تیل پر 27 فیصد ٹیکس لگایا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ، آج ان اشیاء پر صرف 5فیصد جی ایس ٹی لاگو ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ حزب اختلاف کے دور حکومت میں ادویات، ٹیسٹ کٹس اور بیمہ پالیسیوں پر بھاری ٹیکس لگایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے حفظانِ صحت مہنگی ہو گئی اور عام خاندانوں کے لیے انشورنس ناقابل رسائی ہوگئی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج یہ تمام خدمات اور مصنوعات سستی ہو گئی ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جی ایس ٹی کی نئی شرحوں سے کینسر جیسی سنگین بیماری کی ادویات بھی قابل استطاعت ہو جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 22 ستمبر کے بعد سیمنٹ اور تعمیراتی سامان بھی سستا ہو جائے گا۔ جناب مودی نے کہا کہ اسکوٹر اور کاریں بنانے والی متعدد کمپنیاں پہلے ہی قیمتیں کم کر چکی ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئندہ تہواروں کا سیزن ملک بھر میں مزید جوش و خروش سے پر ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اصلاحات کے حصے کے طور پر، بیشتر ہوٹلوں پر جی ایس ٹی کو کم کر کے صرف 5 فیصد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف جگہوں پر سفر کرنا، ہوٹلوں میں رہنا اور باہر کھانا اب مزید سستا ہو جائے گا۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ اس سے مزید لوگوں کو ملک کے مختلف حصوں میں سفر کرنے، گھومنے پھرنے اور لطف اندوز ہونے کی ترغیب حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرق جیسے سیاحتی مرکز خصوصی طور پر اس تبدیلی سے مستفید ہوں گے۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملک میک ان انڈیا اور برآمدات کے شعبے میں مضبوط نمو ملاحظہ کر رہا ہے، جناب مودی نے کہا،"ہندوستان کی معیشت نے 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں 7.8فیصد کی ترقی درج کی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت ہے۔" آپریشن سندور کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک نے دیکھا کہ کس طرح بھارتی فوجیوں نے دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والوں کو سبق سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک مسلح افواج کے لیے فخر سے لبریز ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اس آپریشن کے دوران ہندوستان میں بنائے گئے ہتھیاروں نے ملک کی حفاظت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی معیشت اور مینوفیکچرنگ شعبے کی ترقی قومی سلامتی کے لیے اہم ہے۔
وزیر اعظم نے ہر شہری، ہر کنبے اور ہر علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اپنی بات مکمل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان اپنے عوام کو بااختیار بنانے کی بنیاد پر تعمیر کیا جائے گا ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ میزورم کے لوگ اس سفر میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے دلی مبارکباد پیش کی اور ہندوستان کے ریلوے نقشے میں آئیزول کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اگرچہ وہ موسمی حالات کی وجہ سے آئیزول کا دورہ نہیں کر سکے لیکن انہیں یقین ہے کہ وہ بہت جلد ملاقات کریں گے۔
میزورم کے گورنر جنرل وی کے سنگھ، میزورم کے وزیر اعلیٰ جناب لال دہوما، مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو اور دیگر معززین اس تقریب کے دوران موجود تھے۔
پس منظر
عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور آخری میل تک کنیکٹوٹی کے لیے اپنی عہدبستگی کے مطابق، وزیر اعظم نے 8,070 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی بیرابی-سائرنگ نئی ریل لائن کا افتتاح کیا، جو میزورم کی راجدھانی کو پہلی مرتبہ ہندوستانی ریلوے نیٹ ورک سے جوڑتی ہے۔ ایک مشکل پہاڑی علاقے میں تعمیر کردہ ریل لائن پروجیکٹ میں پیچیدہ ارضیاتی حالات میں 45 سرنگیں تعمیر کی گئی ہیں۔ مزید برآں، اس میں 55 بڑے پل اور 88 چھوٹے پل بھی شامل ہیں۔ میزورم اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان براہ راست ریل رابطہ خطے کے لوگوں کو محفوظ، موثر اور کم لاگت کے سفر کے متبادل پیش کرے گا۔ یہ غذائی اجناس، کھادوں اور دیگر ضروری اشیاء کی بروقت اور قابل بھروسہ فراہمی کو بھی یقینی بنائے گا، اس طرح مجموعی نقل و حمل کارکردگی اور علاقائی رسائی میں اضافہ ہوگا۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر تین نئی ایکسپریس ٹرینوں، سائرنگ (آئیزول) - دہلی (آنند وہار ٹرمینل) راجدھانی ایکسپریس، سائرنگ-گوہاٹی ایکسپریس اور سائرنگ-کولکاتا ایکسپریس کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔ آئیزول کو اب راجدھانی ایکسپریس کے ذریعے دہلی سے براہ راست جوڑا جائے گا۔ سائرنگ-گوہاٹی ایکسپریس میزورم اور آسام کے درمیان نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرے گی۔ سائرنگ-کولکاتا ایکسپریس میزورم کو براہ راست کولکاتا سے جوڑے گی۔ اس بہتر رابطے سے ہسپتالوں، یونیورسٹیوں اور بازاروں تک رسائی میں بہتری آئے گی، اس طرح پورے خطے میں تعلیمی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور خطے میں سیاحت کو نمایاں طور پر فروغ حاصل ہوگا۔
سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو زبردست فروغ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے سڑکوں کے متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس میں آئیزول بائی پاس روڈ، تھینزول – سیالسک روڈ اور کھوانکان– رونگورا روڈ شامل ہیں۔
وزیر اعظم کی ترقیاتی پہل قدمی برائے شمال مشرقی خطہ(پی ایم - ڈیوائن) اسکیم کے تحت 500 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی 45 کلومیٹر آئیزول بائی پاس روڈ کا مقصد آئیزول شہر کی بھیڑ کو کم کرنا، لنگلی، سیہا، لانگٹلائی، لینگپوئی ہوائی اڈے اور سائرنگ ریلوے اسٹیشن کے درمیان کنیکٹیوٹی کو بہتر بنانا ہے۔ اس سے جنوبی اضلاع سے آئیزول کے سفر کے وقت میں تقریباً 1.5 گھنٹے کی کمی آئے گی جس سے خطے کے لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ شمال مشرق خصوصی بنیادی دھانچہ ترقیاتی اسکیم سے این ای ایس آئی ڈی ایس (سڑکوں) کے تحت تھینزوال-سیالسک روڈ، بہت سے باغبانی کاشتکاروں، ڈریگن پھلوں کے کاشتکاروں، دھان کی کاشت کرنے والوں، اور ادرک کے پروسیسرز کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ ایزول-تھنزاول-لنگلی ہائی وے کے ساتھ رابطہ مضبوط ہوگا۔ سرچھپ ضلع میں این ای ایس آئی ڈی ایس (سڑکوں) کے تحت کھانکون-رونگورا روڈ منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کرے گا اور باغبانی کے مختلف کاشتکاروں اور علاقے کے دیگر لوگوں کو فائدہ پہنچائے گا، ساتھ ہی منصوبہ بند جنجر پروسیسنگ پلانٹ کو تعاون فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم نے لانگتلائی – سیاہا روڈ پر چھمتوئی پُوئی ندی کے پل کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ یہ ہر موسم میں رابطہ فراہم کرے گا اور سفر کے وقت میں دو گھنٹے کی کمی کرے گا۔ یہ پل کالادان ملٹی موڈل ٹرانزٹ فریم ورک کے تحت سرحد پار تجارت کو بھی سپورٹ کرے گا۔
وزیر اعظم نے کھیلوں کی ترقی کے لیے کھیلو انڈیا کثیر المقاصد انڈور ہال کا سنگ بنیاد رکھا۔ تائیکوال کا ہال جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کرے گا جس میں ایک کثیر المقاصد انڈور میدان بھی شامل ہے جس میں میزورم کے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے فائدہ پہنچانا اور ان کی پرورش کرنا ہے۔
خطے میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بناتے ہوئے، وزیر اعظم نے آئیزول کے مولکھانگ میں 30 ٹی ایم ٹی پی اے (ہزار میٹرک ٹن سالانہ) ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کا سنگ بنیاد میں رکھا۔ اس کا مقصد میزورم اور پڑوسی ریاستوں میں ایل پی جی کی مستحکم اور قابل اعتماد سپلائی کو یقینی بنانا ہے جو صاف کھانا پکانے والے ایندھن تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔ اس سے مقامی روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وزیر اعظم نے پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم(پی ایم جے وی کے) اسکیم کے تحت کاورتھا میں رہائشی اسکول کا بھی افتتاح کیا۔ مامت توقعاتی ضلع کا اسکول جدید کلاس رومز، ہاسٹل، اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرے گا جس میں فٹ بال کا ایک مصنوعی میدان بھی شامل ہے۔ اس سے 10,000 سے زیادہ بچوں اور نوجوانوں کو فائدہ حاصل ہوگا، جو طویل مدتی سماجی اور تعلیمی ترقی کی بنیاد رکھے گا۔
سب کے لیے معیاری تعلیم کے اپنے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیر اعظم نے تلانگنوام میں ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول کا بھی افتتاح کیا۔ یہ اسکول داخلوں میں اضافہ کرے گا، ڈراپ آؤٹ کی شرح کو کم کرے گا، اور قبائلی نوجوانوں کے لیے جامع تعلیم کے مواقع فراہم کرے گا۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:5698
(Release ID: 2166224)
Visitor Counter : 2