وزارت دفاع
وزیر اعظم جناب نریندر مودی 15 اگست 2024 کو لال قلعہ سے 78ویں یوم آزادی کی تقریبات کی قیادت کریں گے
’وکِسِت بھارت @ 2047‘ کے منظر عام پر آنے کا مشاہدہ کرنے کے لیے علامتی تاریخی یادگار
شاندار تقریب کا مشاہدہ کرنے کے لیے تقریباً 6000 خصوصی مہمانوں کو مدعو کیا گیا
Posted On:
14 AUG 2024 2:15PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی ، 15 اگست 2024 ء کو دلّی کے تاریخی لال قلعہ سے 78 ویں یوم آزادی کو منانے میں قوم کی قیادت کریں گے۔ وہ قومی پرچم لہرائیں گے اور علامتی یادگار کی فصیل سے قوم سے روایتی خطاب کریں گے۔ اس سال کے یوم آزادی کا موضوع ہے ، ’وکست بھارت @ 2047‘۔ یہ تقریبات 2047 تک ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک میں تبدیل کرنے کی حکومت کی کوششوں کو نئے سرے سے آگے بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کریں گی۔
مہمان خصوصی
قومی جوش و خروش کے اس تہوار میں جن بھاگیداری کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ، اس سال تقریباً 6000 خصوصی مہمانوں کو لال قلعہ میں ہونے والی تقریبات کا مشاہدہ کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اِن افراد میں نوجوانوں، قبائلی برادری، کسانوں، خواتین اور دیگر خصوصی مہمانوں کی نمائندگی ہو گی ، جنہوں نے مختلف سرکاری اسکیموں/پہل قدمیوں کی مدد سے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔
اٹل انوویشن مشن اور پی ایم شری ( ابھرتے ہوئے ہندوستان کے لیے وزیراعظم کے اسکول) اسکیم سے مستفید ہونے والے طلباء اور ’میری ماٹی میرا دیش‘ کے تحت میرا یووا بھارت ( مائی بھارت) اور نیشنل سروس اسکیم کے رضاکار ، اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ مہمانوں میں قبائلی کاریگر/وَن دھن وکاس ممبران اور قبائلی کاروباری افراد ، جنہیں درجِ فہرست ذاتوں کی قومی مالیاتی اور ترقیاتی کارپوریشن کے ذریعے مالی اعانت فراہم کی گئی ہے ، نیز پردھان منتری کسان سمان ندھی، پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے مستفیدین اور کسانوں کی پیداواری تنظیموں کے نمائندے بھی شامل ہیں ۔
تسلیم شدہ سماجی صحت کارکن (آشا )، معاون نرس مڈوائف (اے این ایم ) اور آنگن واڑی کارکنان؛ منتخب خواتین کے نمائندے؛ سنکلپ کے استفادہ کنندگان: خواتین کو بااختیار بنانے کا مرکز، لکھ پتی دیدی اور ڈرون دیدی کے اقدامات اور سخی کیندر اسکیم؛ اور چائلڈ ویلفیئر کمیٹی اور ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کے کارکنان بھی تقریب کا مشاہدہ کریں گے۔
حال ہی میں ختم ہونے والے پیرس اولمپکس میں حصہ لینے والے ہندوستانی دستے کو بھی تقریبات میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ خواہش مند بلاکس پروگرام کے ہر بلاک سے ایک مہمان؛ ب سرحدی سڑکوں کی تنظیم کے کارکنان؛ پریرانا اسکول پروگرام کے طلباء؛ اور گرام پنچایتوں کے سرپنچ ، جنہوں نے ترجیحی شعبے کی اسکیموں میں سیر حاصل کیا ہے ، وہ بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
روایتی لباس میں ملبوس مختلف ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تقریباً 2000 لوگوں کو بھی اس عظیم الشان تقریب کا مشاہدہ کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ مختلف آن لائن مقابلوں کے تین ہزار (3000) فاتحین بھی ، جن کا اہتمام وزارت دفاع نے مائی گوو اور آکاشوانی کے اشتراک سے کیا تھا، اس تقریبات کا حصہ ہوں گے۔
تقریب
لال قلعہ پہنچنے پر وزیر اعظم کا استقبال ، وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ، دفاع کے وزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ اور دفاع کے سکریٹری جناب گریدھر ارامانے کریں گے۔ دفاعی سکریٹری، جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)، دلّی ایریا کے لیفٹیننٹ جنرل بھونیش کمار کا وزیر اعظم سے تعارف کرائیں گے۔ اس کے بعد جی او سی دلّی ایریا ، جناب نریندر مودی کو سلیوٹنگ بیس تک لے جائیں گے ، جہاں ایک مشترکہ انٹر سروسز اور دلّی پولیس گارڈ ، وزیر اعظم کو عمومی سلامی پیش کریں گے۔ اس کے بعد وزیراعظم گارڈ آف آنر کا معائنہ کریں گے۔
