وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم نے کارگل وجے دیوس پر خراج عقیدت پیش کیا اور لداخ میں شردھانجلی سماروہ میں شرکت کی


اسٹریٹجک شنکن لا ٹنل پروجیکٹ کے تعمیری کام کا آغاز کیا

’’کارگل وجے دیوس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قوم کے لیے دی گئی قربانیاں لازوال ہیں‘‘

’’کارگل میں ہم نے نہ صرف جنگ جیتی بلکہ ہم نے سچائی، تحمل اور طاقت کی ناقابل یقین مثال پیش کی‘‘

’’ آج جموں و کشمیر ایک نئے مستقبل کی بات کر رہا ہے، بڑے خوابوں کی بات کر رہا ہے‘‘

’’شنکن لا ٹنل لداخ کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے گی‘‘

’’پچھلے 5 برسوں میں لداخ کا بجٹ 1100 کروڑ سے بڑھ کر 6000 کروڑ ہو گیا ہے‘‘

’’اگنی پتھ اسکیم کا مقصد افواج کو جوان اور مسلسل جنگ کے لیے تیار رکھنا ہے‘‘

’’سچ یہ ہے کہ اگنی پتھ اسکیم سے ملک کی طاقت بڑھے گی اور ملک کو قابل نوجوان بھی ملیں گے ‘‘

’’ کارگل کی جیت کسی حکومت یا کسی پارٹی کی جیت نہیں تھی،یہ جیت ملک کی ہے‘‘

Posted On: 26 JUL 2024 11:33AM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج لداخ میں 25 ویں کارگل وجے دیوس کے موقع پر ان بہادروں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں سب سے زیادہ قربانی دی۔ انہوں نے شردھانجلی سماروہ میں بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم نے گورو گاتھا: این سی اوز کے ذریعہ کارگل جنگ پر بریفنگ سنی اور امر سنسمرن: ہٹ آف ریمیمبرنس کا دورہ کیا۔ انہوں نے ویر بھومی کا بھی دورہ کیا۔

وزیر اعظم نے آج لداخ   میں ورچوئل طریقے سے شنکن لا ٹنل پروجیکٹ کے پہلے تعمیری کام کا بھی مشاہدہ کیا۔ شنکن لا ٹنل پروجیکٹ 4.1 کلومیٹر لمبی ٹوئن ٹیوب سرنگ پر مشتمل ہے جو لیہہ کو ہر موسم میں رابطہ فراہم کرنے کے لیے نیمو - پدم - درچہ روڈ پر تقریباً 15,800 فٹ پر تعمیر کی جائے گی۔

شردھانجلی سماروہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ لداخ کی شاندار سرزمین کارگل وجے دیوس کے  25 سال مکمل ہونے کی گواہ ہے۔ وزیراعظم  مودی نے  کہا کہ "کارگل وجے دیوس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قوم کے لیے دی گئی قربانیاں لازوال ہیں"، اگرچہ مہینے، سال، دہائیاں اور صدیاں گزر جائیں ، وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے دی گئی قربانیوں کو فراموش نہیں جا سکتا۔ وزیراعظم مودی نے مزید کہا کہ  "قوم ہمیشہ سے ہماری مسلح افواج کے طاقتور سپر ہیروز کے ہمیشہ کے لیے مقروض اور انتہائی ممنون ہے۔"

 

کارگل جنگ کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ وہ  خوش قسمت تھے کہ انہیں اس وقت کے فوجیوں کے درمیان رہنے کا موقع ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اب بھی یاد ہے کہ ہمارے فوجیوں نے اتنی بلندی پر کس طرح مشکل آپریشن کیا۔ جناب مودی نے کہا، ’’میں ملک کے بہادر بیٹوں کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لیے عظیم قربانی دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ "کارگل میں، ہم نے نہ صرف جنگ جیتی، ہم نے سچائی، تحمل اور طاقت' کی ایک ناقابل یقین مثال پیش کی"۔ وزیر اعظم نے اس وقت پاکستان کے فریب پر روشنی ڈالی جب ہندوستان امن برقرار رکھنے کی تمام کوششیں کر رہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "جھوٹ اور دہشت کو سچائی نے گھٹنوں پرلادیا "۔

دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں ہمیشہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جناب مودی نے مزید کہا کہ  ’’پاکستان نے اپنے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا ہے اور اپنی اہمیت کو ظاہر کرنے کے لیے دہشت گردی اوردرپردہ جنگوں کی آڑ میں جنگ جاری رکھے ہوئے ہے،‘‘ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ’’ ہمارے بہادر جوان  دہشت گردی کی تمام کوششوں کو پامال کر دیں گے‘‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ "ہندوستان ترقی کی راہ میں آنے والے تمام چیلنجوں پر قابو پائے گا، چاہے وہ لداخ ہو یا جموں و کشمیر"۔انہوں نے یاد دلایا کہ اب سے چند دنوں میں 5 اگست کو دفعہ 370 کی منسوخی کو 5 سال مکمل ہوں گے اور آج کا جموں و کشمیر خوابوں سے بھرے ایک نئے مستقبل کی بات کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے ترقی کی مثالیں پیش کیں اورمرکز زیر انتظام اس علاقے میں جی20 میٹنگوں کے انعقاد، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سیاحت پر حکومت کی توجہ، سنیما ہال کھولنے، اور ساڑھے تین دہائیوں کے بعد شروع کیے جانے والے تعزیہ جلوس کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ "زمین پر  موجود یہ بہشت تیزی سے امن اور خوشحالی کی سمت گامزن ہے۔"

لداخ میں ہونے والی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ’’ شنکن لا ٹنل کے ذریعے، مرکز کے زیر انتظام علاقہ پورے ملک سے سال بھر، ہر موسم میں جڑا رہے گا۔‘‘’’یہ سرنگ لداخ کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے گی۔" لداخ کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ سرنگ ان کی زندگیوں کو مزید آسان بنائے گی کیونکہ خطے کے شدید موسم کی وجہ سے انہیں درپیش بے شمار مشکلات میں کمی آئے گی۔

وزیر اعظم نے لداخ کے لوگوں کے تئیں حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالی اور کووڈ-19 وبا کے دوران ایران سے کارگل کے علاقے سے شہریوں کے محفوظ انخلاء کے لیے ذاتی طور پر کوششیں کرنے کا ذکر کیا۔ انہوں نے جیسلمیر میں قائم کیے جانے والے قرنطینہ زون کو یاد کیا جہاں لداخ بھیجے جانے سے پہلے ان کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ لداخ کے لوگوں کے لیے زندگی میں آسانی کو فروغ دینے اور مزید خدمات فراہم کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے پچھلے 5 سالوں میں بجٹ میں 6000 کروڑ روپے تک تقریباً چھ گنا اضافے کا ذکر کیا، جوپہلے 1100 کروڑ روپے تھا۔ وزیراعظم  مودی نے پہلی بار جامع منصوبہ بندی کے اطلاق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ’’سڑکیں ہوں، بجلی ہو، پانی ہو، تعلیم ہو، بجلی کی فراہمی ہو، روزگار ہو، لداخ  میں ہرطرف یکسر تبدیلی نظر آرہی ہے‘‘۔   انہوں نے جل جیون مشن کے تحت لداخ کے گھروں میں پینے کے پانی کی 90 فیصد سے زیادہ کوریج، لداخ کے نوجوانوں کے لیے معیاری اعلیٰ تعلیم کے لیے  قائم ہونے والی سندھو سینٹرل یونیورسٹی، پورے لداخ خطے میں 4جی نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے کام، اور  NH 1 پر ہرموسم میں رابطے کے لیے 13 کلومیٹر لمبی زوجیلا سرنگ پر کام جاری رہنے کی مثالیں دیں۔

سرحدی علاقوں کے لیے سرحدی علاقوں کے لیے حوصلہ مندانہ اہداف کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے بتایا کہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) نے 330 سے ​​زیادہ پروجیکٹ مکمل کیے ہیں جن میں سیلہ ٹنل بھی شامل ہے، جو کہ نئے ہندوستان کی صلاحیتوں اور سمت کو ظاہر کرتے ہیں۔

