وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم یکم اور 2 مئی کو مہاراشٹر، کیرالہ اور آندھرا پردیش کا دورہ کریں گے
وزیر اعظم ممبئی میں ورلڈ آڈیو ویژوئل اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (ویوز) کا افتتاح کریں گے
بھارت تقریباً 25 ممالک کی وزارتی شرکت داری والے عالمی میڈیا ڈائیلاگ کی میزبانی کرے گا
وزیر اعظم کیرالہ میں ویزنجم بین الاقوامی گہرے پانی والی کثیر مقصدی بندرگاہ کو قوم کے نام وقف کریں گے
یہ بھارت کی پہلی مخصوص کنٹینر ٹرانس شپمنٹ بندرگاہ ہے
وزیر اعظم امراوتی میں 58,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، افتتاح کریں گے اور قوم کے نام وقف کریں گے
خطے میں رابطے کو بڑے پیمانے پر فروغ دیتے ہوئے، وزیر اعظم آندھرا پردیش میں متعدد سڑک اور ریل منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے
Posted On:
30 APR 2025 1:00PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی یکم اور 2 مئی کو مہاراشٹر، کیرالہ اور آندھرا پردیش کا دورہ کریں گے۔ وہ یکم مئی کو ممبئی جائیں گے اور صبح تقریباً 10:30 بجے ورلڈ آڈیو ویژوئل اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (ویوز) کا افتتاح کریں گے۔
اس کے بعد وہ کیرالہ جائیں گے اور 2 مئی کو صبح تقریباً 10:30 بجے وہ ’ویزنجم انٹرنیشنل ڈیپ واٹر ملٹی پرپز سی پورٹ‘ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔وہ اس موقع پر حاضرین سے خطاب بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ، وہ آندھرا پردیش کا دورہ کریں گے اور تقریباً 3:30 بجے، وہ امراوتی میں 58,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، افتتاح کریں گے اور قوم کے نام وقف کریں گے۔ وہ عوامی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔
مہاراشٹر میں وزیر اعظم
وزیر اعظم جیو ورلڈ سینٹر، ممبئی میں بھارت کی اپنی نوعیت کی پہلی ورلڈ آڈیو ویژوئل اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ ویوز 2025 کا افتتاح کریں گے۔ ٹیگ لائن ’’کنیکٹنگ کریئیٹرز ، کنیکٹنگ کنٹریز‘‘ والا چار روزہ سربراہ اجلاس دنیا بھر کے تخلیق کاروں، اسٹارٹ اپس، صنعت کے رہنماؤں اور پالیسی سازوں کو یکجا کرکے بھارت کو میڈیا ، تفریح اور ڈیجیٹل اختراع کے عالمی مرکز کے طور پر قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔
روشن مستقبل کی تشکیل کے لیے تخلیقی صلاحیتوں، ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق، ویوز فلموں، او ٹی ٹی، گیمنگ، کامکس، ڈیجیٹل میڈیا، اے آئی، اے وی جی سی-ایکس آر، براڈکاسٹنگ اور ابھرتی ہوئی ٹیک کو مربوط کرنے کا کام کرے گا، جس سے یہ بھارت کے میڈیا اور تفریحی صلاحیت کا ایک جامع مظاہرہ ہوگا۔ویوز کا مقصد 2029 تک 50 بلین ڈالر کی مارکیٹ کو کھولنا ہے، جس سے عالمی تفریحی معیشت میں بھارت کے نقش قدم کو وسعت ملے گی۔
ویوز 2025 میں، بھارت پہلی بار گلوبل میڈیا ڈائیلاگ (جی ایم ڈی) کی میزبانی بھی کرے گا، جس میں 25 ممالک کی وزارتی شراکت داری ہوگی، جو عالمی میڈیا اور تفریحی منظر نامے کے ساتھ ملک کی وابستگی کی راہ میں ایک سنگ میل ہے۔سمٹ میں ویوز بازار بھی پیش کیا جائے گا، جو 6,100 سے زیادہ خریداروں، 5,200 فروخت کنندگان اور 2,100 پروجیکٹوں کے ساتھ ایک عالمی ای-مارکیٹ پلیس ہے۔ اس کا مقصد خریداروں اور فروخت کنندگان کو مقامی اور عالمی سطح پر جوڑنا ہے، جس سے وسیع پیمانے پر نیٹ ورکنگ اور کاروباری مواقع کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعظم کرئیٹوسفیئر کا دورہ کریں گے اور تقریباً ایک سال قبل شروع کیے گئے 32 کرئیٹ اِن انڈیا چیلنجز میں سے منتخب تخلیق کاروں کے ساتھ بات چیت کریں گے، جس میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد نے رجسٹریشن کرایا تھا۔ وہ بھارت پویلین کا بھی دورہ کریں گے۔
ویوز 2025 میں 90 سے زیادہ ممالک کی شرکت ہوگی، جس میں 10,000 سے زیادہ مندوبین، 1,000 تخلیق کار، 300 سے زیادہ کمپنیاں اور 350 سے زیادہ اسٹارٹ اپ شامل ہوں گے۔سمٹ میں 42 مکمل سیشنز، 39 بریک آؤٹ سیشنز اور 32 ماسٹر کلاسز ہوں گی، جو نشریاتی، انفوٹینمنٹ ، اے وی جی سی-ایکس آر، فلموں اور ڈیجیٹل میڈیا سمیت مختلف شعبوں پر محیط ہوں گے۔
کیرالہ میں وزیر اعظم
وزیر اعظم 8900 کروڑ روپے کی لاگت سے ’ویزنجم انٹرنیشنل ڈیپ واٹر ملٹی پرپز پورٹ‘ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔یہ ملک کی پہلی مخصوص کنٹینر ٹرانس شپمنٹ بندرگاہ ہے، جو وکست بھارت کے متحدہ وژن کے حصے کے طور پر بھارت کے سمندری شعبے میں ہونے والی، تبدیلی لانے والی پیش رفت کی نمائندگی کرتی ہے۔
