وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نیوز 18 رائزنگ بھارت سمٹ سے خطاب کیا
دنیا کی نگاہیں اور توقعات بھارت سے ہیں:وزیر اعظم
ہندوستان نے صرف ایک دہائی میں اپنی معیشت کے حجم کو دوگنا کرتے ہوئے دوگنی رفتار سے ترقی کی ہے: وزیر اعظم
جن لوگوں نے سوچا تھا کہ ہندوستان دھیرے دھیرے اور مستحکم طریقے سےترقی کرے گا وہ اب تیز اور بے خوف ہندوستان کا مشاہدہ کریں گے:وزیر اعظم
تاخیر ترقی کی دشمن ہے: وزیر اعظم
جب ترقی امنگوں سے تحریک یافتہ ہوتی ہے ، تو یہ شمولیت پر مبنی اور پائیدار ہو جاتی ہے: وزیر اعظم
وقف قوانین سب کے لیے ، خاص طور پر پسماندہ لوگوں کے لیے وقار کو یقینی بناتے ہیں:وزیر اعظم
ویوز ہندوستانی فنکاروں کو اپنے مواد کو تخلیق کرنے اور عالمی سطح پر لے جانے کے لیے بااختیار بنائے گا: وزیر اعظم
Posted On:
08 APR 2025 10:26PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں نیوز 18 رائزنگ بھارت سمٹ سے خطاب کیا ۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس سمٹ کے ذریعے ہندوستان اور دنیا بھر کے معزز مہمانوں سے رابطہ قائم کرنے کا موقع فراہم کرنے پر نیٹ ورک 18 کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اس سال کی سربراہ کانفرنس کی ہندوستان کے نوجوانوں کی امنگوں پر توجہ مرکوز کرنے کی تعریف کی ۔ اس سال کے شروع میں بھارت منڈپم میں سوامی وویکانند جینتی کے موقع پر منعقدہ 'وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ' کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ، انہوں نے ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے نوجوانوں کے خوابوں ، عزم اور جذبے پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے 2047 تک ہندوستان کی ترقی کے روڈ میپ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر قدم پر مسلسل غور و فکر سے قیمتی بصیرت حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بصیرت امرت کال کی نسل کو توانائی فراہم کرے گی ،اس کی رہنمائی کرے گی اور اس میں تیزی لائے گی ۔ انہوں نے سمٹ کی کامیابی پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
جناب مودی نے کہا کہ "دنیا کی نگاہیں اور توقعات ہندوستان سے ہیں"۔انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ چند سالوں میں ہندوستان 11 ویں سے 5 ویں سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ "متعدد عالمی چیلنجوں کے باوجود ، ہندوستان نے صرف ایک دہائی میں اپنی معیشت کے حجم کو دوگنا کرتے ہوئے دوگنی رفتار سے پیش قدمی کی ہے" ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو کبھی یقین تھا کہ ہندوستان آہستہ آہستہ اور مسلسل ترقی کرے گا ، وہ اب 'تیز اور بے خوف ہندوستان' کا مشاہدہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ان عزائم اور امنگوں کو پورا کرنا اب قومی ترجیح ہے ، کہا کہ "یہ بے مثال ترقی ہندوستان کے نوجوانوں کے عزائم اور امنگوں سے تحریک حاصل کر رہی ہے" ۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آج 8 اپریل 2025 تک ، ایک دو دن میں سال کے پہلے 100 دن مکمل ہونے والے ہیں ، وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس عرصے کے دوران کیے گئے فیصلے ہندوستان کے نوجوانوں کی امنگوں کی عکاسی کرتے ہیں ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ 100 دن صرف فیصلوں کے بارے میں نہیں تھے بلکہ مستقبل کی بنیاد رکھنے کے بارے میں بھی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کو امکانات میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر صفر ٹیکس سمیت اہم اقدامات پر روشنی ڈالی ، جس سے نوجوان پیشہ ور افراد اور کاروباری افراد کو فائدہ ہوا ۔ انہوں نے 10,000 نئی میڈیکل سیٹوں اور 6,500 نئی آئی آئی ٹی سیٹوں کے اضافے کا ذکر کیا ، جس سے تعلیم میں توسیع اور اختراع میں تیزی آئی ہے ۔ جناب مودی نے 50,000 نئی اٹل ٹنکرنگ لیبز کے قیام کا بھی ذکر کیا ، جس سے یہ یقینی بنایا جا سکےگا کہ اختراع ملک کے ہر کونے تک پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیبز اختراع کے سلسلہ وار رد عمل کو روشن کریں گی ۔ اے آئی اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے سینٹرز آف ایکسی لینس کی تشکیل پر روشنی ڈالتے ہوئے جو نوجوانوں کو مستقبل کے لیے تیار ہونے کے مواقع فراہم کرتا ہے ، جناب مودی نے ‘خیالات سے اثرات تک’ کے سفر کو آسان بنانے کے لیے 10,000 نئی پی ایم ریسرچ فیلوشپس کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح خلائی شعبہ کو کھولا گیا تھا ، اسی طرح اب جوہری توانائی کے شعبے کو بھی کھولا جائے گا ، جس سے سرحدیں ختم ہوں گی اور اختراع کو فروغ ملے گا ۔ انہوں نے گِگ اکانومی میں مصروف نوجوانوں کے لیے سماجی تحفظ کے التزامات کو متعارف کرانےکا ذکر کیا ، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ جو چیزیں پہلے مخفی تھیں وہ اب پالیسیوں کے مرکز میں ہیں ۔ انہوں نے ایس سی/ایس ٹی اور خواتین کاروباریوں کے لیے 2 کروڑ روپے تک کے ٹرم لون پر بھی روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ شمولیت اب صرف ایک وعدہ نہیں بلکہ ایک پالیسی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان فیصلوں سے ہندوستان کے نوجوانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا ، کیونکہ ملک کی ترقی اس کے نوجوانوں کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے ۔
جناب مودی نے کہا کہ "پچھلے 100 دنوں کی کامیابیاں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ ہندوستان اپنی ترقی میں نہ رکنے والا، غیر متزلزل، اور اٹل ہے" ، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اس عرصے کے دوران ، ہندوستان سیٹلائٹ ڈاکنگ اور اَن ڈاکنگ کی صلاحیتیں حاصل کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ۔ انہوں نے سیمی کرایوجینک انجن کی کامیاب جانچ اور 100 گیگا واٹ شمسی صلاحیت کو عبور کرنے کے سنگ میل کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کوئلے کی 1,000 ملین ٹن کی ریکارڈ پیداوار اور نیشنل کریٹیکل منرل مشن کے آغاز پر بھی زور دیا ۔ جناب مودی نے مرکزی حکومت کے ملازمین کے لیے 8 واں تنخواہ کمیشن قائم کرنے کے فیصلے اور کسانوں کے لیے کھاد سے متعلق سبسڈی میں اضافے کا بھی ذکر کیا ، جس سے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی ترجیح کی نشاندہی ہوتی ہے ۔ انہوں نے چھتیس گڑھ میں 3 لاکھ سے زیادہ خاندانوں کے لیے بڑے پیمانے پر ہاؤس وارمنگ(گِرہ پرویش) تقریب اور سوامتو اسکیم کے تحت 65 لاکھ سے زیادہ پراپرٹی کارڈز کی تقسیم پر روشنی ڈالی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان 100 دنوں میں ، دنیا کی سب سے اونچی سرنگوں میں سے ایک ، سونمرگ ٹنل کو قوم کے نام وقف کیا گیا تھا ۔ انہوں نے ہندوستانی بحریہ کی طاقت میں آئی این ایس سورت ، آئی این ایس نیلگیری اور آئی این ایس واگشیر کے اضافے کا ذکر کیا ۔ انہوں نے فوج کے لیے 'میڈ ان انڈیا' ہلکے جنگی ہیلی کاپٹروں کی خریداری کی منظوری کا بھی حوالہ دیا ۔ انہوں نے وقف ترمیمی بل کی منظوری کو سماجی انصاف کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ 100 دن نہ صرف 100 فیصلوں بلکہ 100 عزائم کی تکمیل کی نمائندگی کرتے ہیں ۔
"کارکردگی کا یہ منتر ابھرتے ہوئے ہندوستان کے پس پشت کارفرماحقیقی توانائی ہے" ، وزیر اعظم نے رامیشورم کے اپنے حالیہ دورے کا ذکرکیا جہاں انہیں تاریخی پامبن پل کا افتتاح کرنے کا موقع ملا تھا ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ 125 سال قبل انگریزوں نے وہاں ایک پل تعمیر کیا تھا ، جس نے تاریخ کا مشاہدہ کیا ، طوفانوں کو برداشت کیا اور طوفان سے کافی نقصان اٹھایا ۔ کئی سالوں کے عوامی مطالبے کے باوجود پچھلی حکومتیں کارروائی کرنے میں ناکام رہیں ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ان کی حکومت کے تحت ہی تھا کہ نئے پامبن پل پر کام شروع ہوا اور ملک کے پاس اب پہلا عمودی لفٹ ریل-سمندری پل ہے ۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ منصوبوں میں تاخیر ملک کی ترقی میں رکاوٹ بنتی ہے ، جبکہ کارکردگی اور تیز رفتار کارروائی ترقی کا باعث بنتی ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ"تاخیر ترقی کی دشمن ہے ، اور ہماری حکومت اس دشمن کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہے" ۔ انہوں نے آسام کے بوگیبیل پل کی مثال دی ، جس کی بنیاد 1997 میں سابق وزیر اعظم جناب دیو گوڑا نے رکھی تھی اور اس کی شروعات وزیر اعظم جناب اٹل بہاری واجپائی نے کی تھی ۔ تاہم ، انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ بعد کی حکومتوں کے تحت رک گیا ، جس کی وجہ سے اروناچل پردیش اور آسام میں لاکھوں افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان کی حکومت نے 2014 میں اس منصوبے کو دوبارہ شروع کیا اور اسے چار سال کے اندر ، 2018 میں مکمل کیا ۔ انہوں نے کیرالہ کے کولم بائی پاس روڈ پروجیکٹ کا بھی ذکر کیا ، جو 1972 سے زیر التوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے اس پر 50 سال تک کام کیا ، جبکہ یہ منصوبہ ان کی حکومت کے تحت پانچ سالوں میں مکمل ہوا ۔
جناب مودی نے کہا کہ نوی ممبئی ہوائی اڈے پر بات چیت 1997 میں شروع ہوئی اور اسے 2007 میں منظوری ملی ۔ تاہم ، انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کانگریس حکومت نے اس منصوبے پر کوئی کارروائی نہیں کی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت نے اس منصوبے میں تیزی لائی ہے اور وہ دن دور نہیں جب نوی ممبئی ہوائی اڈے سے تجارتی پروازیں شروع ہوں گی ۔
پردھان منتری مدرا یوجنا کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر 8 اپریل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے پہلے ، بغیر گارنٹر کے بینک اکاؤنٹ کھولنا بھی ایک چیلنج تھا اور عام خاندانوں کے لیے بینک قرض ایک دور کا خواب تھا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مدرا یوجنا نے پسماندہ گروہوں کی امنگوں کو پورا کیا ، جن میں ایس سی/ایس ٹی ، او بی سی ، بے زمین مزدور اور خواتین شامل ہیں ، جن کے پاس عہد کرنے کے لیے کچھ نہیں تھا سوائے ان کی محنت کے ۔ یہ سوال کرتے ہوئے کہ کیا ان کے خواب ، خواہشات اور کوششیں کم قیمتی ہیں ، جناب مودی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ گزشتہ دہائی کے دوران مدرا یوجنا کے تحت بغیر کسی ضمانت کے 52 کروڑ قرضے تقسیم کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے اس اسکیم کے قابل ذکر پیمانے اور رفتار کو نوٹ کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک لائٹ کو سبز ہونے میں جتنا وقت لگتا ہے اتنےمیں 100 مدرا قرضوں کو منظوری مل جاتی ہے ، دانت صاف کرنے میں جتنا وقت لگتا ہے اتنے وقت میں 200 قرضوں کی منظوری دی جاتی ہے ، اور ریڈیو پر پسندیدہ گانے سننے میں جتنا وقت لگتا ہےاتنےوقت میں 400 قرضوں کو منظوری مل جاتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرڈر کو پورا کرنے کے لیے فوری ڈیلیوری ایپ میں جتنا وقت لگتا ہے اتنےوقت میں 1000 مدرا قرضوں کو منظوری مل جاتی ہے ۔ اسی طرح ، جب تک کوئی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ایک ایپی سوڈ ختم کرتا ہے ، اتنے وقت میں 5000 مدرا کاروبار قائم ہو جاتے ہیں ۔
جناب مودی نے اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "مدرا یوجنا نے ضمانتوں کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ لوگوں میں اعتماد پیدا کیا" ، اس اسکیم نے 11 کروڑ افراد کو پہلی بار خود کے روزگار کے لیے قرض حاصل کرنے کے قابل بنایا ہے ، جس سے وہ پہلی بار کاروباری افراد میں تبدیل ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران مدرا یوجنا کے ذریعے 11 کروڑ خوابوں کو پنکھ دیے گئے ہیں ۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ اس اسکیم کے تحت تقریبا 33 لاکھ کروڑ روپے تقسیم کیے گئے ہیں ، جو دیہاتوں اور چھوٹے شہروں تک پہنچ رہے ہیں-یہ اعداد و شمار بہت سے ممالک کی جی ڈی پی کو پیچھے چھوڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ "یہ محض مائیکرو فنانس نہیں ہے بلکہ نچلی سطح پر ایک بڑی تبدیلی ہے" ۔
