صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ ہند نیوزی لینڈ میں؛ نیوزی لینڈ کی گورنر جنرل، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم سے ملاقات کی


نیوزی لینڈ کی بین الاقوامی تعلیمی کانفرنس سے خطاب کیا

Posted On: 08 AUG 2024 7:21PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو  ، فجی، نیوزی لینڈ اور تیمور لیستے کے اپنے سرکاری دورے کے دوسرے مرحلے کے تحت آج صبح (8 اگست 2024 کو)نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن پہنچیں۔

نیوزی لینڈ کی گورنر جنرل ڈیم سنڈی کیرو نے گورنمنٹ ہاؤس میں صدر مرمو کا استقبال کیا۔ ان کا استقبال روایتی ماوری "پوہری" تقریب کے ساتھ کیا گیا اور انہیں رائل گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران، دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گرمجوشانہ اور دوستانہ تعلقات کی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خصوصاً تجارت اور کاروبار کے ذریعے باہمی طور پر فائدہ مند تعاون اور شراکت داری قائم کرتے ہوئے ہندوستان-نیوزی لینڈ اقتصادی تعلقات کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

اگلے پروگرام کے تحت ، صدر جمہوریہ نے نیوزی لینڈ انٹرنیشنل ایجوکیشن کانفرنس سے خطاب کیا، جہاں ہندوستان اس سال 'معزز ملک'  کے طور پر شامل  ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے علم کے حصول کی بھرپور ہندوستانی روایت اور تعلیم کے میدان میں عصری ترقی کے بارے میں تفصیل سے بتایا، جس میں قومی تعلیمی پالیسی بھی شامل ہے جس کا مقصد کثیر الشعبہ تدریس، تنقیدی فکر اور عالمی مسابقت کو فروغ دے کر ہندوستانی تعلیمی منظر نامے کو تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ اپنی اعلیٰ معیاری تعلیم کے لیے مشہور ہے جس میں تحقیق اور اختراع، شمولیت اور عمدگی پر توجہ دی جاتی ہے۔ بہت سے ہندوستانی طلباء نیوزی لینڈ کے مختلف اداروں میں معیاری تعلیم تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے ہمارے اداروں کے درمیان، خصوصاً مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ، پیشہ ورانہ اور ہنر پر مبنی تربیت، آب و ہوا اور ماحولیات کے مطالعہ، ثقافتی تبادلے کے پروگرام، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں مزید تعلیمی تبادلوں اور تعاون کی حوصلہ افزائی کی۔

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن نے بھی صدر جمہوریہ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ثقافتی تعلقات کو عمیق بنانے سے لے کر علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے عزم تک مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے بھی صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات میں پیش رفت کا اعتراف کیا اور تعاون بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا۔

صدر نے ویلنگٹن ریلوے اسٹیشن پر مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کیے اور ویلنگٹن میں پوکیہو قومی جنگی میموریل پر شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ دونوں مواقع پر گورنر جنرل ڈیم سنڈی کیرو صدر جمہوریہ کے ساتھ شامل ہوئیں۔

ویلنگٹن میں آخری سرکاری مصروفیات میں، صدر دروپدی مرمو نے گورنر جنرل کیرو کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی ضیافت میں شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے تبصرے میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے گزشتہ برسوں میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی میں جڑی مشترکہ اقدار پر مبنی گرمجوشی اور دوستانہ تعلقات استوار کیے ہیں۔ ہم دونوں تنوع اور جامعیت کی قدر کرتے ہیں، جو ہمارے معاشروں کے کثیر الثقافتی تانے بانے میں واضح ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ اب جبکہ ہم مستقبل کی جانب دیکھ رہے ہیں، ایسے میں نیوزی لینڈ کے ساتھ تعلقات کو عمیق بنانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے بے پناہ امکانات ہیں۔ مصنوعی ذہانت، گرین ٹیکنالوجیز، زرعی ٹیکنالوجی، تجارتی خلائی ریسرچ کے شعبے تعاون کے لیے دلچسپ مواقع پیش کرتے ہیں۔

صدر جمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ عالمی سطح پر، ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی، اور بین الاقوامی امن و سلامتی جیسی اہم چنوتیوں سے نمٹنے کے لیے مسلسل مل کر کام کیا ہے۔

ریاستی دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان غیر معمولی گرمجوشی اور دوستانہ بات چیت نے ان کے درمیان ایک خاص تعلق اور وابستگی کو ظاہر کیا۔ گورنر جنرل ڈیم سنڈی کیرو اس عہدے پر فائز ہونے والی ماوری نژاد پہلی خاتون ہیں، جب کہ صدر مرمو قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی ہندوستان کی پہلی خاتون صدر ہیں۔ دونوں رہنما تعلیم کے شعبے میں مشترکہ دلچسپی اور تجربہ بھی رکھتے ہیں۔

ویلنگٹن میں سرکاری مصروفیات کی کامیاب تکمیل کے بعد صدر مملکت آکلینڈ روانہ ہو گئیں جہاں وہ کل ہندوستانی برادری سے خطاب کریں گی۔

صدر جمہوریہ ہند کی تقریر ملاحظہ کرنے کے لیے براہِ کرم یہاں کلک کریں

صدر جمہوریہ ہند کی تقریر ملاحظہ کرنے کے لیے براہِ کرم یہاں کلک کریں

**********

 

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:9593


(Release ID: 2043338) Visitor Counter : 64