ویزنجم بندرگاہ، جس کی اسٹریٹجک اہمیت ہے، کی شناخت ایک کلیدی ترجیحی منصوبے کے طور پر کی گئی ہے، جو عالمی تجارت میں بھارت کی پوزیشن کو مضبوط کرنے، لاجسٹک کارکردگی کو بڑھانے اور کارگو ٹرانس شپمنٹ کے لیے غیر ملکی بندرگاہوں پر انحصار کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ اس کا تقریباً 20 میٹر کا قدرتی گہرا ڈرافٹ اور دنیا کے مصروف ترین سمندری تجارتی راستوں میں سے ایک کے قریب مقام عالمی تجارت میں بھارت کی پوزیشن کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
وزیراعظم آندھرا پردیش میں
وزیر اعظم امراوتی میں 58,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے ، سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کو وقف کریں گے۔
ملک بھر میں عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور رابطے کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کے مطابق ، وزیر اعظم آندھرا پردیش میں قومی شاہراہوں کے 7 پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے ۔ان پروجیکٹوں میں قومی شاہراہوں کے مختلف حصوں کو چوڑا کرنا ، روڈ اوور برج اور سب وے کی تعمیر کے کام شامل ہیں۔ ان پروجیکٹوں سے سڑک پر سلامتی میں مزید اضافہ ہوگا ؛ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ؛ تروپتی ، سری کلاہستی ، ملاکونڈا اور ادےگیری قلعہ جیسے مذہبی اور سیاحتی مقامات تک بلا رکاوٹ رابطہ فراہم ہوگا۔
اس دورے میں وزیر اعظم چند ریلوے پروجیکٹوں کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے جن کا مقصد رابطے کو بہتر کرنااور صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ان پروجیکٹوں میں بگناپلی سیمنٹ نگر اور پنیام اسٹیشنوں کے درمیان ریلوے لائن کو ڈبل کرنا ، رائل سیما اور امراوتی کے درمیان رابطے کو بہتر بنانا اور نیو ویسٹ بلاک ہٹ کیبن اور وجے واڑہ اسٹیشنوں کے درمیان تیسری ریل لائن کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں ۔
وزیر اعظم 6 نیشنل ہائی وے پروجیکٹوں اور ایک ریلوے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔ان پروجیکٹوں میں قومی شاہراہوں کے مختلف حصوں کو چوڑا کرنا ؛ ایلیویٹڈ کوریڈور ، ہاف کلوور لیف اور روڈ اوور برج کی تعمیر شامل ہیں ۔ان پروجیکٹوں کی تعمیر سے رابطے ، بین ریاستی سفر بہتر ہوں گے ، سڑکوں پر بھیڑکم ہوگی اور مجموعی لاجسٹکسکی صلاحیت بہترہوگی ۔گنٹاکل ویسٹ اور ملپا گیٹ اسٹیشنوں کے درمیان ریل اوور ریل کی تعمیر کا مقصد مال بردار ٹرینوں کو بائی پاس کرنا اور گنٹاکل جنکشن پر بھیڑ کو کم کرنا ہے ۔
وزیر اعظم بنیادی ڈھانچے کے متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جن میں قانون ساز اسمبلی ، ہائی کورٹ ، سکریٹریٹ ، دیگر انتظامی عمارتیں اور 5200 سے زیادہ خاندانوں کے لیے رہائشی عمارتیں شامل ہیں جن کی مالیت 11,240 کروڑ روپے سے زیادہ ہے ۔اس میں ٹرنک انفراسٹرکچر اور سیلاب سے نمٹنے کے منصوبے بھی شامل ہوں گے جن میںزیر زمین سہولیات اور سیلاب کے انتظام کے جدید نظام کے ساتھ 320 کلومیٹر کا عالمی معیار کا ٹرانسپورٹ نیٹ ورک شامل ہے جن کی مالیت 17,400 کروڑ روپے سے زیادہ ہے ۔لینڈ پولنگ اسکیم انفراسٹرکچر پروجیکٹس کے تحت دارالحکومت امراوتی میں وسطی میڈینز ، سائیکل ٹریکس اور مربوط یوٹیلیٹیز سے لیس 1,281 کلومیٹر سڑکوں کا احاطہ کیا جائے گا ، جس کی مالیت 20,400 کروڑ روپے سے زیادہ ہے ۔
وزیر اعظم آندھرا پردیش کے ناگیہ لنکا میں تقریبا 1460ً کروڑ روپے کی لاگت سے میزائل ٹیسٹ رینج کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اس میں ایک لانچ سینٹر، تکنیکی آلات کی سہولیات ، مقامی ریڈار ، ٹیلی میٹری اور الیکٹرو آپٹیکل سسٹم شامل ہوں گے جس سے ملک کی دفاعی تیاریوں میں بہتری آئے گی۔
وزیر اعظم وشاکھاپٹنم کے مدھوراواڈا میں پی ایم ایکتا مال کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔اس کا تصور قومی یکجہتی کو فروغ دینے ، میک ان انڈیا پہل کی حمایت کرنے ، ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ کی پہل کو فروغ دینے ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے ، دیہی کاریگروں کو بااختیار بنانے اور مقامی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانے کے مقصد سے کیا گیا ہے ۔
******
UR-382
(ش ح۔ م م۔م ش ع۔ م ر۔ ج ا)
(Release ID: 2125430)
Visitor Counter : 24
Read this release in:
Assamese
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Bengali
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam