وزیراعظم کا دفتر
وزیرِ اعظم نے گھانا کے صدر سے ملاقات کی
Posted On:
03 JUL 2025 1:15AM by PIB Delhi
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے آج گھانا کے صدر، عزت مآب ڈاکٹر جان ڈرامانی مہاما سے ملاقات کی۔ جوبلی ہاؤس میں صدرمہاما نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم کا یہ دورہ پچھلے تین دہائیوں میں کسی بھارتی وزیرِ اعظم کاگھانا کایہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔
دونوں رہنماؤں نے محدود اور وفدی سطح پر ملاقات کی اور وسیع موضوعات پر بات چیت کی۔ انہوں نے باہمی تعلقات کو ایک جامع شراکت داری کی سطح تک لے جانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت اور گھانا کے درمیان دوستانہ اور آزمودہ تعلقات کی توثیق کی اور تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، صلاحیت سازی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے اور عوامی روابط جیسے کلیدی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے دو طرفہ تجارت میں اضافے اور گھانا میں بھارتی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ترقیاتی تعاون کی شراکت داری کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، خصوصاً اُن منصوبوں کے ذریعے جو بھارت کی معاونت سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صلاحیت سازی کے لیے جاری ہیں۔بھارت نے صحت، دوا سازی، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، یو پی آئی اور ہنر مندی کے فروغ جیسے شعبوں میں اپنے تجربات کو گھانا کے ساتھ مشترک کرنے کی پیشکش کی۔ وزیرِ اعظم نے عالم جنوب کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے بھارت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور اس ضمن میں گھانا کی یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔وزیرِ اعظم نے گھانا میں مقیم پندرہ ہزار افراد پر مشتمل ایک متحرک اور مضبوط بھارتی برادری کی دیکھ بھال کرنے پر صدر مہاما کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، جن میں اقوامِ متحدہ میں اصلاحات کا موضوع بھی شامل تھا۔ وزیرِ اعظم نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد حمایت اور یکجہتی پربھی صدر مہاما کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں فریقوں نے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔وزیرِ اعظم نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں گھانا کی رکنیت اور گھانا کی وزیرِ خارجہ کے دولتِ مشترکہ کی سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر گھانا کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے جمہوری اقدار، جنوب-جنوب تعاون، پائیدار ترقی اور عالمی امن کے لیے مشترکہ وژن کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفدی سطح کی بات چیت کے بعد ثقافت، معیارات، آیوروید، روایتی ادویات اور وزرائے خارجہ کے درمیان روابط کے لیے مشترکہ کمیشن کے قیام سے متعلق چار مفاہمت ناموں کا تبادلہ کیا گیا۔ صدر مہاما نے وزیر اعظم کے اعزاز میں ایک باوقار سرکاری ضیافت کا اہتمام کیا۔ وزیر اعظم نے پرتپاک مہمان نوازی پر صدر مہاما کا شکریہ ادا کیا اور انہیں باہمی سہولت کے مطابق موزوں وقت پر بھارت کے دورے کی دعوت دی۔
************
ش ح ۔ ت ف ۔ م ا
Urdu Release No-2392
(Release ID: 2141720)
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Nepali
,
Bengali-TR
,
Assamese
,
Manipuri
,
Bengali
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam