کامرس اور صنعت کی وزارتہ
بھارت کی مینوفیکچرنگ اور فِنٹیک اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو فروغ دینے اور اس کی توسیع کے لیے ڈی پی آئی آئی ٹی اور پے ٹی ایم کے مابین اشتراک
Posted On:
26 FEB 2025 11:13AM by PIB Delhi
حکومت ہند کے صنعت و داخلی تجارت سے متعلق محکمے (ڈی پی آئی آئی ٹی) ، نے پے ٹی ایم (ون 97 کمیونیکیشنز لمیٹڈ) کے ساتھ بھارت میں مینوفیکچرنگ اور فِنٹیک اسٹارٹ اپس کی ترقی کو تیز کرنے اور جدت طرازی کو فروغ دینے کی غرض سے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔
اس شراکت داری کے تحت، پے ٹی ایم، اسٹارٹ اپس کو رہنمائی، بنیادی ڈھانچے کی مدد، مارکیٹ تک رسائی، اور فنڈنگ کے مواقع فراہم کرے گا، جس سے انہیں ترقی کرنے اور نئی اختراعات متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام کا مقصد کاروباری افراد کو ضروری وسائل فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جدید ادائیگی اور مالیاتی ٹیکنالوجی کے حل تیار کر سکیں۔
ڈی پی آئی آئی ٹی کے مطابق، اس شراکت داری کا مقصد فِنٹیک ہارڈویئر اسٹارٹ اپس کی رہنمائی اور اختراعی معاونت کے ذریعے مدد کرنا ہے، تاکہ وہ ادائیگی اور مالیاتی ٹیکنالوجی کے حل تیار کریں اور انہیں وسعت دے سکیں۔ اس کے علاوہ، اس کا ایک اہم پہلو ضابطے اور عمل آوری سے متعلق معاونت فراہم کرنا بھی ہے، جس کے تحت صنعت اور سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ مزید برآں، اس شراکت داری کے ذریعے بنیادی ڈھانچے اور مارکیٹ تک رسائی کی سہولت بھی دی جائے گی، جس سے اسٹارٹ اپس اپنے مصنوعات کو جانچنے، درست کرنے اور بہتر بنانے کے قابل ہوں گے، جبکہ وہ پے ٹی ایم کے وسیع مرچنٹ نیٹ ورک سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس مفاہمتی یادداشت پر، ڈی پی آئی آئی ٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سُمیّت کمار جرانگل اور پے ٹی ایم کے بانی و سی ای او وجے شیکھر شرما نے دونوں اداروں کے سینئر حکام کی موجودگی میں دستخط کئے۔
ڈی پی آئی آئی ٹی کے جوائنٹ سیکریٹری جناب سنجیو نے اس شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا،’’پے ٹی ایم کے ساتھ یہ تعاون بھارت کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ ہم پے ٹی ایم کی فِنٹیک مہارت اور بنیادی ڈھانچے کا فائدہ اٹھا کر کاروباری افراد کی مشکلات کو حل کرنے، ان کے منصوبوں کو وسعت دینے اور بھارت کو ایک عالمی اختراعی مرکز کے طور پر ابھارنے میں مدد فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘‘
پے ٹی ایم کے بانی و سی ای او وجے شیکھر شرما نے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں یہ اسٹارٹ اپس کے آغاز اور ترقی کے لیے سب سے موزوں وقت ہے۔ پے ٹی ایم کاروباری افراد کو رہنمائی، مالی مدد اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اسٹارٹ اپس کو ابتدا سے لے کر ترقی تک کامیابی کے لیے ضروری وسائل میسر آئیں۔‘‘
اپنے ’’پے ٹی ایم فار اسٹارٹ اپس‘‘ اقدام کے تحت، پے ٹی ایم فِن ٹیک ہارڈویئر مینوفیکچررز، جیسے ساؤنڈ باکس اورای ڈی سی؍ پی او ایس ڈیوائس بنانے والوں کو بڑے پیمانے پر ترقی دینے کے لیے خصوصی پروگرام متعارف کرائے گا۔ ان اقدامات میں رہنمائی کے پروگرام، سرمایہ کار کنکشنز اور انکیوبیشن پروگرامز کے ذریعے فنڈنگ تک رسائی، صنعت سے متعلق ورکشاپس کے ذریعے ضابطہ جاتی رہنمائی، اور وقتاً فوقتاً پیش رفت اور اثرات کا جائزہ شامل ہوگا۔
اس کے علاوہ پے ٹی ایم فاؤنڈیشن کی سی ایس آر ونگ، کے ذریعے، کمپنی ڈیپ-ٹیک اسٹارٹ اپس کو فروغ دے رہی ہے، جن میں کلائمیٹ ٹیک، ویب3، ایگری ٹیک، اور موبیلٹی کے شعبے شامل ہیں۔
اس شراکت داری کے ذریعے، ڈی پی آئی آئی ٹی اور پے ٹی ایم نے بھارت کو عالمی اختراعی مرکز کے طور پر مستحکم کرنے، تکنیکی ترقی کو فروغ دینے اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7582
(Release ID: 2106384)
Visitor Counter : 15