امور داخلہ کی وزارت

وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے "منشیات کی لعنت  اور غیر قانونی تجارت کے خلاف بین الاقوامی دن" کے موقع   پر قوم کو مبارکباد دی ہے


مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہماری حکومت ہندوستان کو منشیات سے پاک ملک بنانے کے اپنے عزم پر عہد بستہ ہے اور مکمل حکمرانی کے نقطہ نظر کے ساتھ اس مقصد کو حاصل کرنے کی طرف پیش رفت کررہی ہے

مودی حکومت نے منشیات کے خلاف جنگ میں 'نیچے سے اوپر اور اوپر سے نیچے تک' کے موقف کے ساتھ بہتر تال میل قائم کیا ہے

مرکزی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ منشیات کو بالکل بھی برداشت نہ کرنے سے متعلق 'زیرو ٹالرنس' کی پالیسی کے تحت ہماری حکومت منشیات کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے

میں اہل وطن سے درخواست کرتا ہوں کہ  وہ حکومت کی منشیات کے خلاف اس جنگ میں اپنا اہم کردار ادا کریں

آئیے ہم سب مل کر منشیات کے مکمل خاتمے اور ایک صحت مند، خوشحال اور محفوظ معاشرے کی تعمیر کا عہد کریں

Posted On: 26 JUN 2024 6:16PM by PIB Delhi

وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی  وزیر جناب امت شاہ نے ’منشیات کی لعنت  اور غیر قانونی تجارت کے خلاف بین الاقوامی دن کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی۔ ایکس پلیٹ فارم پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں، انہوں نے کہا کہ "منشیات کی لعنت  اور غیر قانونی تجارت کے خلاف بین الاقوامی دن کے موقع پر مبارکباد’’۔  وزیر اعظم نریندر مودی جی کی قیادت میں، ہماری حکومت ہندوستان کو منشیات سے پاک ملک بنانے کے اپنے عزم پر عہد بستہ ہے اور مکمل حکمرانی کے نقطہ نظر کے ساتھ اس مقصد کو حاصل کرنے کی طرف پیش قدمی کر رہی ہے۔ آئیے ہم سب مل کر قوم کو منشیات کی لعنت سے نجات دلانے کے اپنے عزم کو مضبوط کریں اور اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتر دنیا کا تحفہ دیں۔

وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے کہا ہے کہ جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان ’منشیات سے پاک ہندوستان‘ کے لیے کوشاں ہے۔

آج 'منشیات کی لعنت  اور غیر قانونی تجارت کے خلاف عالمی دن' کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں، جناب امت شاہ نے ہماری ایجنسیوں کے اُن افسروں اور اہلکاروں کو مبارکباد دی، جو وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کے 'منشیات سے پاک ہندوستان' کے عزم کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کامیابی سے آل انڈیا 'منشیات سے پاک  پکھواڑہ ' کا انعقاد کیا۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ منشیات نہ صرف فرد بلکہ معاشرے اور قومی سلامتی کے لیے بھی ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی قیادت میں ’منشیات سے پاک ہندوستان‘ کی تعمیر ہماری حکومت کی اہم اور بڑی ترجیحات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے منشیات کے خلاف جنگ میں 'نیچے سے اوپر اور اوپر سے نیچے تک' کے موقف کے ساتھ بہتر تال میل اختیار کیا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ منشیات کے خلاف 'زیرو ٹالرنس' یعنی منشیات کو بالکل بھی برداشت نہ کرنے کی پالیسی کے تحت کام کرتے ہوئے ہماری حکومت منشیات کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ وزارت داخلہ کی کوششوں، این سی او آر ڈی کے قیام اور ریاستوں کے پولیس محکموں میں انسداد منشیات ٹاسک فورس کی تشکیل سے اس لڑائی نے مزید رفتار پکڑی ہے اور اس کے کامیاب نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

جناب امت شاہ نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد، منشیات کے کنٹرول پر حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے تمام مثبت اقدامات کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر  عوام کی شراکت کو یقینی بنا کر مکمل طور پر کامیابی حاصل کرنا ہے۔ میں اہل وطن سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ منشیات کے خلاف حکومت کی جنگ میں اہم کردار ادا کریں۔ آئیے ہم سب مل کر منشیات کو مکمل طور پر ختم کرنے اور ایک صحت مند، خوشحال  اور محفوظ معاشرے کی تعمیر کا عہد کریں۔

منشیات کے غیر قانونی کاروبار پر لگام لگانے کے لیے مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے کی جانے والی کثیر الجہتی کوششوں کی وجہ سے ضبط شدہ منشیات کی مقدار میں تقریباً 100 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف درج مقدمات میں 152 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2006 سے 2013 کی مدت کے  دوران 1257 مقدمات درج ہوئے،  جو 2014 سے 2023 کی مدت کے  دوران 3 گنا بڑھ کر 3755 تک پہنچ  گئے۔ گرفتاریوں میں 2006 سے 2013 کی مدت کے دوران 1363  گرفتاریاں کی گئیں، جبکہ 2014  سے 2023 کی مدت کے دوران  گرفتاریوں کی تعداد 4 گنا  بڑھ کر  5745 تک پہنچ گئی ۔  وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ضبط شدہ منشیات کی مقدار، جو  2006 سے 2013  کے دوران 1.52 لاکھ کلوگرام  تھی ، وہ دوگنا بڑھ کر 3.95 لاکھ کلوگرام تک پہنچ گئی۔ ضبط شدہ منشیات کی قیمت مودی حکومت کے دوران 30 گنا بڑھ کر 22,000 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جب کہ  2006 سے 2013 کی مدت کے دوران  768 کروڑ روپےکی منشیات  ضبط کی گئی تھی۔

انسداد منشیات ایجنسیوں نے مودی حکومت کے دوران 12000 کروڑ روپے مالیت کی 12 لاکھ کلو گرام منشیات کو بھی تباہ کیا۔ جون 2023 تک، این سی بی نے ایسے 23 معاملات کے سلسلے  میں مالی تحقیقات  شروع کیں، جن میں 74,75,00,531 روپے مالیت کی جائیداد کو منجمد کیا گیا تھا۔

************

U.No:7849

ش ح۔ع م ۔ق ر



(Release ID: 2028868) Visitor Counter : 22