فوجی ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات میں ہماری دفاعی فورس کو جدید ترین ہتھیاروں اور آلات کے ساتھ ساتھ کام کرنے کے جدید انداز اور انتظامات کی بھی ضرورت ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ دفاعی شعبے کو ماضی میں بھی اپ گریڈ کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی تھی، لیکن بدقسمتی سے اس مسئلے کو زیادہ اہمیت نہیں دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’تاہم، گزشتہ 10 برسوں  میں، دفاعی اصلاحات کو ترجیح دی گئی ہے، جس سے ہماری افواج کو مزید قابل اور خود کفیل  بنایا گیا ہے‘‘۔جناب مودی نے مزید کہا کہ آج دفاعی خریداری میں ایک بڑا حصہ ہندوستانی دفاعی صنعت کو دیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی اور تحقیقی ترقیاتی بجٹ میں نجی شعبے کے لیے 25 فیصد مختص کیا گیا ہے۔ "ان کوششوں کے نتیجے میں، ہندوستان کی دفاعی پیداوار 1.5 لاکھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔" وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج ہندوستان ہتھیاروں کے برآمد کنندہ کے طور پر بھی اپنی شناخت بنا رہا ہے، اس ملک کے بارے میں اس کی ماضی کی تصویر کے برعکس جو اسلحے کی درآمد کرنے والے ملک میں شمار ہوتی تھی ۔ جناب مودی نے خوشی کا اظہار کیا کہ ہماری فورس نے اب 5000 سے زیادہ ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کی درآمد کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دفاعی شعبے میں اصلاحات کے لیے دفاعی افواج کی تعریف کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اگنی پتھ اسکیم کو اہم اصلاحات میں سے ایک قراردیا ۔ ہندوستانی فورسز کی اوسط عمر کے عالمی اوسط سے زیادہ ہونے پر طویل عرصے سے ظاہر کی جارہی تشویش کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں اس اہم تشویش سے نمٹنے کے لیے کوئی قوت ارادی نہیں تھی جسے اب اگنی پتھ اسکیم کے ذریعے دور کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اس حساس موضوع پر کھلم کھلا سیاست کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "اگنی پتھ کا مقصد افواج کو جوان اور مسلسل جنگ کے لیے تیار رکھنا ہے"، فضائیہ کے بیڑے کو جدید بنانے کے لیے ماضی کے گھپلوں اور ماضی کی عدم دلچسپی پر تنقید کی۔ “انہوں نے کہا کہ ’’سچ یہ ہے کہ اگنی پتھ اسکیم سے ملک کی طاقت بڑھے گی اور ملک کو قابل نوجوان بھی ملیں گے۔ نجی شعبے اور نیم فوجی دستوں میں بھی اگنی ویروں کو ترجیح دینے کے اعلانات کیے گئے ہیں۔‘‘

 

وزیراعظم نے اگنی پتھ اسکیم کے پیچھے پنشن کے بوجھ کو بچانے کے ارادے سے متعلق پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے، یاد دلایا کہ آج بھرتی ہونے والے فوجیوں کی پنشن کا بوجھ 30 سال بعد آئے گا، اس لیے اس اسکیم کے پیچھے کوئی وجہ نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مسلح افواج کے اس فیصلے کا احترام کیا ہے کیونکہ ہمارے لیے ملکی سلامتی سیاست سے زیادہ اہم ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا  کہ آج قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے والوں کو ماضی میں مسلح افواج کی کوئی فکر نہیں تھی۔ ون رینک ون پنشن پر ماضی کی حکومتوں کے جھوٹے وعدوں کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ موجودہ حکومت تھی جس نے اس اسکیم کو نافذ کیا جہاں سابق فوجیوں کو 1.25 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم دی گئی تھی۔ انہوں نے ماضی کی حکومتوں کی نظر اندازی کی مزید نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے آزادی کی 7 دہائیوں کے بعد بھی شہداء کی یادگار نہیں بنائی، سرحد پر تعینات ہمارے فوجیوں کو مناسب بلٹ پروف جیکٹس فراہم نہیں کیں  اور کارگل وجے دیوس کو نظر انداز کرنا جاری رکھا۔

اپنی بات ختم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا،’’کارگل کی فتح کسی حکومت یا کسی پارٹی کی فتح نہیں تھی۔ یہ فتح ملک کی ہے، یہ فتح ملک کی میراث ہے۔ یہ ملک کے فخر اور عزت نفس کا تہوار ہے۔‘‘ انہوں نے پورے ملک کی جانب سے بہادر فوجیوں کو سلام پیش کیا اور کارگل فتح کے 25 سال مکمل ہونے پر تمام ہم وطنوں کو اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر، بریگیڈیئر (ڈاکٹر) بی ڈی شرما، مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف، جنرل انیل چوہان اور تینوں مسلح افواج کے چیف آف آرمی اسٹاف اس موقع پر موجود تھے۔

پس منظر

شنکن لا ٹنل پروجیکٹ 4.1 کلومیٹر لمبی ٹوئن ٹیوب سرنگ پر مشتمل ہے جو لیہہ کو ہر موسم میں رابطہ فراہم کرنے کے لیے نیمو - پدم - درچہ روڈ پر تقریباً 15,800 فٹ کی بلندی پر تعمیر کی جائے گی۔ مکمل ہونے کے بعد یہ دنیا کی بلند ترین سرنگ ہوگی۔ شنکن لا سرنگ نہ صرف ہماری مسلح افواج اور ساز وسامان  کی تیز رفتار اور موثر نقل و حمل کو یقینی بنائے گی بلکہ لداخ میں اقتصادی اور سماجی ترقی کو بھی فروغ دے گی۔

 

 

 

************

 

 

ش ح۔ف ا۔ ج ا

 (U: 8777)

 

                          


(Release ID: 2037350) Visitor Counter : 63