وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم اور وزراء کی کونسل کی تقریب حلف برداری میں ہندوستان کے پڑوس اور بحر ہند کے علاقے کے رہنماؤں کی شرکت

Posted On: 09 JUN 2024 11:50PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور وزراء کی کونسل کی حلف برداری کی تقریب 09 جون 2024 کو راشٹرپتی بھون میں منعقد ہوئی۔ ہندوستان کے پڑوس اور بحر ہند کے علاقے کے رہنماؤں نے اعزازی مہمانوں کے طور پر تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں شرکت کرنے والے رہنمائوں میں سری لنکا کے صدر عزت مآب  جناب رانیل وکرما سنگھے؛ مالدیپ کے صدر، عزت مآب  ڈاکٹر محمد معزو؛ سیشلز کے نائب صدر، عزت مآب  جناب احمد عفیف؛ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم محترمہ   شیخ حسینہ؛ ماریشس کے وزیر اعظم عزت مآب  جناب پراوند کمار جگناوتھ اپنی شریک حیات کے ساتھ؛ نیپال کے وزیر اعظم عزت مآب  جناب پشپاکمل دہل 'پرچنڈ'؛ اور بھوٹان کے وزیر اعظم عزت مآب  جناب شیرنگ ٹوبگے مالدیپ، بنگلہ دیش، نیپال اور بھوٹان کے رہنما وزراء کے ہمراہ تھے۔

حلف برداری کی تقریب کے بعد، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون میں آنے والے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ان  قائدین نے انہیں  تاریخی مسلسل تیسری بار ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اپنی 'پڑوسی سب سے پہلے' پالیسی اور 'ساگر ویژن' کے تئیں ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اپنی تیسری میعاد میں، ہندوستان ان ممالک کے ساتھ قریبی شراکت داری میں خطے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرتا رہے گا، جب کہ وہ 2047 تک وکست بھارت  کے اپنے ہدف کو حاصل کر رہا ہے۔ اس تناظر میں، انہوں نے خطے میں عوام سے عوام کے گہرے تعلقات اور رابطے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان عالمی میدان میں گلوبل ساؤتھ کی آواز کو بلند کرتا رہے گا۔

ان قائدین نے صدر  جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو کی طرف سے راشٹرپتی بھون میں دی گئی ضیافت میں بھی شرکت کی۔  صدر جمہوریہ نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اور وزیر اعظم مودی کو قوم کی خدمت میں اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ ہندوستان کی جمہوری مشق نہ صرف اس کے لوگوں کے لئے فخر کا لمحہ ہے بلکہ دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے لئے ایک تحریک ہے۔

وزیر اعظم اور وزراء کی کونسل کی تقریب حلف برداری کے اہم موقع پر ہندوستان کے پڑوس اور بحر ہند کے خطہ سے تعلق رکھنے والے لیڈروں کی شرکت خطے کے ساتھ ہندوستان کی دوستی اور تعاون کے گہرے رشتوں کی نشاندہی کرتی ہے۔

*************

 

 

ش ح ۔ ا ک ۔ ر ب

U. No.7274

 



(Release ID: 2023813) Visitor Counter : 32