توقعاتی اضلاع اور بلاکوں میں تبدیلی لانے والی مثالوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے 100 سے زیادہ اضلاع کو پسماندہ قرار دیا تھا اور انہیں نظر انداز کر دیا تھا ، جن میں سے بہت سے شمال مشرق اور قبائلی علاقوں میں تھے ۔ ان اضلاع میں بہترین صلاحیتوں کو تعینات کرنے کے بجائے ، ان میں اہلکاروں کی بطور سزا پوسٹنگ کی جاتی تھی ، جو "پسماندہ" علاقوں کو جمود کا شکار رکھنے کی پرانی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت نے ان علاقوں کو توقعاتی اضلاع کے طور پر نامزد کرکے اس نقطہ نظر کو تبدیل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں انتظامیہ کو ترجیح دی گئی ، فلیگ شپ اسکیموں کو مشن موڈ میں نافذ کیا گیا اور مختلف پیمانوں پر ترقی کی نگرانی کی گئی ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان توقعاتی اضلاع نے اب کارکردگی میں کئی ریاستوں اور قومی اوسط کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ، جس سے مقامی نوجوانوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان اضلاع کے نوجوان اب اعتماد کے ساتھ کہتے ہیں ، "ہم بھی حاصل کر سکتے ہیں ، ہم ترقی بھی کر سکتے ہیں" ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ توقعاتی اضلاع کے پروگرام کو معروف اداروں اور جرائد سے عالمی سطح پر پہچان ملی ہے ۔ اس کی کامیابی سے متاثر ہو کر حکومت اب 500 توقعاتی بلاکوں پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ امنگوں سے تحریک یافتہ ترقی شمولیت پر مبنی اور پائیدار دونوں ہے ۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امن ، استحکام اور سلامتی کا احساس کسی قوم کی تیز رفتار ترقی کے لیے ضروری ہے ، وزیر اعظم نے گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کے بے خوف اور پراعتماد دماغ کے وژن"جہاں دماغ خوف سے پاک ہو اور سر بلند ہو" کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ہندوستان کو خوف ، دہشت گردی اور تشدد کے ماحول کا سامنا کرنا پڑا ، جس سے نوجوانوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی نسلیں بم دھماکوں ، گولیوں اور پتھراؤ سے دوچار تھیں ، جبکہ پچھلی حکومتوں میں اس آگ کو بجھانے کی ہمت نہیں تھی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت کے مضبوط سیاسی عزم اور حساسیت نے جموں و کشمیر کی صورتحال کو بدل دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج جموں و کشمیر کے نوجوان ترقی میں سرگرم عمل ہیں ۔
شمال مشرق میں نکسل ازم کا مقابلہ کرنے اور امن کو فروغ دینے میں ہونے والی اہم پیش رفت پر زور دیتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ کبھی 125 سے زیادہ اضلاع تشدد کی زد میں تھے ، جہاں سے نکسل ازم کا آغاز ہوا ، وہاں حکومتی کنٹرول ختم ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نکسل ازم کا شکار تھی ۔ انہوں نے ان نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے اپنی حکومت کی کوششوں پر زور دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی دہائی کے دوران 8000 سے زیادہ نکسلیوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں اور تشدد کا راستہ ترک کر دیا ہے ، انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ نکسل متاثرہ اضلاع کی تعداد اب کم ہو کر 20 سے بھی کم ہو گئی ہے ۔ جناب مودی نے کہا کہ شمال مشرق نے بھی کئی دہائیوں تک علیحدگی پسندی اور تشدد کا سامنا کیا ہے ۔ پچھلے 10 سالوں میں ، ان کی حکومت نے 10 امن معاہدوں پر دستخط کیے ہیں ، جس کے نتیجے میں 10,000 سے زیادہ نوجوان ہتھیار ڈال کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوئے ہیں ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کامیابی نہ صرف ہزاروں نوجوانوں کے ہتھیار ترک کرنے میں بلکہ اپنے حال اور مستقبل کو بچانے میں بھی مضمر ہے ۔
جناب مودی نے کہا کہ دہائیوں سے قومی چیلنجوں کو حل کرنے کے بجائے سیاسی قالین کے نیچے دھکیل دیا جاتا رہا ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس طرح کے مسائل کا مقابلہ کیا جائے اور 21 ویں صدی کی نسلوں پر 20 ویں صدی کی سیاسی غلطیوں کا بوجھ نہ ڈالا جائے ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ خوشنودی کی سیاست ہندوستان کی ترقی کے لیے ایک اہم چیلنج رہی ہے ۔ وقف سے متعلق قوانین میں حالیہ ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ وقف کے ارد گرد بحث خوشنودی کی سیاست سے پیدا ہوتی ہے ، جو کوئی نیا رجحان نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی جدوجہد آزادی کے دوران خوشنودی کے بیج بوئے گئے تھے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہندوستان کو آزادی حاصل کرنے والے دیگر ممالک کے برعکس آزادی کی شرط کے طور پر تقسیم کا سامنا کیوں کرنا پڑا ۔ انہوں نے اسے اس وقت قومی مفاد پر اقتدار کی ترجیح سے منسوب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک علیحدہ قوم کا خیال عام مسلم خاندانوں کی امنگوں میں شامل نہیں تھا بلکہ چند انتہا پسندوں کی طرف سے اس کی تشہیر کی گئی تھی ، جس کی حمایت کچھ کانگریس رہنماؤں نے اقتدار پر واحد دعوی حاصل کرنے کے لیے کی تھی ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خوشنودی کی سیاست نے کانگریس کو اقتدار اور کچھ انتہا پسند رہنماؤں کو طاقت اور دولت دی ۔ تاہم ، انہوں نے سوال کیا کہ بدلے میں عام مسلمان کو کیا ملتا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ غریب اور پسماندہ مسلمان نظرانداز ، ناخواندگی اور بے روزگاری کے شکار رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم خواتین کو نا انصافی کا سامنا کرنا پڑا ، شاہ بانو کیس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے آئینی حقوق کو خوشنودی کے لیے قربان کیا گیا تھا ۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ خواتین کو خاموش کر دیا گیا اور ان پر سوال نہ کرنے کا دباؤ ڈالا گیا ، جبکہ انتہا پسندوں کو ان کے حقوق کو دبانے کے لیے آزادچھوڑ دیا گیا۔
جناب مودی نے کچھ جماعتوں پرخوشنودی کو ووٹ بینک کی سیاست کے آلے کے طور پر استعمال کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "خوشنودی کی سیاست بنیادی طور پر ہندوستان میں سماجی انصاف کے بنیادی تصور کے خلاف ہے" ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وقف ایکٹ میں 2013 کی ترامیم انتہا پسند عناصر اور زمینی مافیا کو خوش کرنے کی کوشش تھی ۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ اس ترمیم نے آئین سے بالاتر ہونے کا وہم پیدا کیا ، جس سے انصاف کے وہ راستے محدود ہو گئے جو آئین نے کھولے تھے ۔ انہوں نے اس ترمیم کے منفی نتائج پر زور دیا ، جس نے انتہا پسندوں اور زمینی مافیا کی حوصلہ افزائی کی ۔ انہوں نے کیرالہ میں عیسائی برادری کی زمینوں پر وقف کے دعووں ، ہریانہ میں گرودوارہ کی زمینوں پر تنازعات اور کرناٹک میں کسانوں کی زمینوں پر دعووں جیسی مثالوں کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ریاستوں کے پورے کے پورے گاؤں اور ہزاروں ہیکٹر اراضی اب این او سی اور قانونی پیچیدگیوں میں الجھ گئی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چاہے وہ مندر ہوں ، گرجا گھر ہوں ، گرودوارے ہوں ، کھیت ہوں ، یا سرکاری اراضی ، لوگوں کا اپنی جائیدادوں کی ملکیت برقرار رکھنے پر اعتماد ختم ہو گیا ہے ۔ ایک واحد نوٹس افراد کو اپنے گھروں اور کھیتوں کی ملکیت ثابت کرنے کے لیے دستاویزات کے لیے بھٹکنے پر مجبور کر دیتا تھا ۔ انہوں نے اس طرح کے قانون کی نوعیت پر سوال اٹھایا ، جس کا مقصدتو انصاف فراہم کرنا تھا لیکن یہ خوف کا باعث بن گیا ۔
