وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم کا گھانا ، ٹرینیڈاڈو ٹوباگو ، ارجنٹائن ، برازیل اور نمیبیا کا دورہ (02-09 جولائی)

Posted On: 27 JUN 2025 10:03PM by PIB Delhi

وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی 2 سے 3 جولائی 2025 کو گھانا کے دورے پر جائیں گے۔ یہ وزیرِ اعظم کا گھانا کا پہلا دوطرفہ سرکاری دورہ ہوگا۔ بھارت سے گھانا کا یہ وزیرِ اعظم کا دورہ تین دہائیوں کے بعد ہو رہا ہے۔

اس دورے کے دوران وزیرِ اعظم گھانا کے صدر سے ملاقات کریں گے تاکہ دو طرفہ مضبوط شراکت داری کا جائزہ لیا جا سکے اور اقتصادی، توانائی، دفاعی تعاون، اور ترقیاتی شراکت داری کے ذریعے اسے مزید بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

یہ دورہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو گہرا کرنے اور بھارت کے اقتصادی مغربی افریقہ ریاستوں کی تنظیم(ای سی او ڈبلیو اے ایس)  اور افریقی یونین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کے مشترکہ عزم کی تصدیق کرے گا۔

اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں، جمہوریہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی وزیرِ اعظم محترمہ کاملا پرساد بسیسر کی دعوت پر،وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی 3 سے 4 جولائی 2025 تک ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ وزیرِ اعظم کا اس ملک کا پہلا دورہ ہوگا اور 1999 کے بعد ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کا وزیرِ اعظم سطح پر پہلا دوطرفہ دورہ بھی ہوگا۔

دورے کے دوران وزیرِ اعظم، محترمہ کرسٹین کارلا کینگالو، صدر ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، اور محترمہ کاملا پرساد بسیسر، وزیرِ اعظم ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو سے ملاقات کریں گے اور بھارت اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیرِ اعظم متوقع طور پر ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

وزیرِ اعظم کا ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کا یہ دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ اور تاریخی تعلقات کو نئی توانائی بخشے گا۔

اپنے دورے کے تیسرے مرحلے میں، جمہوریہ ارجنٹائن کے صدر محترم جاویر میلی کی دعوت پر، وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی 4 سے 5 جولائی 2025 تک ارجنٹائن کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیرِ اعظم صدر میلی سے دوطرفہ ملاقات کریں گے تاکہ جاری تعاون کا جائزہ لیا جا سکے اور دفاع، زراعت، کان کنی، تیل و گیس، قابلِ تجدید توانائی، تجارت و سرمایہ کاری، اور عوامی رابطوں سمیت اہم شعبوں میں بھارت-ارجنٹائن شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

وزیرِ اعظم کا یہ دوطرفہ دورہ بھارت اور ارجنٹائن کے درمیان وسیع البنیاد اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرے گا۔

اپنے دورے کے چوتھے مرحلے میں، فیڈریٹیو ریپبلک آف برازیل کے صدر محترم لوئیس ایناسیو لولا دا سلوا کی دعوت پر، وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی 5 سے 8 جولائی 2025 تک برازیل کا دورہ کریں گے تاکہ 17ویں برکس سربراہی اجلاس 2025 میں شرکت کریں، جس کے بعد وہ برازیلیا میں سرکاری دورہ بھی انجام دیں گے۔ یہ وزیرِ اعظم کا برازیل کا چوتھا دورہ ہوگا۔

17ویں برکس لیڈرز سمٹ ریو ڈی جنیرو میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم عالمی گورننس میں اصلاحات، امن و سلامتی، کثیرالجہتی نظام کی مضبوطی، مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال، ماحولیاتی اقدامات، عالمی صحت، اور اقتصادی و مالی امور سمیت اہم عالمی مسائل پر اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے۔ وزیرِ اعظم امکان ہے کہ اجلاس کے دوران متعدد دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

سرکاری دورے کے دوران، وزیرِ اعظم برازیلیا جائیں گے جہاں وہ صدر لوئز لولا دا سلوا سے دوطرفہ بات چیت کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی، دفاعی، توانائی، خلائی، ٹیکنالوجی، زراعت، صحت، اور عوامی رابطوں سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دی جا سکے۔

اپنے دورے کے آخری مرحلے میں، وزیر اعظم، معزز ڈاکٹر نیتمبو نندی-ندیتواہ، صدرِ جمہوریہ نمیبیا کی دعوت پر، 9 جولائی 2025 کو نمیبیا کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ وزیر اعظم کا نمیبیا کا پہلا دورہ ہوگا، جبکہ کسی بھارتی وزیر اعظم کا نمیبیا کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔ اپنے قیام کے دوران، وزیر اعظم صدر نندی-ندیتواہ کے ساتھ دو طرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔ وہ نمیبیا کے بانی رہنما اور پہلے صدر، مرحوم ڈاکٹر سام نوجوما کو بھی خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم نمیبیا کی پارلیمنٹ سے بھی خطاب کریں گے۔ یہ دورہ نمیبیا کے ساتھ بھارت کے کثیر جہتی اور تاریخی تعلقات کی تجدید اور ان میں مزید وسعت کا مظہر ہوگا۔

 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح –اس ک۔م ش )

U. No.2271


(Release ID: 2140696)