وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مہاراشٹر میں 7600 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا
مہاراشٹر میں 10 سرکاری میڈیکل کالجوں کا افتتاح کیا
ناگپور کے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا
شرڈی ہوائی اڈے پر نئی مربوط ٹرمینل بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھا
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسکلز ممبئی اور ودیا سمیکشا کیندر، مہاراشٹر کا افتتاح کیا
مہاراشٹر میں پروجیکٹوں کے آغاز سے بنیادی ڈھانچہ میں اضافہ ہوگا، کنکٹیویٹی کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کو بااختیار بنائے گا: وزیر اعظم
Posted On:
09 OCT 2024 3:06PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مہاراشٹر میں 7600 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ آج کے پروجیکٹوں میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر بین الاقوامی ہوائی اڈے، ناگپور کی اپ گریڈیشن اور شرڈی ہوائی اڈے پر نئی مربوط ٹرمینل عمارت کا سنگ بنیاد رکھنا شامل ہے۔ جناب مودی نے مہاراشٹر میں 10 سرکاری میڈیکل کالجوں کے آپریشنلائزیشن کا بھی آغاز کیا اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسکلز(آئی آئی ایس)، ممبئی اور مہاراشٹر کے ودیا سمیکشا کیندر (وی ایس کے) کا افتتاح بھی کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مہاراشٹرا کو 10 نئے میڈیکل کالج اور اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے پیش کیے جا رہے ہیں جن میں ناگپور ہوائی اڈے کی جدید کاری اور توسیع اور شرڈی ہوائی اڈے کے لیے ایک نئی ٹرمینل عمارت کی تعمیر شامل ہے۔ انہوں نے آج کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مہاراشٹر کے لوگوں کو مبارکباد دی۔
تیس ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے لیے ممبئی اور تھانے کے اپنے دورے کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ہزاروں کروڑ کے ترقیاتی پروجیکٹوں جیسے میٹرو نیٹ ورک کی توسیع، ہوائی اڈوں کی اپ گریڈیشن، شاہراہوں کے منصوبے، بنیادی ڈھانچہ، شمسی توانائی اور ٹیکسٹائل پارکس اس سے قبل مختلف اضلاع میں شروع کئے گئے تھے۔ جناب مودی نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ کسانوں، ماہی گیروں اور مویشی پروروں کے لیے نئی پہل شروع کی گئی ہے، جب کہ مہاراشٹر میں ہندوستان کی سب سے بڑے کنٹینر پورٹ -ودھاون بندرگاہ کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے ذکر کیا کہ ، ’’مہاراشٹرا کی تاریخ میں کبھی بھی مختلف شعبوں میں اتنی تیز رفتاری سے اتنے بڑے پیمانے پر ترقی نہیں ہوئی‘‘۔
مراٹھی کو ایک کلاسیکی زبان کے طور پر حالیہ منظوری دیئے جانے کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ جب کسی زبان کو اس کا مناسب احترام ملتا ہے، تو صرف الفاظ ہی نہیں بلکہ پوری نسل کو آواز ملتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے کروڑوں مراٹھی بھائیوں کا خواب پورا شرمند ہ تعبیر ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں مہاراشٹر کے تمام گاؤں کے لوگوں سے خوشی اور تشکر کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں ۔ جناب مودی نے کہا کہ مراٹھی کو کلاسیکی زبان کے طور پر منظوری ملنا ان کی دین نہیں ہے بلکہ یہ مہاراشٹر کے لوگوں کے آشیرواد کا نتیجہ ہے ۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مہاراشٹر میں ترقی کے کام چھترپتی شیواجی مہاراج، بابا صاحب امبیڈکر، جیوتھیبا پھولے اور ساوتری بائی پھولے جیسی ہستیوں کے آشیرواد سے جاری ہیں۔
وزیر اعظم نے کل ہریانہ اور جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہریانہ کے ووٹروں نےہوشیاری کے ساتھ ملک کے لوگوں کے مزاج کو واضح طور پر ظاہر کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو میعادوں کی کامیابی کے بعد مسلسل تیسری بار ہریانہ میں جیت تاریخی رہی۔