وزیر اعظم کے لیے گارڈ آف آنر کا دستہ ، فوج، بحریہ، فضائیہ اور دلّی پولیس کے ایک ایک افسر اور 24 اہلکاروں پر مشتمل ہوگا۔ ہندوستانی بحریہ اس سال کوآرڈینیٹنگ سروس ہے۔ گارڈ آف آنر کی کمان ، کمانڈر ارون کمار مہتا کریں گے۔ وزیر اعظم کے گارڈ میں فوج کے دستے کی کمان میجر ارجن سنگھ کریں گے۔ بحریہ کے دستے کی قیادت لیفٹیننٹ کمانڈر گلیا بھاویش این کے کریں گے اور فضائیہ کے دستے کی قیادت اسکواڈرن لیڈر اکشرا اونیال کریں گے۔ دلّی پولیس کے دستے کی کمان ، ایڈیشنل ڈی سی پی انوراگ دیویدی کریں گے۔
گارڈ آف آنر کا معائنہ کرنے کے بعد، وزیر اعظم لال قلعہ کی فصیل کی جانب پیش قدمی کریں گے ، جہاں وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ، دفاع کے وزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ، دفاعی عملے کے سربراہ جنرل انیل چوہان، فوجی عملے کے سربراہ جنرل اوپیندر دیویدی، بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل دنیش کے ترپاٹھی اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری ، جی او سی دلّی ایریا ، وزیر اعظم کا استقبال کریں گے اور اس کے بعد وزیر اعظم کو قومی پرچم لہرانے کے لیے فصیل پر ڈائس پر لے جانے کے لیے رہنمائی کریں گے ۔
لیفٹیننٹ سنجیت سینی قومی پرچم لہرانے میں وزیر اعظم کی مدد کریں گے۔ انہیں 1721 فیلڈ بیٹری (تقریباتی) کے بہادر بندوق برداروں کی طرف سے 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔ رسمی بیٹری، جس میں دیسی 105 ملی میٹر لائٹ فیلڈ گنیں استعمال کی جائیں گی، اس کی کمان میجر سبنِس کوشک کریں گے اور نائب صوبیدار (اے آئی جی) انوتوش سرکار گن پوزیشن آفیسر ہوں گے۔
نیشنل فلیگ گارڈ ، جس میں ایک افسر اور فوج، بحریہ اور فضائیہ کے 32 دیگر رینک اور دلّی پولیس کے 128 اہلکار شامل ہیں، وزیر اعظم کے ذریعہ قومی پرچم کو لہرانے کے وقت راشٹریہ سلامی پیش کریں گے۔ اس انٹر سروسز گارڈ اور پولیس گارڈ کی کمان کموڈور وِنے دوبے کریں گے۔
نیشنل فلیگ گارڈ میں فوج کے دستے کی کمان میجر دنیش نگنگوم کریں گے، بحریہ کے دستے کی قیادت لیفٹیننٹ کمانڈر سچن دھنکھر کریں گے اور فضائیہ کے دستے کی کمانڈ اسکواڈرن لیڈر سی ایس شراون دیویا کریں گے۔ دلّی پولیس کے دستے کی کمان ایڈیشنل ڈی سی پی اچِن گرگ کریں گے۔
ترنگا لہرائے جانے کے بعد ترنگے کو ’راشٹریہ سلامی‘ دی جائے گی۔ پنجاب رجمنٹ کا ملٹری بینڈ، جس میں ایک جے سی او اور 25 دیگر رینک شامل ہیں، قومی پرچم لہرانے اور’راشٹریہ سلامی ‘ پیش کرنے کے دوران قومی ترانہ بجاے گا۔ بینڈ کی نظامت صوبیدار میجر راجندر سنگھ کریں گے۔
جیسے ہی وزیر اعظم کے ذریعہ قومی پرچم لہرایا جائے گا، لائن ایسٹرن فارمیشن میں ہندوستانی فضائیہ کے دو ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹروں دھرو کے ذریعہ جائے تقریب پر پھول نچھاور کئے جائیں گے۔ ہیلی کاپٹروں کے کپتان ونگ کمانڈر امبر اگروال اور ونگ کمانڈر راہول نینوال ہوں گے۔
پھول نچھاور کرنے کے بعد ، وزیراعظم قوم سے خطاب کریں گے۔ اُن کی تقریر کے اختتام پر نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے کیڈٹس قومی ترانہ گائیں گے۔ ملک بھر کے مختلف اسکولوں سے کل 2000 لڑکے اور لڑکیاں کیڈٹس (آرمی، نیوی اور ایئر فورس) تقریبات میں شرکت کریں گے۔ ان کیڈٹس کو فصیل کے سامنے گیان پتھ پر بٹھایا جائے گا۔ وہ ترنگا کٹس کے ساتھ ’ مائی بھارت ‘ لوگو بنائیں گے۔ مجموعی طور پر 500 نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس ) رضاکار بھی اس تقریب میں حصہ لیں گے۔
........................
) ش ح – ا ع - ع ا )
U.No. 9810
(Release ID: 2045223)
Visitor Counter : 69
Read this release in:
Odia
,
Bengali
,
Malayalam
,
Tamil
,
Assamese
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Hindi_MP
,
Manipuri
,
Telugu
,
Kannada