وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

پبلیکیشنز ڈویژن نے بھارتی مواد کی تخلیق کو فروغ دینے اور دیسی کہانی سنانے کی روایت کو زندہ رکھنے کے لیے ‘‘چھوٹا بھیم’’ کی نئی مزاحیہ کہانیوں (کامک سیریز) کا شاندار اجرا کیا


یہ اقدام حکومت کے اُس وژن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد کتابوں، اینیمیشن، فلموں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھارتی مواد کی تخلیق کو مضبوط بنانا ہے

Posted On: 08 AUG 2025 3:22PM by PIB Delhi

وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت پبلیکیشنز ڈویژن نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ‘‘چھوٹا بھیم’’  کی تازہ ترین کامک سیریز کا اجرا کیا۔ یہ اقدام بھارتی مواد کی تخلیق کو فروغ دینے اور نوجوان قارئین تک ثقافتی اقدار سے جڑی کہانیوں کو پہنچانے کے عزم کی ایک مضبوط مثال ہے۔تقریبِ رونمائی کے دوران‘‘چھوٹا بھیم’’ جو بھارت کے مقبول ترین بچوں کے کرداروں میں سے ایک ہے ، کے تخلیقی سفر، موضوعات اور اس کی کہانیوں میں شامل پیغام پر مفصل گفتگو بھی کی گئی۔

image001ND89.jpg

اس موقع پر پبلکیشنز ڈویژن کے پرنسپل ڈائریکٹر جنرل، جناب بھوپندر کینتھولا نے کہا،‘‘جو کہانیاں ہم سناتے ہیں، خاص طور پر بچوں کو، اُن کا بھارتی پس منظر ہونا چاہیے۔ ہمارے جیسے ملک میں، جہاں دادی نانی بچوں کو سونے سے پہلے بھارتی کرداروں پر مبنی کہانیاں سنایا کرتی تھیں، پبلکیشنز ڈویژن کے لیے ان کہانی سنانے کی روایات کو نظر انداز کرنا ممکن نہیں۔ جتنا زیادہ ہم ان کہانیوں کو اپنی مادری زبان میں بیان کریں گے، اتنی ہی گہری جڑوں والی ہوگی ہماری نئی نسل کی ترقی کی کہانی۔ بھارتی کہانیاں چونکہ اقدار اور حوصلے کا پیغام دیتی ہیں، اس لیے ان کا ہر کونے تک پہنچنا ضروری ہے۔’’

یہ کامک سیریزگرین گولڈ اینیمیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے، اور اس میں بھیم  کی مہمات کو پیش کیا گیا ہے، جو ایک بہادر اور نیک دل لڑکا ہے اور خیالی ریاست ڈھولک پور میں رہتا ہے۔بھیم اپنی غیر معمولی طاقت کے لیے جانا جاتا ہے، اور وہ دوستی، حوصلہ، ٹیم ورک  اور  اخلاقی اقدار  کی نمائندگی کرتا ہے، جو بھارتی ثقافت اور لوک کہانیوں سے متاثر ہیں۔

جناب راجیو چلاکا، بانی و سی ای او، گرین گولڈ اینیمیشن پرائیویٹ لمیٹڈ، نے کہا، ‘‘حکومتِ ہند اینیمیشن، ویژوئل ایفیکٹس، گیمنگ اور کامکس کے شعبوں میں بھارتی مواد کی تخلیق کو فروغ دینے کے لیے سرگرمی سے کام کر رہی ہے، جس کی مثال ویوز  2025 جیسے اقدامات ہیں۔ اس مسلسل تعاون کے ساتھ، بھارت ان شعبوں میں عالمی رہنما کے طور پر اُبھرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔’’

‘‘چھوٹا بھیم’’  کامک سیریز کا اجرا حال ہی میں ممبئی میں منعقدہ ویوز  سمٹ  میں پیش کیے گئے وژن کی بازگشت ہے، جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسے مواد کے ذریعے بھارت کی تخلیقی معیشت کو مضبوط بنایا جائے جو مقامی ناظرین سے ہم آہنگ ہو اور بھارت کے ثقافتی ورثے  کی عکاسی کرے۔اپنی ہر عمر کے افراد کو متاثر کرنے والی کشش کے ساتھ، یہ سیریز بچوں کے ادب کو مالا مال کرنے کے ساتھ ساتھ ایک بڑے قومی مقصد یعنی  کتابوں، اینیمیشن، فلموں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھارتی کہانیوں کو فروغ دینے  میں اہم کردار ادا کرے گی۔

 

******

ش ح۔ ش ت۔ رب

U. No. 4367


(Release ID: 2154240)