وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

وزیر دفاع اور وزیر تعلیم  نے ویر گاتھا 4.0 کے سوپر-100 فاتحین کو اعزاز سے نوازا


لڑکیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا کیونکہ سوپر-100 فاتحین میں ان کی تعداد 66 کے بقدر  ہے

نوجوان ہندوستان کے مستقبل کے ہیرو ہیں، 2047 تک ہندوستان کو ’وکست بھارت‘ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے: جناب راجناتھ سنگھ

ویر گاتھا حب الوطنی، ہمت اور قومی فخر کی اقدار کو ابھارتی ہے، طلباء کو ملک کی ترقی میں تعاون دینے کی ترغیب فراہم کرتی ہے: جناب دھرمیندر پردھان

Posted On: 25 JAN 2025 2:03PM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ اور وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے 25 جنوری 2025 کو نئی دہلی میں ویر گاتھا 4.0 کے سوپر 100 فاتحین کو مبارکباد دی۔ 100 فاتحین میں سے 66 لڑکیاں ہیں جن کا تعلق ملک کے مختلف حصوں سے ہیں۔ پروقار تقریب کے دوران، ہر فاتح کو 10,000 روپے نقد انعام، ایک تمغہ اور ایک سند پیش کی گئی۔ یہ سوپر 100 فاتحین  اُن تقریباً 10,000 خصوصی مہمانان کی فہرست میں شامل ہیں ، جو 26 جنوری 2025 کو کرتویہ پتھ پر یوم جمہوریہ پریڈ ملاحظہ کریں گے۔

اپنے خطاب میں، وزیر دفاع نے فاتحین کو مبارکباد دی اور نوجوانوں کو ملک کے سورماؤں کی شاندار تاریخ سے جوڑنے کے ویر گاتھا کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے وزارت دفاع اور وزارت تعلیم کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پروجیکٹ کے اس چوتھے ایڈیشن میں 1.76 کروڑ سے زیادہ طلباء کی پورے بھارت سے شرکت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلیم کے ذریعے بہادروں کو پہچان فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مقابلے میں حصہ لینے والے طلباء کی ذہانت، جوش اور حب الوطنی کی ستائش کی۔

اس حقیقت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہ ویر گاتھا 4.0 کے سوپر 100 فاتحین میں سے دو تہائی لڑکیاں ہیں، جناب راج ناتھ سنگھ نے منی پور سے تعلق رکھنے والی 'نیمنینگ' نامی کلاس 10 کی طالبہ کا خصوصی طور پر ذکر کیا، جس نے بچپن میں اپنے والدین کو کھو دیا تھا۔ وزیر دفاع نے متعدد مشکلات کے باوجود اپنی پڑھائی ترک نہ کرنے اور فاتحین میں جگہ حاصل کرنے کے لیے ان کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔

اس موقع پر موجود طلباء کے سامنے’ہیرو‘ کے حقیقی معنی کی وضاحت کرتے ہوئے، وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ ایک ہیرو ملک کی ترقی کے لیے کام کرتا ہے۔ جن کا کام معاشرے کو ایک نئی سمت دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہندوستان کے مستقبل کے ہیرو ہیں اور وہ 2047 تک ہندوستان کو ’وکسٹ بھارت‘ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، جیسا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے تصور کیا ہے۔

جناب راجناتھ سنگھ نے طلبا سے کہا،’’وزیر اعظم کی فعال قیادت کی وجہ سے عالمی سطح پر ہندوستان کا قد بڑھ گیا ہے۔ آج جب ہم کسی بھی بین الاقوامی فورم پر بات کرتے ہیں تو پوری دنیا سنتی ہے۔ یہ ہمارے بہادر سپاہیوں، سائنسدانوں اور نوجوان روشن دماغوں سمیت ہر ہندوستانی کی محنت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ ہماری نوجوان آبادی تقریباً 50 کروڑ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ایسے تخلیقی اذہان کا حامل ملک کیسے ترقی نہیں کرسکتا؟‘‘

وزیر دفاع نے انہیں مجاہد آزادی بھگت سنگھ، چندر شیکھر آزاد، اشفاق اللہ خان اور دیگر بہادر سپاہیوں جیسے سورماؤں سے ترغیب حاصل کرنے کی تلقین کی، جن کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے قومی فخر کے احساس کو کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے سب سے اہم پہلو قرار دیا۔

جناب راجناتھ سنگھ نے طلباء کو حوصلہ افزائی کی کہ وہ چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے خوف محسوس نہ کریں اور اعتماد اور اچھے ارادے کے ساتھ اپنے مقاصد کی طرف آگے بڑھتے رہیں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے دلوں میں انا کے احساس کو کبھی بھی داخل نہ ہونے دیں، چاہے وہ بلندیوں کو چھو لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ مہذب اور شائستہ بنے رہنا اہم ہے ۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے زور دیا کہ ویر گاتھا جیسے اقدامات اسکول کے طلباء کو بریو گیلنٹری ایوارڈ جیتنے والوں کی بہادری اور قربانیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں اور نوجوان ذہنوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے 2.5 لاکھ سے زیادہ اسکولوں کے 1.76 کروڑ طلباء کی ریکارڈ توڑ شرکت پر روشنی ڈالی جنہوں نے ڈرائنگ، پینٹنگ اور مضمون نویسی جیسی سرگرمیوں میں حصہ لیا، ہیروز کو ان کی بے پناہ خدمات اور قوم کے لیے قربانیوں کے لیے دلی خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر تعلیم نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اس اقدام سے حب الوطنی، حوصلہ اور قومی فخر کی اقدار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، جس سے طلباء کو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب ملے گی۔ بہادری ایوارڈ جیتنے والوں کے لیے جوش و خروش اور احترام کے ساتھ حصہ لینے والے ہر طالب علم کو مبارکباد دیتے ہوئے، انہوں نے سوپر 100 ایوارڈز فاتحین کو ان کی کامیابی کے لیے سراہا۔ ان کے روشن مستقبل کی خواہش کرتے ہوئے، انہوں نے ریمارکس دیے کہ ان کا جوش و جذبہ اور تخلیقی صلاحیتیں زندگی میں ان کی اچھی خدمت کریں گی۔

تقریب کے دوران، پرم ویر چکر ایوارڈ یافتہ صوبیدار میجر سنجے کمار نے 1999 کی کارگل جنگ کے اپنے متاثر کن تجربے کو شیئر کیا، طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں میں بہادری، بے لوث جذبے اور دیانتداری کی اقدار کو مجسم کریں۔ انہوں نے نوجوان شرکاء کو متاثر کرتے ہوئے کہا، "حقیقی بہادری صرف لڑائی میں نہیں بلکہ روزمرہ کی زندگی میں حق کے لیے کھڑے ہونے میں ہے۔"

دفاع کے وزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ، چیف آف ڈفینس اسٹاف جنرل انل چوہان، بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل دنیش کے ترپاٹھی، فضائیہ کے سربراہ چیف مارشل اے پی سنگھ، اسکولی تعلیم اور خواندگی کے محکمے کے سکریٹری جناب سنجے کمار، سکریٹری (دفاعی پیداوار) جناب سنجیو کمار، سکریٹری، دفاعی تحقیق و ترقی کا محکمہ، اور چیئرمین ڈی آر ڈی او، ڈاکٹر  سمیر وی کامت، بری فوج کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجا سبرامنی اور دیگر سینئر افسران نے اس تقریب میں شرکت کی۔

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:5615


(Release ID: 2096105) Visitor Counter : 31