صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریۂ  ہند نے  فرید آباد کی جے سی بوس یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی  کے  پانچویں کنووکیشن میں شرکت کی

Posted On: 21 AUG 2024 2:35PM by PIB Delhi

صدرِ جمہوریہ ٔ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (21 اگست  ، 2024ء )  کو  ہریانہ  میں فرید آباد  کی جے سی بوس یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 5ویں  جلسۂ تقسیمِ اسناد میں شرکت کی۔

اس موقع پر صدر  جمہوریہ نے کہا کہ آج پوری دنیا چوتھے صنعتی انقلاب کے دور میں ہے۔ بھارت بھی اس انقلاب کے چیلنجوں کا سامنا کرنے اور اس کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ اس قومی مقصد کے حصول میں جے سی بوس یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جیسے اداروں کا کردار بہت اہم ہوگا۔

صدر ِ جمہوریہ  نے یہ جان کر خوشی   کا اظہار کیا کہ اس یونیورسٹی نے پچھلے کچھ سالوں میں بہت سے صنعتی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے طلباء کی تربیت کے لیے  ، اس یونیورسٹی کے کیمپس میں  بہترین کار کردگی کے مراکز بھی قائم کیے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان تمام کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

صدر  جمہوریہ نے کہا کہ آج ٹیکنالوجی   کے فروغ کی وجہ سے ترقی کی بہت سی راہیں کھل گئی ہیں۔ مثال کے طور پر، دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ تک رسائی نے بہت سے آن لائن روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں   ۔ انہوں نے  مزید کہا  کہ ہمیں   یہ یاد  رکھنا چاہیے کہ ٹیکنالوجی کو مناسب اور پائیدار ترقی اور عوامی مفاد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے کیونکہ  اس کا غلط استعمال تباہ کن ہوسکتا ہے۔

صدر جمہوریہ نے نوجوانوں کو ہنر مند اور خود  کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کرنے پر  ، جے سی بوس یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ستائش کی ۔ انہوں نے اِس بات  پر خوشی  کا اظہار کیا کہ اس یونیورسٹی میں سابق طلباء کی ایک متاثر کن فہرست ہے  ، جو ملک اور بیرون ملک بہت سے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ  فارغ التحصیل طلباء کی تنظیم  کے تعاون کو مزید موثر بنانے کے لیے اقدامات کرے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس یونیورسٹی کا نام عظیم سائنسداں  اور جدید سائنس کے علمبردار جگدیش چندر بوس کے نام پر رکھا گیا ہے  ، جو شاید دنیا کے پہلے سائنسدان تھے  ، جنہوں نے سائنسی طور پر ثابت کیا کہ درختوں اور پودوں میں بھی احساسات ہوتے ہیں۔ ان کی انقلابی دریافت نے نباتات کے تئیں  دنیا کے دیکھنے کا  نظریہ بدل دیا۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ان کی زندگی اور کاموں سے تحریک حاصل کریں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت کا شاندار ورثہ ہمیں ہمیشہ فخر  کا احساس کراتا ہے۔ نوجوان اس عظیم ورثے کا حصہ ہیں اور انہیں اس کا پرچم بردار بننا ہے۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور  ہنر مندی پر بھروسہ کریں اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھیں۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں- 

....................................

) ش ح – ا ع   -  ع ا )

U.No. 10062



(Release ID: 2047292) Visitor Counter : 21