وزیر اعظم مودی نے ان لوگوں کے خلاف خبردار کیا جو تقسیم کی سیاست کرتے ہیں اور ذاتی مفادات کے لیے ووٹروں کو گمراہ کرتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان میں مسلمانوں میں خوف پیدا کرنے اور انہیں ووٹ بینک میں تبدیل کرنے کی کوششوں کی بھی نشاندہی کی اور اپنے فائدے کے لیے ہندو مذہب میں ذات پرستی میں ملوث ہونے والوں کے تئیں عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ جناب مودی نے سیاسی فائدے کے لیے ہندوستان میں ہندو سماج کو توڑنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف خبردار کیا۔ وزیر اعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ مہاراشٹر کے لوگ سماج کو توڑنے کی کوششوں کو مسترد کر دیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ 10 برسوں میں ملک کی ترقی کے لیے جدید انفراسٹرکچر بنانے کا ’مہا یگیہ‘ شروع کیا ہے۔ وزیر اعظم نے ریاست میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے 10 نئے میڈیکل کالجوں کے افتتاح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’’آج، ہم نہ صرف عمارتیں تعمیر کر رہے ہیں بلکہ ایک صحت مند اور خوشحال مہاراشٹر کی بنیاد رکھ رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ تھانے، امبرناتھ، ممبئی، ناسک، جالنا، بلڈھانہ، ہنگولی، واشیم، امراوتی، بھنک دارا اور گڈچرولی اضلاع لاکھوں لوگوں کی خدمت کے مراکز بن جائیں گے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ 10 نئے میڈیکل کالج مہاراشٹر میں مزید 900 میڈیکل سیٹوں کا اضافہ کریں گے جس سے ریاست میں میڈیکل سیٹوں کی کل تعداد تقریباً 6000 ہو جائے گی۔ وزیر اعظم نے لال قلعہ سے 75000 نئی میڈیکل سیٹوں کو شامل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب اس سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت نے طبی تعلیم میں آسانی پیدا کی ہے، مہاراشٹر کے نوجوانوں کے لیے نئی راہوں کے دروازے کھل گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ غریب اور متوسط گھرانوں کے زیادہ سے زیادہ بچے ڈاکٹر بنیں اور ان کے خواب پورے ہوں۔ جناب مودی نے کہا کہ ایک زمانے میں اس طرح کے خصوصی مطالعہ کے لیے مادری زبان میں کتابوں کی عدم دستیابی کا ایک بڑا چیلنج درپیش تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے اس امتیاز کو ختم کیا اور مہاراشٹر کے نوجوان مراٹھی زبان میں طب کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹر بننے کا خواب پورا کریں گے۔
وزیر اعظم نے یاددہانی کرائی کہ حکومت کی زندگی کو آرام دہ بنانے کی کوشش غربت کے خلاف لڑنے کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ غربت کو اپنی سیاست کا ایندھن بنانے پر پچھلی حکومتوں کی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے ایک دہائی کے اندر 25 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ہے۔ ملک میں صحت کی خدمات کی تبدیلی کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے جناب مودی نے کہا ’’آج ہر غریب کے پاس مفت علاج کے لیے آیوشمان کارڈ ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں 70 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کا بھی مفت علاج کیا جا رہا ہے۔ جناب مودی نے بتایا کہ جن اوشدھی کیندروں پر ضروری ادویات بہت کم قیمتوں پر دستیاب ہیں اور دل کے مریضوں کے لیے اسٹنٹ 80-85 فیصد تک سستے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کینسر کے علاج کے لیے ضروری ادویات کی قیمتوں میں بھی کمی کی ہے۔ سرکاری میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے طبی علاج سستا ہو نے کا ذکر کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا "آج مودی حکومت نے غریب ترین لوگوں کو سماجی تحفظ کی مضبوط ڈھال دی ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا صرف اس وقت کسی ملک پر بھروسہ کرتی ہے جب اس کے نوجوان اعتماد سے پُر ہوں۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ آج کے نوجوان ہندوستان کا اعتماد ملک کے لئے ایک نئے مستقبل کی کہانی لکھ رہا ہے اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ عالمی برادری ہندوستان کو انسانی وسائل کے لئے ایک اہم مرکز کے طور پر دیکھتی ہے، جہاں دنیا بھر میں تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور سافٹ ویئر کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہندوستان کے نوجوانوں کو ان مواقع کے تئیں تیار کرنے کے لیے، وزیر اعظم نے بتایا کہ حکومت ان کی صلاحیتوں کو عالمی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے مہاراشٹر میں مختلف پروجیکٹوں کے آغاز کا ذکر کیا، جن میں ودیا سمیکشا کیندر بھی شامل ہے، جس کا مقصد تعلیمی ڈھانچہ کو آگے بڑھانا ہے اور ممبئی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسکلز کے افتتاح ، جہاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے مستقبل پر مبنی تربیت فراہم کی جائے گی۔