مسلم برادری سمیت تمام برادریوں کے مفاد میں ایک قابل ذکر قانون بنانے پر پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ وقف کے تقدس کو اب محفوظ رکھا جائے گا اور پسماندہ مسلمانوں ، خواتین اور بچوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وقف بل پر بحث ہندوستان کی پارلیمانی تاریخ کی دوسری طویل ترین بحث تھی ، جس میں دونوں ایوانوں میں 16 گھنٹے بحث ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے 38 اجلاس منعقد کیے اور 128 گھنٹے غور و خوض کیا ۔ مزید برآں ، ملک بھر سے تقریبا ایک کروڑ آن لائن تجاویز موصول ہوئیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ "اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان میں جمہوریت اب صرف پارلیمنٹ تک محدود نہیں ہے بلکہ عوامی شراکت داری کے ذریعے مضبوط ہو رہی ہے" ۔
دنیا جب تیزی کے ساتھ ٹکنالوجی اور اے آئی کی راہ پر تیزی سے بڑھ رہی ہے،انسانوں کو مشینوں سے ممتازکرنے والےآرٹ ، موسیقی ، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے،جناب مودی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تفریح سب سے بڑی عالمی صنعتوں میں سے ایک ہے اوریہ مزید وسعت کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے آرٹ اور ثقافت کی حوصلہ افزائی اور جشن منانے کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم ویوز (ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ) کے قیام کا اعلان کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ویوز کے لیے ایک بڑا پروگرام مئی 2025 میں ممبئی میں منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے ہندوستان کی متحرک اور تخلیقی صنعتوں کے بارے میں بات کی ، جن میں فلمیں ، پوڈ کاسٹ ، گیمنگ ، میوزک ، اے آر اور وی آر شامل ہیں ۔ انہوں نے "کریئٹ ان انڈیا" پہل پر روشنی ڈالی ، جس کا مقصد ان صنعتوں کو اگلے درجے تک لے جانا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویوز ہندوستانی فنکاروں کو مواد تیار کرنے اور اسے عالمی معیار کابنانے کی ترغیب دے گا ، جبکہ دنیا بھر کے فنکاروں کو ہندوستان میں تعاون کرنے کی دعوت بھی دے گا ۔ وزیر اعظم نے نیٹ ورک 18 پر زور دیا کہ وہ ویوز پلیٹ فارم کو مقبول بنائے اور تخلیقی شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان پیشہ ور افراد کو اس تحریک میں شامل ہونے کی ترغیب دے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ویوز کو ہر گھر اور ہر دل تک پہنچنا چاہیے ۔
وزیر اعظم نے اس سمٹ کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں ، نظریات اور عزم کو ظاہر کرنے کے لیے نیٹ ورک 18 کی تعریف کی ۔ انہوں نے نوجوان ذہنوں کو شامل کرنے ، انہیں قومی چیلنجوں کے بارے میں سوچنے ، تجاویز فراہم کرنے اور حل تلاش کرنے کی ترغیب دینے کے لیے اس پلیٹ فارم کی تعریف کی ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس سمٹ نے نوجوانوں کو محض سننے والوں سے بدل کر تبدیلی لانےوالے سرگرم شرکاء میں تبدیل کرنے کا کام کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے یونیورسٹیوں ، کالجوں اور تحقیقی اداروں پر زور دیا کہ وہ اس سمٹ سے وابستگی کو آگے لے جائیں ۔ انہوں نے پالیسی سازی میں بصیرت اور تجاویز کو دستاویزی شکل دینے ، مطالعہ کرنے اوراسے آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سمٹ صرف ایک تقریب کے بجائے دیرپا اثر بن جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا جوش و خروش ، خیالات اور شرکت ایک ترقی یافتہ ملک بننے کے ہندوستان کے عزم کے پیچھے محرک قوت ہیں ۔ انہوں نے سمٹ سے وابستہ تمام افراد ، خاص طور پر نوجوان شرکاء کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے اپنی بات ختم کی ۔
وزیر اعظم نے 'سمادھان' دستاویز کی بھی نقاب کشائی کی ، جو فضائی آلودگی ، کچرے کے بندوبست ، دریاؤں کی صفائی ، سب کے لیے تعلیم اور ہندوستان کی گلیوں میں بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے جیسے چیلنجوں پر ہندوستان بھر کے منتخب نوجوانوں اور کالجوں کے ذریعے تیار کردہ حل اور تصورات کا ایک مجموعہ ہے ۔
****
ش ح۔م م ۔ش ا
UNO-9708
(Release ID: 2120293)
Visitor Counter : 31
Read this release in:
Odia
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Bengali
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam