وزارت دفاع

جناب راج ناتھ سنگھ نے لگاتار دوسری مدت  کے لیے  وزیر دفاع کے طور پر   چارج سنبھالا


’’ایک زیادہ محفوظ، خود کفیل  اور خوشحال ملک کے قیام کے لیے نئے سرے سے زور دیا جائے گا‘‘

’’ سال 2028-2029 تک 50000 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے دفاعی ساز و سامان کی برآمد کا ہدف ہے‘‘

وزیر دفاع   نے سابق فوجیوں کی بہبود پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پہلے 100 دنوں کے لائحہ عمل  پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی  ؛   افسران کو سخت محنت اور منصوبہ کو پورا کرنے کی ہدایت  کی

Posted On: 13 JUN 2024 2:39PM by PIB Delhi

جناب راج ناتھ سنگھ نے 13 جون 2024 کو لگاتار دوسری مدت کے لیے وزیر دفاع کے عہدے کا چارج سنبھالا ۔  ساؤتھ بلاک، نئی دہلی میں ان کا استقبال دفاع کے وزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ نے کیا، جن کے ساتھ  دفاعی عملے کے سربراہ  جنرل انیل چوہان بھی تھے ۔   اس موقعے پر فوجی سربراہ جنرل منوج پانڈے؛ فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل وی آر چودھری؛  بحری عملے کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی؛ دفاعی سکریٹری  جناب  گریدھر ارامانے؛ سکریٹری (سابق فوجیوں کی بہبود) ڈاکٹر نتن چندرا؛ سکریٹری، محکمہ دفاع  برائے تحقیق و ترقی اور چیئرمین ڈی آر ڈی او ڈاکٹر سمیر وی کامت اور وزارت دفاع (ایم او ڈی) کے  علاوہ دیگر عہدیدار ان بھی موجود تھے۔

 اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے،  وزیر دفاع نے اگلے پانچ سالوں کے لیے اپنے وژن کا خاکہ پیش کیا اور کہا کہ ایک زیادہ محفوظ، خود کفیل  اور خوشحال قوم کے قیام کے لیے ،  نئے زور کے ساتھ ترجیحی شعبوں کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔   انہوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں، ہمارا مقصد دفاعی مینوفیکچرنگ میں خود انحصاری حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، ملک کے سیکورٹی اپریٹس کو مزید مستحکم کرنا ہوگا ۔  مسلح افواج کی جدید کاری اور فوجیوں کی فلاح و بہبود، جو حاضر سروس اور ریٹائرڈ ہیں، ہماری توجہ کا مرکز بنے رہیں گے ‘‘ ۔

 جناب راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ اس کا مقصد آنے والے وقت میں دفاعی برآمدات کو بڑھانا ہوگا ۔  ’’مالی سال 24-2023  میں دفاعی برآمدات 21083 کروڑ روپے کے ریکارڈ کو چھو گئیں  ہیں۔  یہ تاریخی  ہے ۔  ہمارا ہدف 2029-2028 تک 50000 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کا دفاعی سازوسامان برآمد کرنا ہے ۔ ‘‘

 وزیر دفاع  نے زور دے کر کہا کہ مسلح افواج کو جدید ترین ہتھیاروں /  پلیٹ فارم سے لیس کیا جا رہا ہے اور وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں ۔  انہوں نے بہادری اور عزم کے ساتھ قوم کے اتحاد، سالمیت اور خودمختاری کا تحفظ کرنے پر فوجی جوانوں کی ستائش کی  ۔

 چارج سنبھالنے کے فوراً بعد، جناب راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں نئی ​​حکومت کے تحت ایم او ڈی کے پہلے 100 دنوں کے  لائحہ عمل پر ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔  میٹنگ میں سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کی گئی، جس میں سابق فوجیوں کی بہبود کے محکمے سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔  انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ 100 دن کے ایکشن پلان میں طے شدہ ایجنڈے کی تکمیل کے لیے خود کو دوبارہ وقف کریں ۔

دفاعی تیاریوں کو بڑھانے اور دفاع میں آتم نر بھر بھارت پر مسلسل زور دینے کے مقصد سے، وزیر دفاع  نے کہا کہ وہ فلیگ شپ اسکیموں اور وزارت دفاع  کے اقدامات کی پیشرفت کو تیز کرنے کے لیے باقاعدگی سے جائزہ اجلاس منعقد کریں گے ۔  دفاعی حساب کتاب میں بحر ہند کے خطے کی بڑھتی ہوئی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے، وزیر دفاع  نے اس دور میں اپنے پہلے دورے کا فیصلہ مشرقی بحریہ کمان، وشاکھاپٹنم کا کیا ہے، جہاں وہ افسروں اور ملاحوں کے ساتھ بات چیت کریں گے ۔

 اتر پردیش  کے  لکھنؤ سے مسلسل تیسری بار لوک سبھا کے لیے منتخب ہونے کے بعد، جناب راج ناتھ سنگھ نے 09 جون 2024 کو مرکزی کابینہ کے وزیر کے طور پر حلف لیا تھا ۔ 2024- 2019کے کامیاب دور کے بعد   انہیں مسلسل دوسری بار وزارت دفاع کا قلمدان دیا گیا تھا ۔     ان کی قیادت میں، وزارت ،  2047 تک ملک کو ’وکست بھارت‘  بنانے کے وزیر اعظم کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے مقصد کے ساتھ نئے جوش کے ساتھ آگے بڑھے گی ۔  دفاع میں خود انحصاری حاصل کرنے، مسلح افواج کو مزید جدید بنانے، جدید ٹیکنالوجی میں جدت، سرحد کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے  اور سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے  اور  دیگر  امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔

************

 

(ش ح    ۔   اع  ۔    ت ح )

U No. 7400



(Release ID: 2025022) Visitor Counter : 33