مزید برآں، جناب مودی نے نوجوانوں کو بامعاوضہ انٹرن شپ کی پیشکش کرنے کے حکومت کی پہل پر روشنی ڈالی، جو ہندوستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی ہے، جہاں طلباء کو ان کی انٹرن شپ کے دوران 5,000 روپے کا وظیفہ ملے گا۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہزاروں کمپنیاں اس اقدام کا حصہ بننے کے لیے رجسٹر ہو رہی ہیں جس سے نوجوان افراد کو قیمتی تجربہ حاصل کرنے اور ان کے لیے نئے مواقع کھلنے میں مدد مل رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ہندوستان کی کوششوں کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے تعلیمی ادارے عالمی سطح پر سرفہرست اداروں کے برابر کھڑے ہیں اور ہندوستان میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے بڑھتے ہوئے معیار کو اجاگر کیا ہے جیسا کہ کل ہی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ جاری کی گئی ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ دنیا کی نظریں اب ہندوستان پر ہیں کیونکہ یہ ملک پانچویں سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے۔ ’’عالمی معیشت کا مستقبل ہندوستان میں مضمر ہے‘‘، وزیر اعظم نے خاص طور پر ان شعبوں میں جنہیں کبھی دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا تھا، اقتصادی ترقی کے ذریعہ لائے گئے نئے مواقع کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے سیاحت کی مثال دی اور مہاراشٹر کے انمول ورثے، خوبصورت قدرتی مقامات اور روحانی مراکز کے ماضی میں کھوئے ہوئے مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے مکمل طور پر استعمال کی بات کرتے ہوئے ریاست کو ایک ارب ڈالر کی معیشت میں ترقی دینے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ موجودہ حکومت نے ترقی اور ورثہ دونوں کو شامل کیا ہے۔ ہندوستان کے شاندار ماضی سے متاثر ہو کر روشن مستقبل کی تعمیر کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے شرڈی ہوائی اڈے پر نئے ٹرمینل، ناگپور ہوائی اڈے کی جدید کاری اور مہاراشٹر میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرڈی ہوائی اڈے کے نئے ٹرمینل سے سائی بابا کے عقیدت مندوں کو بہت فائدہ پہنچے گا جس سے ملک بھر اور بیرون ملک سے مزید زائرین کو یہاں تک رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے اپ گریڈ شدہ سولاپور ہوائی اڈے کا افتتاح کرنے کے بارے میں بھی بات کی جو کہ اب عقیدت مندوں کو قریبی روحانی مقامات جیسے شنی شنگنا پور، تلجا بھوانی اور کیلاس مندر کا دورہ کرنے کے قابل بنائے گا، اس طرح مہاراشٹر کی سیاحت کی معیشت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
جناب مودی نے کہا’’ہماری حکومت کا ہر فیصلہ اور ہر پالیسی صرف ایک ہی مقصد – وکست بھارت کے لیے وقف ہے!‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے لیے حکومت کا وژن غریبوں، کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کی فلاح و بہبود ہے۔ لہذا، انہوں نے مزید کہا کہ ہر ترقیاتی پروجیکٹ غریب دیہی باشندوں، مزدوروں اور کسانوں کے لیے وقف ہے۔ جناب مودی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ شرڈی ہوائی اڈے پر بنائے جانے والے علیحدہ کارگو کمپلیکس سے کسانوں کو کافی مدد ملے گی کیونکہ مختلف قسم کی زرعی مصنوعات کو ملک اور بیرون ملک برآمد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرڈی، لاسلگاؤں، اہلیانگر اور ناسک کے کسان اس کارگو کمپلیکس سے مستفید ہوں گے، جس وہ پیاز، انگور، امرود اور انار جیسی مصنوعات کو بڑی مارکیٹ تک آسانی سے لے جا سکیں گے ۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت کسانوں کے مفاد میں باسمتی چاول کی کم از کم برآمدی قیمت کو ختم کرنا، نان باسمتی چاول کی برآمد پر پابندی ہٹانا، ابلے ہوئے چاول پر برآمدی ڈیوٹی کو نصف تک کم کرنے جیسے مسلسل ضروری اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے مہاراشٹر کے کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے پیاز پر ایکسپورٹ ٹیکس کو بھی آدھا کم کر دیا ہے۔ جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے خوردنی تیل کی درآمد پر 20 فیصد ٹیکس عائد کرنے اور ریفائنڈ سویا بین، سورج مکھی اور پام آئل پر کسٹم ڈیوٹی میں نمایاں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہندوستان کے کسانوں کو سرسوں، سویا بین اور سورج مکھی جیسی فصلوں کی زیادہ قیمتوں سے فائدہ پہنچانے میں مدد ملے ۔ جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ جس طرح سے حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مدد کر رہی ہے اس سے مہاراشٹر کے کپاس کے کسانوں کو بہت فائدہ پہنچے گا۔
خطاب کا اختتام کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کا عزم مہاراشٹر کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کی رفتار پر خوشی کا اظہار کیا اور آج کے تمام ترقیاتی منصوبوں کے لیے مہاراشٹر کے لوگوں کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر جناب سی پی رادھا کرشنن، مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز جناب نتن گڈکری، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ جناب ایکناتھ شندے اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ جناب دیویندر فڑنویس ورچوئل طور پر موجود تھے۔
پس منظر
وزیر اعظم نے ناگپور کے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا جس کی کل تخمینہ لاگت تقریباً 7000 کروڑ روپے ہے۔ یہ مینوفیکچرنگ، ہوا بازی، سیاحت، لاجسٹکس اور صحت کی دیکھ بھال سمیت متعدد شعبوں میں ترقی کے لیے ایک ترغیب کے طور پر کام کرے گا، جس سے ناگپور شہر اور وسیع ودربھ خطے کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیر اعظم نے شرڈی ہوائی اڈے پر 645 کروڑ روپے سے زیادہ کی نئی مربوط ٹرمینل عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ شرڈی آنے والے مذہبی سیاحوں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات اورآسانی فراہم کرے گا۔ مجوزہ ٹرمینل کی تعمیراتی تھیم سائی بابا کے روحانی نیم کے درخت پر مبنی ہے۔
سب کے لیے سستی اور قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کے مطابق، وزیر اعظم نے مہاراشٹر میں ممبئی، ناسک، جالنا، امراوتی، گڈچرولی، بلڈھانہ، واشیم، بھنڈارا، ہنگولی اور امبرناتھ (تھانے) میں 10 سرکاری میڈیکل کالجوں کے کام کاج کا آغاز کیا۔ انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سیٹوں میں اضافہ کرتے ہوئے، کالج لوگوں کو خصوصی ٹرسٹیری ہیلتھ کیئر بھی پیش کریں گے۔
ہندوستان کو’دنیا کے ہنر کی راجدھانی‘ کے طور پر ترقی دینے کے اپنے وژن کے مطابق، وزیر اعظم نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسکلز (آئی آئی ایس) ممبئی کا بھی افتتاح کیا، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی اور بروقت تربیت کے ساتھ صنعت کے لیے تیار افرادی قوت پیدا کرنا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت قائم کیا گیا، یہ ٹاٹا ایجوکیشن اینڈ ڈیولپمنٹ ٹرسٹ اور حکومت ہند کے درمیان اشتراک ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ ہے کہ وہ اعلیٰ مہارت والے شعبوں جیسے کہ میکاٹرونکس، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالیٹکس، صنعتی آٹومیشن اور روبوٹکس وغیرہ میں تربیت فراہم کرے گا۔
مزید برآں، وزیر اعظم نے مہاراشٹر کے ودیا سمیکشا کیندر(و ی ایس کے) کا افتتاح کیا۔ و ی ایس کے طلباء، اساتذہ، اور منتظمین کو لائیو چیٹ بوٹس جیسے کہ اسمارٹ اپستھیتی ، سوادھیائے اور دیگر کے ذریعے اہم تعلیمی اور انتظامی ڈیٹا تک رسائی فراہم کرے گا۔ یہ اسکولوں کو وسائل کا مؤثر طریقے سے انتظام کرنے، والدین اور ریاست کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے، اور جوابی تعاون فراہم کرنے کے لیے اعلیٰ معیار کی بصیرت پیش کرے گا۔ یہ تدریسی طریقوں اور طلباء کے سیکھنے کو بڑھانے کے لیے تیار کردہ تدریسی وسائل بھی فراہم کرے گا۔
*****
ش ح۔م ش۔ ج
UNO-1060
(Release ID: 2063513)
Visitor Counter : 52
Read this release in:
Odia
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Manipuri
,
Bengali
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam